سپریم کورٹ نے حافظ سعد رضوی کی نظربندی کے خلاف درخواست نمٹادی

اپ ڈیٹ 13 جولائ 2021
حافظ سعد رضوی، ٹی ایل پی کے بانی خادم حسین رضوی (مرحوم) کے بیٹے ہیں — فائل فوٹو: بشکریہ فیس بک
حافظ سعد رضوی، ٹی ایل پی کے بانی خادم حسین رضوی (مرحوم) کے بیٹے ہیں — فائل فوٹو: بشکریہ فیس بک

لاہور: سپریم کورٹ نے کالعدم تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے سربراہ حافظ سعد رضوی کی نظر بندی کو چیلینج کرنے والی ایک درخواست واپس لینے پر معاملہ نمٹا دیا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق جسٹس سجاد علی شاہ کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے لاہور رجسٹری میں درخواست کی سماعت کی۔

مزید پڑھیں: تحریک لبیک کے امیر سعد رضوی کو لاہور میں گرفتار کر لیا گیا

دوران سماعت حافظ سعد رضوی کے وکیل برہان معظم ملک نے کہا کہ نظرثانی بورڈ نے ان کے مؤکل کی سابقہ نظر بندی کو کالعدم قرار دیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت نے 10 جولائی کو ایک نیا نوٹی فکیشن جاری کیا جس میں ٹی ایل پی کے سربراہ کی نظر بندی میں مزید 90 دن کی توسیع کی گئی۔

جسٹس سجاد علی شاہ نے ریماکس دیے کہ نظرثانی بورڈ پہلے ہی فوری پٹیشن میں گرفتاری کا معاملہ کالعدم قرار دے چکا ہے۔

انہوں نے وکیل کو مشورہ دیا کہ وہ اس درخواست کو واپس لے لیں۔

یہ بھی پڑھیں: لاہور ہائیکورٹ کا کالعدم ٹی ایل پی سربراہ سعد رضوی کی فوری رہائی کا حکم

اس پر برہان معظم نے درخواست قبول کرنے پر دباؤ نہیں ڈالا اور بینچ نے درخواست واپس لینے پر معاملہ نمٹا دیا۔

سعد رضوی کے چچا امیر حسین نے 12 اپریل 2021 کو اپنے بھتیجے کی نظربندی کے حکم کو چیلنج کرتے ہوئے یہ درخواست دائر کی تھی۔

انہوں نے لاہور ہائی کورٹ کے اس حکم پر بھی تنقید کی تھی جس میں نظر بندی کے خلاف ان کی درخواست خارج کردی گئی تھی۔

مزید پڑھیں: حافظ سعید کی گرفتاری پر ڈونلڈ ٹرمپ کا ردعمل سامنے آگیا

نظرثانی بورڈ کے فیصلے کی روشنی میں سعد رضوی کی نظر بندی 10 جولائی کو ختم ہونا تھی۔

تاہم لاہور کے ڈپٹی کمشنر نے انسداد دہشت گردی ایکٹ 1997 کی دفعہ 11 ای ای ای کے تحت ایک نیا نوٹی فکیشن جاری کیا اور سعد رضوی کو 90 دن کے لیے حراست میں لے لیا گیا۔

حافظ سعد رضوی، ٹی ایل پی کے بانی خادم حسین رضوی (مرحوم) کے بیٹے ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں