پاکستانی نژاد دردانہ انصاری برٹش رائل نیوی کی پہلی مسلم کپتان بن گئیں

14 جولائ 2021
دردانہ انصاری پہلے اعزازی کمانڈر تھیں—فائل فوٹو: ٹوئٹر
دردانہ انصاری پہلے اعزازی کمانڈر تھیں—فائل فوٹو: ٹوئٹر

پاکستانی نژاد سابق صحافی اور رائل نیوی کی اعزازی عہدیدار دردانہ انصاری برطانوی رائل نیوی میں پہلی مسلم خاتون اعزازی کپتان بن گئیں۔

گلوکار عاصم اظہر نے دردانہ انصاری کے اعزازی کپتان بننے پر ان کی تصویر شیئر کرتے ہوئے انہیں مبارک باد پیش کی۔

عاصم اظہر نے اپنی ٹوئٹ میں بتایا کہ ان کے خاندان کے لیے آج اعزاز اور فخر کا مقام ہے کہ ان کی خالہ برطانوی رائل کمیشن میں کپتان بن گئیں۔

گلوکار کے مطابق ان کی خالہ نہ صرف پہلی پاکستانی بلکہ پہلی مسلم خاتون بھی ہیں جو رائل کمیشن کی کپتان بنی ہیں۔

انہوں نے لکھا کہ دردانہ انصاری کو ان کے عہدے پر ترقی دینے کی توثیق ملکہ برطانیہ نے کی اور ساتھ ہی انہوں نے خالہ کو مبارک باد بھی پیش کی۔

عاصم اظہر کی جانب سے ٹوئٹ کیے جانے کے بعد دردانہ انصاری نے بھی انہیں جواب دیتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا۔

دردرانہ انصاری نے لکھا کہ وہ قوم کی دعائوں سے اس مقام پر پہنچی ہیں اور ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ وہ ملکہ برطانیہ اور رائل نیوی کے سربراہ سمیت پوری قوم کی جانب سے ساتھ دینے پر ان کی شکر گزار ہیں۔

دردانہ انصاری کے اعزازی کپتان بننے پر دیگر لوگوں نے بھی عاصم اظہر کی ٹوئٹ پر انہیں مبارک باد پیش کرتے ہوئے انہیں پاکستان کا فخر قرار دیا۔

رائل نیوی میں اعزازی کپتان بننے سے قبل دردانہ انصاری نیوی میں اعزاز کمانڈر تھیں، وہ 2017 میں کمانڈر بنی تھیں۔

اعزازی کمانڈر بننے کے بعد 2020 میں انہوں نے رائل نیوی کی ٹیم کے ہمراہ دنیا کے مختلف ممالک میں گہرے پانیوں کا دورہ بھی کیا تھا۔

دردانہ انصاری سماجی کارکن، خواتین کے حقوق کی رہنما، انٹرپنیور اور سابق صحافی ہیں جو چند سال قبل رائل نیوی کا حصہ بنی تھیں۔

دردانہ انصاری نے 2020 میں رائل نیوی کی ٹیم کے ہمراہ مختلف ممالک کا دورہ بھی کیا تھا—فوٹو: فیس بک
دردانہ انصاری نے 2020 میں رائل نیوی کی ٹیم کے ہمراہ مختلف ممالک کا دورہ بھی کیا تھا—فوٹو: فیس بک

دردانہ انصاری کو مسلمان خواتین کی ترقی کے لیے کارنامے سر انجام دینے اور پروگرام تشکیل دینے پر برطانوی حکومت نے انہیں 2012 میں آرڈر آف دی برٹش امپائر (Order of the British Empire)(اوبے) کے اعزاز سے بھی نوازا تھا۔

پنجاب کے شہر بہاولپور میں پیدا ہونے والی دردانہ انصاری زندگی کے ابتدائی سال اسلام آباد میں گزارنے کے بعد برطانیہ منتقل ہوگئی تھیں، جہاں انہوں نے کئی سال تک بی بی سی سمیت دیگر نشریاتی اداروں میں صحافتی خدمات بھی سر انجام دیں۔

دردانہ انصاری کو حال ہی میں اعزازی کپتان مقرر کیا گیا—فوٹو: رائل نیوی ویب سائٹ
دردانہ انصاری کو حال ہی میں اعزازی کپتان مقرر کیا گیا—فوٹو: رائل نیوی ویب سائٹ

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں