سوشل میڈیا پر ٹرولنگ کیریئر اور زندگی تباہ کر رہی ہے، زویا ناصر

اپ ڈیٹ 09 جون 2021
اداکارہ کے مطابق ٹرولنگ کرنے والوں کو سخت جواب دیا جانا چاہیے—فائل فوٹو: انسٹاگرام
اداکارہ کے مطابق ٹرولنگ کرنے والوں کو سخت جواب دیا جانا چاہیے—فائل فوٹو: انسٹاگرام

اداکارہ، ماڈل و یوٹیوبر زویا ناصر کا کہنا ہے کہ انٹرنیٹ استعمال کرنے والے کچھ جاہل اور بے وقوف لوگوں کی وجہ سے سوشل میڈیا پر ہر وقت ٹرولنگ کا نشانہ بننے والے لوگوں کی ذہنی صحت، کیریئر اور تعلقات تباہ ہو رہے ہیں۔

زویا ناصر نے انسٹاگرام اسٹوری پر کسی بھی واقعے یا ٹرول کرنے والے شخص کا نام لیے بغیر سوشل میڈیا پر لوگوں کو ٹرولنگ کا نشانہ بنائے جانے کے معاملے پر بات کی۔

زویا ناصر نے لکھا کہ انٹرنیٹ استعمال کرنے والے کچھ افراد خوام خواہ ہر وقت بعض لوگوں کو تنقید یا ٹرولنگ کا نشانہ بنا کر ان کے کیریئر، تعلقات اور ذہنی صحت کو تباہ کر رہے ہیں۔

اداکارہ نے لکھا کہ اگر ٹرولنگ کرنے والے افراد کو ہر بار ٹرول کیے جانے کے وقت منہ پر طمانچہ مارا جائے تو ہی انٹرنیٹ پر ٹرولنگ کے سسٹم کا خاتمہ ہو سکتا ہے۔

ٹرولنگ لوگوں کی ذہنی صحت پر اثر انداز ہو رہی ہے، اداکارہ—اسکرین شاٹ
ٹرولنگ لوگوں کی ذہنی صحت پر اثر انداز ہو رہی ہے، اداکارہ—اسکرین شاٹ

اداکارہ نے انٹرنیٹ پر لوگوں کو ٹرولنگ یا تنقید کا نشانہ بنانے والے افراد کو جاہل، بزدل اور نفرت پھیلانے والوں کے طور پر لکھا۔

زویا ناصر نے لکھا کہ انٹرنیٹ پر دوسرے لوگوں کو ٹرولنگ کا نشانہ بنانے والے کبھی بھی اپنے عزائم میں کامیاب نہیں ہوسکتے، وہ کچھ وقت کے فائدے کے لیے دوسروں کی توہین کرتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: زویا ناصر نے مسلمان ہونے والے جرمن یوٹیوبر سے منگنی ختم کردی

انہوں نے ٹرولنگ یا تنقید کرنے والے افراد کو زمین پر فساد پھیلانے والے افراد بھی قرار دیا۔

اگرچہ اداکارہ نے واضح طور پر نہیں لکھا کہ انہیں بھی حالیہ دنوں میں ٹرولنگ کا نشانہ بنایا جا رہا ہے یا نہیں لیکن زویا ناصر پر گزشتہ ماہ اس وقت تنقید شروع ہوگئی تھی جب انہوں نے اسلام قبول کرنے والے جرمن یوٹیوبر سے منگنی ختم کرنے کا اعلان کیا تھا۔

زویا ناصر نے 22 مئی کو منگنی ہونے کی تصدیق کی تھی—فائل فوٹو: انسٹاگرام
زویا ناصر نے 22 مئی کو منگنی ہونے کی تصدیق کی تھی—فائل فوٹو: انسٹاگرام

زویا ناصر نے گزشتہ ماہ 22 مئی کو اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں تصدیق کی تھی کہ انہوں نے اپنے دیرینہ دوست جرمن یوٹیوبر کرسٹین بیٹزمین المعروف کرس بیٹزمین سے منگنی ختم کرلی۔

اداکارہ نے دعویٰ کیا تھا کہ ان کے جرمن یوٹیوبر دوست کے خیالات اچانک بدل گئے تھے اور وہ اداکارہ کے مذہب اور ملک کے خلاف ہوگئے تھے، جس وجہ سے انہوں نے ان سے منگنی ختم کی۔

مزید پڑھیں: زویا ناصر سے منگنی ختم کرنے پر جرمن یوٹیوبر نے وضاحت دے دی

بعد ازاں جرمن یوٹیوبر نے وضاحت جاری کی تھی کہ انہوں نے نہ تو پاکستان کے خلاف کوئی بات کی اور نہ ہی مذہب اسلام کے حوالے سے کچھ غلط کہا، تاہم انہوں نے بھی منگنی ختم ہونے کی تصدیق کی تھی۔

دونوں نے رواں برس 19 فروری کو منگنی کی تھی، اس سے قبل جنوری 2021 میں جرمن یوٹیوبر نے اسلام قبول کیا تھا۔

تاہم دونوں کی منگنی ختم ہونے پر زویا ناصر کو تنقید کا نشانہ بھی بنایا گیا تھا اور ممکنہ طور پر لوگوں کی جانب سے ٹرولنگ کیے جانے کی وجہ سے ہی اداکارہ نے حالیہ اسٹوری شیئر کی۔

جرمن یوٹیوبر اور زویا ناصر نے فروری میں منگنی کی تھی—فال فوٹو: انسٹاگرام
جرمن یوٹیوبر اور زویا ناصر نے فروری میں منگنی کی تھی—فال فوٹو: انسٹاگرام

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں