• KHI: Fajr 5:45am Sunrise 7:06am
  • LHR: Fajr 5:24am Sunrise 6:51am
  • ISB: Fajr 5:33am Sunrise 7:02am
  • KHI: Fajr 5:45am Sunrise 7:06am
  • LHR: Fajr 5:24am Sunrise 6:51am
  • ISB: Fajr 5:33am Sunrise 7:02am

'برین ٹیومر' کا شکار ہونے والے گلوکار فرہاد ہمایوں انتقال کر گئے

شائع June 8, 2021
گلوکار کے آفیشل فیس بک پیج پر ان کی موت کی تصدیق کی گئی—فائل فوٹو: ٹوئٹر
گلوکار کے آفیشل فیس بک پیج پر ان کی موت کی تصدیق کی گئی—فائل فوٹو: ٹوئٹر

نومبر 2018 میں برین ٹیومر کا شکار ہونے والے معروف گلوکار و موسیقار فرہاد ہمایوں 8 جون کی صبح انتقال کر گئے۔

فرہاد ہمایوں کے آفیشل فیس بک پیج پر ان کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا گیا کہ موسیقار دوسری دنیا کے لیے اس جہان سے رخصت ہوگئے۔

مختصر پوسٹ میں گلوکار و موسیقار کے مداحوں اور دوستوں سے ان کے لیے فاتحہ خوانی کی درخواست کی گئی اور بتایا گیا کہ فرہاد ہمایوں اپنی زندگی کا جشن منانے کی خواہش رکھتے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: فرہاد ہمایوں برین ٹیومرکا شکار

پوسٹ میں فرہاد ہمایوں کے انتقال کی وجہ نہیں بتائی گئی اور نہ ہی یہ واضح کیا گیا کہ ان کا انتقال کہاں ہوا اور ان کی تدفین کب اور کہاں ہوگی؟

فرہاد ہمایوں کے انتقال کی خبر سامنے آتے ہی متعدد شوبز شخصیات و موسیقی سے وابستہ افراد نے ان کی موت پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے انہیں زندگی اور محبت سے بھرپور شخص قرار دیا۔

کیریئر کے آغاز میں فرہاد ہمایوں کے ساتھ کام کرنے والی گلوکارہ میشا شفیع نے بھی ان کے انتقال پر دکھ کا اظہار کیا اور انہیں حیران کن گلوکار قرار دیا۔

اداکار عدنان صدیقی نے بھی ان کی موت پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے ان کی مغفرت کے لیے دعا کی اور زندگی کو فانی قرار دیا۔

گلوکار و موسیقار سلمان احمد نے بھی فرہاد ہمایوں کے انتقال پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے انہیں ٹیلنٹڈ قرار دیا۔

یوٹیوبر مورو سمیت دیگر شخصیات نے بھی ان کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے ان کی مغفرت کے لیے ٹوئٹس کیں۔

خیال رہے کہ نومبر 2018 میں فرہاد ہمایوں نے اپنی فیس بک پوسٹ میں بتایا تھا کہ ان میں برین ٹیومر کی تشخیص ہوئی ہے اور ان کا علاج جاری ہے۔

فریاد ہمایوں نے اس وقت بتایا تھا کہ ان کا آپریشن کرکے ٹیومر کو نکال دیا گیا ہے لیکن اس کے باوجود ان کا علاج جاری ہے۔

برین ٹیومر کا آپریشن ہوجانے کے بعد اگرچہ فرہاد ہمایوں فیس بک پر اپنی مصروفیات سے متعلق پوسٹس کرتے رہتے تھے، تاہم انہوں نے کبھی بھی صحت کے حوالے سے مداحوں کو کوئی خبر نہیں دی تھی۔

عام طور پر فرہاد ہمایوں اپنے گانے اور انٹرویوز سمیت دیگر شوبز مصروفیات سے متعلق پوسٹس کرتے دکھائی دیتے تھے۔

فرہاد ہمایوں نے 2003 میں ’اوور لوڈ‘ نامی میوزک گروپ تشکیل دیا تھا، جس کا شمار ملک کے مشہور میوزک بینڈز میں ہوتا ہے۔

ان کے ساتھ گلوکارہ میشا شفیع اور عاطف اسلم سمیت دیگر گلوکاروں اور موسیقاروں نے کام کیا تھا۔

فرہاد ہمایوں نے متعدد مشہور گانوں کی موسیقی ترتیب دی، شاندار موسیقی ترتیب دیے جانے پر انہوں نے ایوارڈز بھی جیت رکھے تھے۔

کارٹون

کارٹون : 9 دسمبر 2024
کارٹون : 8 دسمبر 2024