ہر حسین شخص کو ’بڈھا‘ ہونا ہے، عائشہ عمر کا طعنہ دینے والوں کو جواب

اپ ڈیٹ 27 جون 2021
عفت عمر نے 24 جون کو تصویر شیئر کی تھی—فوٹو: انسٹاگرام
عفت عمر نے 24 جون کو تصویر شیئر کی تھی—فوٹو: انسٹاگرام

اداکارہ و ماڈل عائشہ عمر نے انہیں عمر رسیدہ قرار دینے والے افراد کو کرارا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ ’دنیا کے ہر حسین و جوان شخص کو ’بڈھا‘ ہونا ہوتا ہے اور ڈھلتی عمر طعنہ نہیں ہوتا۔

عائشہ عمر کو حال ہی میں لوگوں نے اس وقت عمر رسیدہ اور ’آنٹی‘ کہنا شروع کیا تھا جب کہ اداکارہ عفت عمر نے ان سمیت دیگر اداکاراؤں کے ساتھ ایک تصویر شیئر کی تھی۔

عفت عمر نے 24 جون کو انسٹاگرام پر ایک تصویر شیئر کی تھی، جس میں عائشہ عمر، صبا حمید، اینجلینا ملک، ثمینہ احمد اور ارجمند رحیم سمیت دیگر اداکارائیں موجود تھیں۔

عفت عمر نے مذکورہ تصویر کے کیپشن میں بتایا تھا کہ تمام خواتین اینجلینا ملک کی سالگرہ کی تقریب میں شریک ہوئیں۔

عفت عمر کی جانب سے تصویر شیئر کیے جانے کے بعد لوگوں نے تمام خواتین پر تنقید کرتے ہوئے انہیں عمر رسیدہ قرار دیا اور ساتھ ہی ان پر نامناسب طنز بھی کیے۔

بعض لوگوں نے عفت عمر کی تصویر پر کمنٹ کرتے ہوئے لکھا کہ مذکورہ تصویر شیئر کرنے کے ساتھ انتباہ بھی لکھا جاتا کہ کمزور دل کے مالک لوگ اس تصویر کو نہ دیکھیں، وہ ڈر بھی سکتے ہیں۔

اگرچہ بعض لوگوں نے تصویر میں شامل خواتین کے لیے ’بڈھی خواتین‘ کا لفظ استعمال کیا، تاہم زیادہ تر لوگوں نے عائشہ عمر پر بحث کی۔

زیادہ تر لوگوں نے عائشہ عمر کے لیے بھی ’بڈھی‘ کا لفظ استعمال کیا، تاہم کچھ افراد نے ان کی حمایت میں بھی کمنٹس کیے اور کہا کہ وہ عمر رسیدہ نہیں ہیں بلکہ خوبصورت ہیں۔

کئی لوگوں نے تصویر پر نامناسب کمنٹس کیے—اسکرین شاٹ
کئی لوگوں نے تصویر پر نامناسب کمنٹس کیے—اسکرین شاٹ

لوگوں کی جانب سے ’بڈھا‘ اور ’آنٹی‘ سمیت ’عمر رسیدہ‘ جیسے الفاظ استعمال کرنے کے بعد عائشہ عمر نے بھی ایسے لوگوں کو کرارا جواب دیا اور انہوں نے اپنے کمنٹ میں لکھا کہ ’ہر خوبصورت اور جوان شخص کو ’بڈھا‘ ہونا ہوتا ہے‘۔

اداکارہ نے مزید لکھا کہ یہ انسانی زندگی کا قدرتی عمل ہے کہ اسے عمر رسیدہ ہونا ہی پڑتا ہے اور یہ کہ صحت مند ڈھلتی عمر بھی ایک نعمت ہے۔

عائشہ عمر نے ساتھ ہی سوال کیا کہ لوگ بڑھتی عمر کو بے عزتی یا کسی دوسرے شخص کی توہین کے لیے کیوں استعمال کرتے ہیں؟

انہوں نے لکھا کہ لوگوں کو عمر کا طعنہ دینے والے افراد کے والدین یا دادا، دادی عمر رسیدہ نہیں ہوتے؟ کیا وہ اپنے دادا، دادی کے لیے بھی ایسے توہین آمیز الفاظ استعمال کرتے ہیں؟

عائشہ عمر نے تنقید کرنے والوں کو کرارا جواب دیا—اسکرین شاٹ
عائشہ عمر نے تنقید کرنے والوں کو کرارا جواب دیا—اسکرین شاٹ

انہوں نے اپنے کمنٹ میں طعنہ دینے والے افراد کو پیغام دیا کہ آئیں ہر عمر کے افراد کی عزت کریں اور انہیں ان کا مقام دیں۔

ساتھ ہی عائشہ عمر نے عفت عمر کا شکریہ بھی ادا کیا کہ انہوں نے مذکورہ تصویر شیئر کی اور تمام خوبصورت خواتین کو ایک ساتھ جمع کیا۔

اداکارہ عفت عمر نے بھی اپنی تصویر پر نامناسب کمنٹ کرنے والے ایک مداح کو کرارا جواب دیتے ہوئے انہیں خاموش کرادیا۔

عائشہ عمر سمیت دیگر خواتین کو عمر رسیدہ قرار دینے پر اداکارہ نوشین شاہ نے بھی لوگوں پر تنقید کی اور انہیں کہا کہ وہ خواتین کی تصویر پر ماشاءاللہ کہنے کے بجائے ان پر تنقید کر رہے ہیں۔

عفت عمر نے بھی لوگوں کو کرارا جواب دیا—اسکرین شاٹ
عفت عمر نے بھی لوگوں کو کرارا جواب دیا—اسکرین شاٹ

انہوں نے لکھا کہ لوگ سوچتے ہیں کہ عمر رسیدہ ہونا توہین یا جرم ہے، ساتھ ہی انہوں نے سوال کیا کہ کوئی کیسے اپنی عمر کو روکے گا کہ وہ بڈھا نہ ہو؟

نوشین شاہ نے بھی لکھا کہ ڈھلتی عمر پر رونے اور اسے توہین سمجھنے والے افراد کو اس بات پر شکر ادا کرنا چاہیے کہ وہ زندہ ہیں اور صحت مند زندگی گزار رہے ہیں۔

اداکاراؤں کو عمر رسیدہ ہونے کا طعنہ دینے والے افراد پر اداکارہ متھیرا نے بھی کمنٹ کیا اور کہا کہ عمر صرف اعداد کا کھیل ہے اور لوگ صرف خواتین کو ہی عمر ڈھلنے پر تنقید کا نشانہ کیوں بناتے ہیں؟

انہوں نے لکھا کہ خواتین پر تنقید کرنے والے لوگوں کو شاید لگتا ہے کہ وہ کبھی عمر کے اس حصے میں نہیں پہنچیں گے۔

متھیر اور نوشین شاہ نے بھی تنقید کرنے والوں کو جواب دیا—اسکرین شاٹ
متھیر اور نوشین شاہ نے بھی تنقید کرنے والوں کو جواب دیا—اسکرین شاٹ

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں