ضمنی انتخاب: تحریک انصاف نے مسلم لیگ (ن) کی نشست پر فتح حاصل کرلی

اپ ڈیٹ 29 جولائ 2021
احسن بریار مسلم لیگ (ق) کے صوبائی رہنما محمد سلیم بریار کے بیٹے ہیں — فوٹو: ٹوئٹر
احسن بریار مسلم لیگ (ق) کے صوبائی رہنما محمد سلیم بریار کے بیٹے ہیں — فوٹو: ٹوئٹر

سیالکوٹ: حکمراں جماعت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے پنجاب اسمبلی کی نشست پی پی 38 سیالکوٹ فور سے پاکستان مسلم لیگ (ن) کو شکست دے دی۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق بدھ کی شب اعلان کردہ غیر سرکاری نتائج کے مطابق پی ٹی آئی کے اُمیدوار چوہدری احسن سلیم بریار نے 60 ہزار 588 ووٹ حاصل کیے جبکہ مسلم لیگ (ن) کے چوہدری طارق اختر کو 53 ہزار 571 ووٹ ملے۔

تازہ ترین فتح کے ساتھ پی ٹی آئی کے پاس اب پنجاب اسمبلی میں سیالکوٹ ضلع کی مجموعی 11 میں سے 2 نشستیں ہوگئی ہیں۔

وزیر اعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے فاتح امیدوار کے آؤٹ ہاؤس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سیاست میں ایک نیا چہرہ تجربہ کار سیاستدان کو ضمنی انتخاب میں شکست دے چکا ہے۔

مزید پڑھیں: آزاد جموں و کشمیر انتخابات: پی ٹی آئی کی 25 نشستوں کے ساتھ واضح اکثریت

ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی آزاد جموں و کشمیر میں حالیہ فتح کے بعد سب کی نظریں سیالکوٹ کے ضمنی انتخاب پر تھیں۔

سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر قیصر اقبال بریار کے کاغذات نامزدگی ان کی دوہری شہرت کی وجہ سے مسترد ہونے کے بعد پی ٹی آئی نے احسن بریار پر اہم نشست کے لیے اعتماد کا اظہار کیا تھا۔

احسن بریار مسلم لیگ (ق) کے صوبائی رہنما محمد سلیم بریار کے بیٹے ہیں۔

احسن بریار نے دعویٰ کیا تھا کہ مسلم لیگ (ق) نے ان کی مکمل حمایت کی اور اس حلقے سے اپنا امیدوار نامزد نہیں کیا ہے۔

دوسری جانب اس ضمنی انتخاب نے ویریو خاندان کو ایک دھچکا دیا جو گزشتہ کئی دہائیوں سے یہاں سیاست کر رہا ہے۔

سیالکوٹ کے عوام نے پولنگ میں گہری دلچسپی کے ساتھ حصہ لیا جو شدید بارش کی وجہ سے متعدد پولنگ اسٹیشنز پر تاخیر کا شکار ہوئی۔

گورنمنٹ ایلیمینٹری اسکول دھیرہ سندہ سمیت مختلف پولنگ اسٹیشنوں پر گھٹنوں تک پانی اکٹھا ہوگیا تھا جس کی وجہ سے پولنگ عملے کے ساتھ ساتھ ووٹرز کو بھی پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔

تاہم عملے اور مقامی افراد نے اپنے طور پر بارش کے پانی کو نکالا۔

ڈپٹی کمشنر طاہر فاروق نے صحافیوں کو بتایا کہ 165 پولنگ اسٹیشنز پر رینجرز اور 3 ہزار پولیس اہلکاروں نے سکیورٹی کے فرائض سرانجام دیے۔

پولیس نے پی ٹی آئی کارکن ناصر محمود کو بیلٹ پیپرز چوری کرتے ہوئے اور پٹھانوال کے گورنمنٹ ایلیمینٹری اسکول میں پولنگ اسٹیشن میں جعلی ووٹ ڈالتے ہوئے پکڑا جہاں ایک گھنٹے تک یہ عمل روک دیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: آزاد کشمیر انتخابات: تحریک انصاف کیلئے ’حکومت تشکیل‘ دینے کی راہ ہموار

بعد ازاں پولیس نے ملزم کو جیل بھیج دیا۔

ضلعی پولیس افسر عبدالغفار قیصرانی نے بتایا کہ پولیس نے مختلف پولنگ اسٹیشنز پر اسلحے کی نمائش کرنے پر 5 افراد کے خلاف مقدمات درج کیے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ اہلکاروں نے ملزمان سے پستول اور گولیاں برآمد کیں اور انہیں جیل میں ڈال دیا ہے۔

پی ٹی آئی اور مسلم لیگ (ن) کے کارکنان ایک پولنگ اسٹیشن پر گتھم گتھا ہوگئے تھے تاہم پولیس اور رینجرز نے صورتحال کو قابو کرلیا۔

تبصرے (0) بند ہیں