پی ایس ایل6: افتخار اور منرو کی عمدہ بیٹنگ، کراچی کنگز کو شکست

15 جون 2021
افتخار احمد اور کولن منرو نے 150رنز کی شراکت قائم کی— فوٹو: پی ایس ایل
افتخار احمد اور کولن منرو نے 150رنز کی شراکت قائم کی— فوٹو: پی ایس ایل
بابر نے 3 چھکوں اور 7 چوکوں کی مدد سے 81 رنز بنائے— فوٹو: پی ایس ایل
بابر نے 3 چھکوں اور 7 چوکوں کی مدد سے 81 رنز بنائے— فوٹو: پی ایس ایل

پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) کے چھٹے ایڈیشن میں کولن منرو اور افتخار احمد کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت اسلام آباد یونائیٹڈ نے دفاعی چیمپیئن کراچی کنگز کو 8 وکٹوں سے شکست دے دی۔

ابوظبی میں کھیلے گئے لیگ کے 22ویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے ٹاس جیت کر کراچی کنگز کو بیٹنگ کی دعوت دی۔

اوپنرز بابر اعظم اور شرجیل خان نے ٹیم کو 37 رنز کا آغاز فراہم کیا لیکن اس مرحلے پر عاکف جاوید 25 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔

ابھی کراچی کنگز کی ٹیم اس نقصان سے سنبھلی بھی نہ تھی کہ محمد وسیم نے چھ رنز بنانے والے مارٹن گپٹل کی وکٹیں بکھیر دیں۔

اس موقع پر بابر اعظم کا ساتھ دینے افغان بلے باز نجیب اللہ زدران آئے اور دونوں کھلاڑیوں نے ذمے دارانہ کھیل پیش کرتے ہوئے شاندار شراکت قائم کی۔

دونوں نے دوسری وکٹ کے لیے 117 رنز کی شراکت قائم کی لیکن اننگز کے 19ویں اوور میں حسن علی نے بابر کو چلتا کرکے اس اننگز کا خاتمہ کردیا، بابر نے 3 چھکوں اور 7 چوکوں کی مدد سے 81 رنز بنائے جبکہ اگلے ہی اوور میں علی خان نے تھسارا پریرا کو کھاتا کھولنے کا بھی موقع نہ دیا۔

کراچی کنگز نے مقررہ اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 190 رنز بنائے، نجیب اللہ زدران نے 42 گیندوں پر 4 چھکوں اور پانچ چوکوں کی مدد سے 71 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔

191 رنز کے بڑے ہدف کے تعاقب میں اوپنرز نے 28 رنز کا آغاز فراہم کیا لیکن عثمان خواجہ صرف 12 رنز بنا کر چلتے بنے جبکہ محمد اخلاق بھی صرف ایک رن ہی بنا سکے۔

41 رنز پر دو وکٹیں گرنے کے بعد کولن منرو کا ساتھ دینے افتخار احمد آئے اور دونوں کھلاڑیوں نے ذمے دارانہ کھیل کھیلتے ہوئے اننگز کو آگے بڑھانا شروع کیا۔

تاہم ابتدائی دس اوورز میں دونوں کھلاڑیوں کو تیزی سے کھیلنے میں مشکلات پیش آئیں جس کی وجہ سے درکار رن ریٹ تیزی سے بڑھتا گیا۔

رن ریٹ میں کمی کے لیے منو نے جارحانہ انداز اپنایا اور 34 کے اسکور پر کیچ دے بیٹھے لیکن فیلڈر کیچ تھامنے میں ناکام رہے اور ناقص فیلڈنگ سے اسلام آباد کی ہدف تک کامیاب رسائی میں مدد کی۔

پریرا کے ایک اوور میں دونوں بلے بازوں نے 23 رنز بٹورے، اسی اوور میں منرو مڈ آف فیلڈر کو کیچ دے بیٹھے لیکن تھرڈ امپائر نے اسے نوبال قرار دیا، کراچی کنگز کے کھلاڑی اس فیصلے سے ناخوش نظر آئے جس پر دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کے درمیان لفظی تکرار بھی ہوئی۔

کیوی بلے باز نے اس موقع کا بھرپور فائدہ اٹھایا اور افتخار کے ساتھ مل کر جارحانہ بیٹنگ سے میچ کا منظر ہی بدل دیا۔

دونوں کھلاڑیوں نے 150 رنز کی شاندار شراکت قائم کی اور اپنی ٹیم کو 8 گیندوں قبل ہی شاندار فتح سے ہمکنار کرا دیا۔

افتخار احمد نے 39 گیندوں پر 5 چھکوں اور اتنے ہی چوکوں کی مدد سے 71 رنز کی باری کھیلی جبکہ منرو نے 56 گیندوں پر 12 چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 88 رنز بنائے۔

اس فتح کے ساتھ ہی اسلام آباد یونائیٹڈ نے پوائنٹس ٹیبل پر پوزیشن مزید مستحکم کرتے ہوئے پلے آف تک رسائی تقریباً یقینی بنا لی ہے۔

افتخار احمد کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

یاد رہے کہ اس میچ سے قبل یونائیٹڈ کو بڑی خوشخبری ملی ہے اور فاسٹ باؤلر حسن علی وطن واپس نہیں لوٹ سکے اور لیگ کے اختتام تک ان کی خدمات ٹیم کو دستیاب ہوں گی۔

میچ کے لیے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل تھیں۔

کراچی کنگز: عماد وسیم(کپتان)، بابر اعظم، شرجیل خان، مارٹن گپٹل، نجیب اللہ زدران، چیڈو والٹن، تھسارا پریرا، محمد عباس، وقاص مقصود، محمد عامر اور ارشد اقبال۔

اسلام آباد یونائیٹڈ: شاداب خان(کپتان)، کولن منرو، عثمان خواجہ، حسین طلعت، افتخار احمد، آصف علی، حسن علی، محمد اخلاق، محمد وسیم جونیئر، علی خان، عاکف جاوید۔

تبصرے (0) بند ہیں