انگلینڈ میں بھارتی وکٹ کیپر ریشابھ پنت کورونا وائرس کا شکار

15 جولائ 2021
ریشابھ پنت کا ٹیسٹ مثبت آ گیا ہے اور وہ گزشتہ ہفتے سے قرنطینہ میں ہیں— فائل فوٹو: رائٹرز
ریشابھ پنت کا ٹیسٹ مثبت آ گیا ہے اور وہ گزشتہ ہفتے سے قرنطینہ میں ہیں— فائل فوٹو: رائٹرز

بھارتی وکٹ کیپر بلے باز ریشابھ پنت کا انگلینڈ میں میزبان ٹیم کے خلاف ٹیسٹ سیریز سے قبل کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آ گیا ہے۔

ویرات کوہلی کی زیر قیادت بھارتی ٹیم اس وقت ٹیسٹ سیریز کے لیے انگلینڈ کے دارالحکومت لندن میں موجود ہے اور بائیو سیکیور ببل میں داخل ہو کر جمعرات کو ٹور میچ کے لیے ڈرہم روانہ ہو گی۔

ایک کرکٹ عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ ریشابھ پنت کا ٹیسٹ مثبت آ گیا ہے لہٰذا وہ ٹیم کے ہمراہ سفر نہیں کریں گے جبکہ وہ گزشتہ ہفتے سے قرنطینہ میں ہیں۔

گزشتہ ماہ پنت نے سوشل میڈیا پر یورو کپ 2020 فٹبال میچ دیکھنے کی تصاویر سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر ڈالی تھیں اور خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ شاید اسی دوران وہ وائرس کا شکار ہوئے۔

بھارتی کرکٹ بورڈ کے سیکریٹری جے شاہ نے انگلینڈ میں موجود اپنی ٹیم کے کھلاڑیوں کو حال ہی خبردار کیا تھا کہ یورو کپ یا ومبلڈن اوپن جیسی پرہجوم جگہوں پر جانے سے پرہیز کریں ۔

نیوزی لینڈ کے ہاتھوں ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ میں شکست کے بعد سے بھارت کی ٹیم انگلینڈ میں ہی موجود ہے۔

کھلاڑیوں کو 20 دن آرام اور سیر تفریح کے لیے دیے گئے تھے جس کے بعد وہ 5 ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کی سیریز کی تیاریوں کے لیے دوبارہ جمع ہوئے ہیں اور ٹور میچ کے بعد سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ کا آغاز چار اگست سے ہو گا۔

تبصرے (0) بند ہیں