فواد خان پہلی مسلم ہولی وڈ سپر ہیرو سیریز ’مس مارول‘ میں کاسٹ؟

مارول اسٹوڈیو نے واضح طور پر اعلان نہیں کیا—فائل فوٹو: مارول اسٹوڈیو/ انسٹاگرام
مارول اسٹوڈیو نے واضح طور پر اعلان نہیں کیا—فائل فوٹو: مارول اسٹوڈیو/ انسٹاگرام

ہولی وڈ سائنس فکشن سپر ہیرو فلمیں بنانے والے ادارے ماورل اسٹوڈیو کی پہلی مسلم سپر ہیرو ویب سیریز ’مس مارول‘ رواں برس کے اختتام تک ریلیز کیے جانے کا امکان ہے۔

اگرچہ تاحال مذکورہ ویب سیریز کا ٹریلر جاری نہیں کیا گیا، تاہم مذکورہ ویب سیریز کے کرداروں اور کہانی سے متعلق ایک ٹریلر اسٹوڈیو نے جاری کیا تھا۔

’مس مارول‘ اب تک کی ہولی وڈ کی پہلی میگا بجٹ مسلم سپر ہیرو کی ویب سیریز ہے، جس میں مرکزی کردار 'کمالہ خان' نامی لڑکی کا دکھایا جائے گا، جسے پاکستانی نژاد امریکی لڑکی جواں سالہ ایمان ولانی ادا کریں گی۔

یہ بھی پڑھیں: پہلی مسلم خاتون سپر ہیرو سیریز کے لیے پاکستانی نژاد لڑکی کا انتخاب

مذکورہ سپر ہیرو سیریز کی ہدایات پاکستانی فلم ساز شرمین عبید چنائے، بھارتی نژاد امریکی مسلم فلم ساز میرا مینن اور بیلجیم نژاد امریکی مسلم فلم ساز عادل ال عربی اور بلال فلاح دیں گے۔

تمام ہدایت کار سیریز کی مختلف قسطوں کی ہدایات دیں گے اور ممکنہ طور پر سیریز کے پہلے سیزن میں 6 قسطیں شامل ہوں گی۔

مس مارول کا کردار پاکستانی نژاد امریکی ایمان ولانی ادا کرتی دکھائی دیں گی—فائل فوٹو: آئی ایم بی ڈی
مس مارول کا کردار پاکستانی نژاد امریکی ایمان ولانی ادا کرتی دکھائی دیں گی—فائل فوٹو: آئی ایم بی ڈی

اگرچہ مارول اسٹوڈیو پہلے ہی یہ واضح کر چکا ہے کہ ’مس مارول‘ میں پاکستانی اداکارہ نمرہ بچہ بھی ایکشن میں دکھائی دیں گی، تاہم اب خبریں ہیں کہ فواد خان بھی سیریز میں دکھائی دیں گے۔

مزید پڑھیں: پہلی مسلم سپر ہیرو سیریز 'مس مارول' میں نمرہ بچہ بھی کاسٹ

بی بی سی کے صحافی ہارون رشید نے اپنی ٹوئٹ میں بتایا کہ اگرچہ تاحال مارول اسٹوڈیو نے تصدیق نہیں کی، تاہم فلموں اور ڈراموں سے متعلق دنیا کی معروف ویب سائٹ ’آئی ایم بی ڈی‘ کے ’مس مارول‘ کے آفیشل پیج پر فواد خان کا نام شامل ہے۔

مارول اسٹوڈیو ماضی میں نمرہ بچہ کو کاسٹ کرنے کی تصدیق کر چکا ہے—فائل فوٹو: فیس بک/ انسٹاگرام
مارول اسٹوڈیو ماضی میں نمرہ بچہ کو کاسٹ کرنے کی تصدیق کر چکا ہے—فائل فوٹو: فیس بک/ انسٹاگرام

’آئی ایم بی ڈی‘ کی ویب سائٹ کے مطابق فواد خان ’مس مارول‘ کی پہلی قسط میں ’حسن‘ نامی کردار ادا کرتے دکھائی دیں گے، تاہم اس حوالے سے نہ تو فواد خان نے کوئی وضاحت کی ہے اور نہ مارول اسٹوڈیو نے اس متعلق کوئی اعلان کیا ہے۔

علاوہ ازیں صحافی ہارون رشید نے بتایا کہ ’مس مارول‘ میں نہ صرف فواد خان بلکہ بھارتی اداکار فرحان اختر اور سینیئر اداکارہ ثمینہ احمد بھی کاسٹ میں شامل ہیں۔

ہارون رشید نے نمرہ بچہ کے حوالے سے بھی بتایا اور ان سے متعلق مارول اسٹوڈیو پہلے ہی واضح کر چکا ہے کہ پاکستانی اداکارہ سیریز کا حصہ ہوں گی۔

مذکورہ ویب سیریز کی دیگر کاسٹ میں بھارتی نژاد مسلمان امریکی کامیڈین اظہر محمد عثمان، زنوبیا شروف، یامسین فلیچر، ساگر شیخ اور رش شاہ شامل ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں