• KHI: Fajr 5:12am Sunrise 6:28am
  • LHR: Fajr 4:42am Sunrise 6:02am
  • ISB: Fajr 4:46am Sunrise 6:09am
  • KHI: Fajr 5:12am Sunrise 6:28am
  • LHR: Fajr 4:42am Sunrise 6:02am
  • ISB: Fajr 4:46am Sunrise 6:09am

کورونا وائرس کا خطرہ، ٹی 20 ورلڈ کپ بھارت سے متحدہ عرب امارات منتقل

شائع June 28, 2021
بی سی سی آئی کے سیکریٹری جے شاہ، آئی سی سی چیف ایگزیکٹو مانو سواہنے اور بی سی سی آئی کے سربراہ سارو گنگولی ٹی20 ورلڈ کپ ٹرافی کے ہمراہ— فوٹو بشکریہ آئی سی سی
بی سی سی آئی کے سیکریٹری جے شاہ، آئی سی سی چیف ایگزیکٹو مانو سواہنے اور بی سی سی آئی کے سربراہ سارو گنگولی ٹی20 ورلڈ کپ ٹرافی کے ہمراہ— فوٹو بشکریہ آئی سی سی

کورونا وائرس کے باعث بھارت رواں سال شیڈول ٹی20 ورلڈ کپ کی میزبانی نہیں کر سکے گا اور عالمی ایونٹ متحدہ عرب امارات (یو اے ای) منتقل کردیا گیا ہے۔

خبر رساں ایجنسی اے ایف پی اور رائٹرز کے مطابق انڈین کرکٹ بورڈ کے اعلیٰ حکام نے تصدیق کی ہے کہ بھارت میں کورونا وائرس اور سفری پابندیوں کی وجہ سے ٹی20 ورلڈ کپ کو متحدہ عرب امارات منتقل کردیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں: آئی سی سی نے ٹی20 ورلڈ کپ کی بھارت سے منتقلی کا عندیہ دے دیا

بھارت دنیا کے دیگر ممالک کی طرح گزشتہ سال سے کورونا وائرس سے بری طرح متاثر ہے اور پہلی لہر سے نکلنے کے بعد بھارت کو دوسری لہر پر قابو پانے میں مستقل مشکلات کا سامنا ہے۔

بھارت میں اب تک تین کروڑ سے زائد افراد وائرس کا شکار ہو چکے ہیں اور پیر تک وائرس سے مجموعی طور پر 3 لاکھ 96 ہزار افراد موت کے منہ میں جا چکے ہیں۔

جہاں ایک طرف ہندوستان کو وائرس کا پھیلاؤ روکنے میں مشکلات کا سامنا ہے وہیں ماہرین نے پہلے ہی خبردار کردیا ہے کہ ملک میں ممکنہ طور پر اکتوبر اور نومبر کے مہینے میں وائرس کی تیسری لہر ٹی20 ورلڈ کپ کو براہ راست متاثر کرسکتی ہے۔

خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) کے سربراہ سارو گنگولی نے پریس ٹرسٹ آف انڈیا کو تصدیق کی کہ ٹی20 ورلڈ کپ کو بھارت سے متحدہ عرب امارات منتقل کردیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بی سی سی آئی نے انٹرنیشنل کرکٹ کو اپنے فیصلے سے آگاہ کردیا ہے کہ ہم ٹی20 ورلڈ کپ کی میزبانی متحدہ عرب امارات میں کریں گے اور اسے منتقل کیا جا سکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا وائرس کے باعث ٹی20 ورلڈ کپ ملتوی

ان کا کہنا تھا کہ ٹورنامنٹ کی امارات میں منتقلی کے حوالے سے معاملات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔

بی سی سی آئی کے نائب صدر راجیو شکلا نے کہا کہ ایونٹ کے کوالیفائرز عمان میں منعقد کیے جا سکتے ہیں جبکہ بقیہ میچز متحدہ عرب امارات میں تین مقامات ابوظبی، شارجہ اور دبئی میں کھیلے جائیں گے۔

ادھر بی سی سی آئی کے خزانچی ارن سنگھ دھمل نے رائٹرز کو بتایا کہ ہم انڈین پریمیئر لیگ کے بعد اس سال متحدہ عرب امارات میں ٹی20 ورلڈ کپ کا انعقاد کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہم ملک میں کووڈ-19 کے اعدادوشمار کا جائزہ لے رہے ہیں اور فی الوقت سفری پابندیوں کے حوالے سے کوئی چیز واضح نہیں ہے اور ہم جلد انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کو اپنے فیصلے سے آگاہ کردیں گے۔

رواں سال ٹی20 ورلڈ کپ کے ملک میں انعقاد کی بھارت کی امیدیں اس وقت دم توڑ گئی تھیں جب کورونا وائرس کی وجہ سے انڈین پریمیئر لیگ کو مئی تک ملتوی کردیا گیا تھا۔

گزشتہ ماہ بی سی سی آئی نے اعلان کیا تھا کہ آئی پی ایل کے بقیہ میچز متحدہ عرب امارات میں منعقد کیے جائیں گے جس کے بعد 16 رکنی ورلڈ کپ کی منتقلی کے امکانات بھی روشن ہو گئے تھے۔

مزید پڑھیں: بھارت 2021 اور آسٹریلیا 2022 میں ٹی20 ورلڈ کپ کی میزبانی کرے گا

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ٹورنامنٹ کی میزبانی کے حوالے سے فیصلہ کرنے کے لیے بھارت کو 28 جون تک کی ڈیڈ لائن دی تھی۔

واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات نے گزشتہ سال انڈین پریمیئر لیگ کے مکمل ایڈیشن کی میزبانی کی تھی جبکہ پاکستان سپر لیگ کے دوسرے مرحلے کے تمام میچز بھی عرب سرزمین پر کامیابی سے منعقد ہوئے۔

یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ گزشتہ سال آسٹریلیا میں شیڈول ٹی20 ورلڈ کپ کو بھی کورونا وائرس کی وجہ سے ملتوی کردیا گیا تھا اور اب وہ ایونٹ آئندہ سال کھیلا جائے گا۔

کارٹون

کارٹون : 9 اکتوبر 2024
کارٹون : 8 اکتوبر 2024