پی آئی اے کا بیرون ممالک پھنسے پاکستانیوں کیلئے خصوصی پروازیں چلانے کا اعلان

اپ ڈیٹ 03 جولائ 2021
پی آئی اے کے سی ای او بیرون ممالک مقیم پاکستانیوں کی ضروریات کا باریک بینی سے مشاہدہ کر رہے ہیں — فائل فوٹو / اے ایف پی
پی آئی اے کے سی ای او بیرون ممالک مقیم پاکستانیوں کی ضروریات کا باریک بینی سے مشاہدہ کر رہے ہیں — فائل فوٹو / اے ایف پی

پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) نے آخری لمحات میں نجی ایئرلائنز کی جانب سے پروازیں منسوخ ہونے پر خلیجی ممالک میں پھنسے ہزاروں پاکستانیوں کو واپس وطن لانے کے لیے خصوصی پروازیں چلانے کا فیصلہ کر لیا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق ترجمان پی آئی اے عبداللہ حفیظ خان کا کہنا تھا کہ وفاقی وزیر برائے ہوا بازی غلام سرور خان اور پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو افسر (سی ای او) ایئر مارشل ارشد ملک کی ہدایت پر عیدالاضحیٰ سے قبل خلیجی ممالک میں پھنسے پاکستانیوں کے لیے خصوصی پروازیں روانہ کی جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ نجی ایئر لائنز کی جانب سے پروازیں منسوخ کیے جانے کے بعد ہزاروں پاکستانی بیرون ممالک پھنس گئے ہیں۔

ترجمان پی آئی اے کا کہنا تھا کہ بوئنگ 777 کی چار پروازیں قطر میں پھنسے پاکستانیوں کو وطن واپس لانے کے لیے مختص کی جاچکی ہیں جبکہ دو مزید پروازیں آئندہ ایک دو روز میں شیڈول کی جائیں گی۔

یہ بھی پڑھیں: پروازوں کی اچانک منسوخی پر غیر ملکی ایئرلائنز کو تنبیہ

انہوں نے کہا کہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ بوئنگ 777 کو بحرین کے لیے ایئربس کے متبادل کے طور پر بھی استعمال کیا جائے گا، بوئنگ 777 ایئرکرافٹ میں ایئربس کے مقابلے تین گنا زیادہ گنجائش ہے۔

پی آئی اے کے سی ای او بیرون ممالک مقیم پاکستانیوں کی ضروریات کا باریک بینی سے مشاہدہ کر رہے ہیں، انہوں نے پریس ریلیز میں کہا کہ مسافروں کی طلب کے مطابق پروازوں کی تعداد کا تعین کیا جائے گا۔

ارشد ملک نے کہا کہ قوم، قومی فریضہ پورا کرنے میں پی آئی اے کو سب سے آگے پائے گی، انہوں نے کہا کہ غیر ملکی ایئرلائنز کی طرح ہم اپنے ہم وطنوں کو بیرون ملک بے یار و مددگار نہیں چھوڑ سکتے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں