بحرین کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کو بڑھایا جائے گا، شاہ محمود قریشی

اپ ڈیٹ 29 جولائ 2021
شاہ محمود قریشی نے ماناما میں بحرین کے نائب وزیر اعظم سے ملاقات کی — فوٹو: بشکریہ اے پی پی
شاہ محمود قریشی نے ماناما میں بحرین کے نائب وزیر اعظم سے ملاقات کی — فوٹو: بشکریہ اے پی پی

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی بحرین کے نائب وزیر اعظم شیخ محمد بن مبارک الخلیفہ سے ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے اقتصادی، تجارتی و باہمی دلچسپی کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کے فروغ کے لیے عزم کا اظہار کیا ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق شاہ محمود قریشی نے ماناما میں بحرین کے نائب وزیر اعظم سے ملاقات کی۔

مزید پڑھیں: شاہ محمود قریشی کی دعوت پر سعودی وزیر خارجہ کل پاکستان کا دورہ کریں گے

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کہا کہ ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے مختلف شعبہ جات میں دوطرفہ تعاون کے فروغ سمیت اہم علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا۔

وزیر خارجہ ایک روز قبل ہی ملک کے دو روزہ سرکاری دورے پر بحرین پہنچے تھے۔

انہوں نے کہا کہ بحرین کے نائب وزیر اعظم سے ملاقات کے دوران انہوں نے جیو اکنامکس، روابط اور امن کے شراکت دار کی حیثیت سے پاکستان کے کردار سے متعلق آگاہ کیا۔

شاہ محمود قریشی نے مشترکہ وزارتی کانفرنس سے قبل اپنے بحرینی ہم منصب ڈاکٹر عبد اللطیف بن راشد ال زیانی سے بھی ملاقات کی۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ دونوں ممالک نے تجارت، سرمایہ کاری، توانائی اور ثقافت پر توجہ دینے کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا۔

مزید پڑھیں: آرمی چیف کو دورہ بحرین میں فرسٹ کلاس ایوارڈ سے نواز دیا گیا

اس سے قبل ماناما پہنچنے پر وزیر خارجہ کا بحرین کے ہم منصب اور پاکستان کے سفیر محمد ایوب نے ماناما انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر استقبال کیا۔

وزیر خارجہ پاک ۔ بحرین مشترکہ وزارتی کمیشن کے دوسرے اجلاس میں شرکت کریں گے اور پاکستانی وفد کی قیادت کریں گے۔

شاہ محمود قریشی کے اجلاس سے قبل بورڈ آف انویسٹمنٹ (بی او آئی) کی ایک پریس ریلیز میں کہا گیا کہ پاکستان اور بحرین باہمی تعلقات کو فروغ دینے کے لیے تجارتی اور معاشی روابط بڑھانے کے معاہدے پر دستخط کریں گے۔

علاوہ ازیں سرکاری خبر رساں ادارے ’اے پی پی‘ کے مطابق شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہم فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (فیٹف) کے معاملے پر بحرین کی طرف سے فراہم کردہ حمایت پر تہہ دل سے ممنون ہیں۔

وزیر خارجہ نے کورونا وبا کے دوران بحرین میں مقیم پاکستانی برادری کا خصوصی خیال رکھنے پر بحرینی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ پاک ۔ بحرین وزارتی کمیشن باہمی تعلقات کے فروغ کے لیے اہم فورم کی حیثیت رکھتا ہے۔

مزید پڑھیں: سعودی عرب پاکستان کے ساتھ تعلقات کی جہت وسیع کرنا چاہتا ہے، سعودی وزیر خارجہ

بحرینی نائب وزیر اعظم شیخ محمد بن مبارک الخلیفہ نے پاکستان کی قیادت اور عوام کے لیے خیر سگالی کا پیغام دیا۔

انہوں نے کہا کہ بحرین میں مقیم پاکستانی، بحرین کی تعمیر اور ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں