پاکستانی نژاد ایمان ولانی ’کیپٹن مارول 2‘ میں کاسٹ

14 دسمبر 2020
اب کیپٹن اور مس مارول ایک ساتھ فلم میں دکھائی دیں گی—اسکرین شاٹ/ یوٹیوب
اب کیپٹن اور مس مارول ایک ساتھ فلم میں دکھائی دیں گی—اسکرین شاٹ/ یوٹیوب

تین دن قبل ہی ہولی وڈ سائنس فکشن سپر ہیرو فلمیں بنانے والے ادارے ماورل اسٹوڈیو نے تصدیق کی تھی کہ دنیا کی پہلی مسلم سپر وومن ویب سیریز 'مس مارول' میں پاکستانی اداکارہ نمرہ بچہ کو بھی کاسٹ کرلیا گیا۔

اور اب خبر سامنے آئی ہے کہ پہلی سپر وومن ویب سیریز 'مس مارول' میں مرکزی کردار ادا کرنے والی پاکستانی نژاد امریکی اداکارہ 16 سالہ ایمان ولانی کو آنے والی سائنس فکشن فلم 'کیپٹن مارول 2' میں کاسٹ کرلیا گیا۔

ملٹی نیشنل فیشن و شوبز میگزین ہارپر بازار نے اپنی رپورٹ میں مارول اسٹوڈیو اور 'کیپٹن مارول' فلم سیریز کی ٹیم کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ سیریز کی دوسری فلم میں پاکستانی نژاد اداکارہ بھی ایکشن میں دکھائی دیں گی۔

'کیپٹن مارول' کی پہلی فلم 2019 میں عالمی یوم خواتین پر ریلیز کی گئی تھی، جس نے ریکارڈ کمائی کی تھی، اس فلم میں کیپٹن مارول کا کردار اداکارہ بری لارسن نے ادا کیا تھا۔

کیپٹن مارول سیریز کی پہلی فلم 2019 میں ریلیز کی گئی تھی—اسکرین شاٹ
کیپٹن مارول سیریز کی پہلی فلم 2019 میں ریلیز کی گئی تھی—اسکرین شاٹ

'کیپٹن مارول' کا سپر ہیرو سائنس فکشن کردار مذکورہ فلم سے قبل متعدد فلموں، ویب سیریز اور کتابوں میں دکھایا جا چکا تھا، تاہم پہلی بار اس کردار پر بنائی گئی فلم کو گزشتہ برس ریلیز کیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: پہلی مسلم سپر ہیرو سیریز 'مس مارول' میں نمرہ بچہ بھی کاسٹ

اور اب اس کردار کی دوسری فلم کو 2022 تک ریلیز کیا جائے گا، جس میں کئی نئے کردار شامل کیے جائیں گے اور ان کرداروں میں پہلی مسلم سپر ہیرو وومن کا کردار 'مس مارول' بھی شامل ہوگا۔

'مس مارول' کے کردار کا نام کمالہ خان ہوتا ہے جو ایک پاکستانی نژاد امریکی خاتون ہوتی ہیں، جو خصوصی صلاحیتوں کی مالک ہوتی ہیں۔

اسی کردار پر مارول اسٹوڈیو نے 'مس مارول' کے نام سے ویب سیریز بنانے کا اعلان کر رکھا ہے، جسے 2021 کے وسط تک ریلیز کیا جائے گا، جس میں پاکستانی اداکارہ نمرہ بچہ بھی اہم کردار میں دکھائی دیں گی۔

مس مارول کا مرکزی کردار کمالہ خان کا ہوتا ہے جو پاکستانی نژاد امریکی لڑکی ہوتی ہیں اور اس کردار کو ایمان ولانی ادا کریں گی—فوٹو: مشابیل انڈیا
مس مارول کا مرکزی کردار کمالہ خان کا ہوتا ہے جو پاکستانی نژاد امریکی لڑکی ہوتی ہیں اور اس کردار کو ایمان ولانی ادا کریں گی—فوٹو: مشابیل انڈیا

'مس مارول' کا کردار ادا کرنے والی پاکستانی نژاد 16 سالہ ایمان ولانی اب ہولی وڈ فلم 'کیپٹن مارول' میں ایکشن میں دکھائی دیں گی، فلم میں وہ پاکستانی نژاد مسلم سپر ہیرو لڑکی کمالہ خان کا کردار ہی ادا کریں گی۔

مارول اسٹوڈیو کے مطابق 2019 کی مقبول فلم'کیپٹن مارول' کی سیکوئل فلم کو 2022 میں ریلیز کیا جائے گا اور اس میں کمالہ خان کے کردار سمیت دیگر کردار بھی شامل کیے جائیں گے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ 'کیپٹن مارول 2' کی ہدایت کاری پہلی بار ایک سیاہ فام خاتون دیں گی، یہ خبریں پہلے ہی تھیں کہ سپر ہیرو سائنس فکشن کی ہدایت کاری کوئی خاتون ہی دیں گی، تاہم اب اس کی تصدیق بھی کردی گئی اور بتایا گیا کہ پہلی بار فلم کی ہدایت کاری سیاہ فام خاتون دیں گی۔

مزید پڑھیں: وومن سپر ہیرو فلم کیپٹن مارول نے تاریخ رقم کردی

اب 'کیپٹن مارول 2' کی ہدایت کاری نیا ڈکوسٹا دیں گی، جو اس سے قبل متعدد فلم و ٹی وی منصوبوں کی ہدایت کاری دے چکی ہیں۔

'کیپٹن مارول' بنانے والے مارول اسٹوڈیو کو یہ اعزاز بھی حاصل ہے کہ اس نے 2018 میں پہلی سیاہ فام سپر ہیرو فلم 'بلیک پینتھر' بنائی تھی، جس کی نہ صرف زیادہ تر کاسٹ سیاہ فام تھی بلکہ اس کی ہدایت کاری بھی سیاہ فام ہدایت کار نے دی تھی اور اب 'کیپٹن مارول 2' کی ہدایت کاری بھی سیاہ فام ڈائریکٹر ہی دیں گے۔

اسی طرح مارول اسٹوڈیو کو پہلی سپر ہیرو وومن ویب سیریز 'مس مارول' بنانے کا اعزاز بھی حاصل ہے اور اسی مسلم کردار کو فلم میں متعارف کرانے کا اعزاز بھی اب اسی اسٹوڈیو کے نام گیا۔

خیال کیا جا رہا ہے کہ آگے چل کر 'مس مارول' کے کردار کی الگ فلم بنائی جائے گی اور ممکنہ طور پر ایمان ولانی ہی آنے والے چند سال تک اسی کردار کو ادا کرتی دکھائی دیں گی، تاہم اس حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔

کیپٹن مارول 2 کی ہدایات سیاہ فام ڈائریکٹر نیا ڈکوسٹا دیں گی—فائل فوٹو: اے ایف پی
کیپٹن مارول 2 کی ہدایات سیاہ فام ڈائریکٹر نیا ڈکوسٹا دیں گی—فائل فوٹو: اے ایف پی

تبصرے (0) بند ہیں