پی ایس ایل کے پہلے ایلیمنیٹر میں زلمی کامیاب، دفاعی چیمپیئن کراچی کنگز کا سفر تمام

اپ ڈیٹ 22 جون 2021
حضرت اللہ زازئی نے 5 چھکوں اور 10 چوکوں کی مدد سے 77 رنز بنائے— فوٹو: پی ایس ایل
حضرت اللہ زازئی نے 5 چھکوں اور 10 چوکوں کی مدد سے 77 رنز بنائے— فوٹو: پی ایس ایل
بابر اعظم نے 45 گیندوں پر 53رنز بنائے— فوٹو: پی ایس ایل
بابر اعظم نے 45 گیندوں پر 53رنز بنائے— فوٹو: پی ایس ایل

پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) کے چھٹے ایڈیشن کے پہلے ایلیمنیٹر میں پشاور زلمی نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد 5وکٹوں سے فتح حاصل کر کے دفاعی چیمپیئن کراچی کنگز کو ایونٹ سے باہر کردیا۔

ابوظبی میں کھیلے گئے لیگ کے پہلے ایلمنیٹر میں پشاور زلمی نے ٹاس جیت کر کراچی کنگز کو بیٹنگ کی دعوت دی۔

اوپنرز شرجیل خان اور بابر اعظم نے اپنی ٹیم کو 41 رنز کا آغاز فراہم کیا جس کے بعد 26 رنز بنانے والے شرجیل اپنی وکٹ سے محروم ہو گئے۔

ابھی کراچی کنگز اس دھچکے سے سنبھلی بھی نہ تھی کہ اگلے اوور میں عمید آصف نے نیوزی لینڈ سے آئے مارٹن گپٹل کو کامران اکمل کے ہاتھوں کیچ کرا دیا۔

بابر نے دانش کے ساتھ مل کر اسکور کو 73 تک پہنچانے کی کوشش کی لیکن تیزی سے رنز نہ بننے کے باعث پڑنے والے دباؤ کی وجہ سے دانش عزیز بڑا شاٹ کھیلنے کی کوشش میں وکٹ گنوا بیٹھے۔

بابر اعظم پوری اننگز میں جدوجہد کرتے نظر آئے اور کسی بھی موقع پر کھل کر بیٹنگ نہ کر سکے جس کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ انہوں نے آؤٹ ہونے سے قبل 45 گیندوں پر صرف 53 رنز بنائے۔

اس مرحلے پر پریرا نے تیزی سے کھیلنے کا بیڑا اٹھایا اور خالد عثمان کے ایک اوور میں 22 رنز بٹورنے کے ساتھ ساتھ 18 گیندوں پر 37 رنز کی اننگز کھیلی لیکن عمید آصف نے انہیں چلتا کردیا جبکہ چیڈوک والٹن نے صرف 9رنز بنائے۔

اختتامی اوورز میں عماد وسیم سمیت کراچی کنگز کے ٹیل اینڈرز نے جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا جس کی بدولت دفاعی چیمپیئن ٹیم مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 175 رنز بنانے میں کامیاب رہی۔

176 رنز کے ہدف کے تعاقب میں حضرت اللہ زازئی کی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت پشاور زلمی کو اوپنرز نے 49نز کا اچھا آغاز فراہم کیا لیکن ایک ہی اوور میں دو چوکے لگانے کے بعد کامران اکمل افغان اسپنر نور احمد کو وکٹ دے بیٹھے۔

دوسرے اینڈ سے زازئی نے عمدہ بیٹنگ جاری رکھتے ہوئے اپنی نصف سنچری مکمل کی لیکن امام الحق 17 گیندے کھیلنے کے باوجود صرف 11 رنز بنا کر تھسارا پریرا کو وکٹ دے بیٹھے۔

پریرا نے عمدہ باؤلنگ کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے اپنے اگلے اوور میں زازئی کی اہم وکٹ حاصل کی جنہوں نے 38 گیندوں پر 5 چھکوں اور 10 چوکوں کی مدد سے 77رنز بنائے۔

شعیب ملک کا ساتھ دینے عثمان خالد آئے اور دونوں نے سنبھل کر بیٹنگ کرتے ہوئے 52 رنز کی شراکت قائم کر کے اپنی ٹیم کو ہدف کے انتہائی قریب پہنچا دیا لیکن پھر دونوں ہی بلے باز بالترتیب 30 اور 17 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہو گئے۔

آخری اوور میں زلمی کو فتح کے لیے 7 رنز درکار تھے لیکن کراچی کنگز کے فیلڈرز نے دو اہم کیچ ڈراپ کر کے اپنی ٹیم کی فتح کی امیدوں پر پانی پھیر دیا اور زلمی نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد میچ میں 5وکٹوں سے فتح اپنے نام کر لی۔

اس فتح کے ساتھ ہی دفاعی چیمپیئن کراچی کنگز کے پاکستان سپر لیگ میں سفر کا خاتمہ ہو گیا جبکہ پشاور زلمی کا فائنل میں رسائی کے لیے کل اسلام آباد یونائیٹڈ سے میچ ہو گا۔

میچ کے لیے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل تھیں۔

کراچی کنگز: عماد وسیم(کپتان)، بابراعظم، شرجیل خان، مارٹن گپٹل، شیڈوک والٹن، تھسارا پریرا، عماد وسیم، دانش عزیز، نور احمد، محمد عامر، محمد الیاس، ارشد اقبال۔

پشاور زلمی: وہاب ریاض(کپتان)، کامران اکمل، حضرت اللہ زازئی، امام الحق، صہیب مقصود، روومین پاول، شرفین ردرفورڈ، خالد عثمان، عمید آصف، محمد عرفان، محمد عمران۔

تبصرے (0) بند ہیں