لیڈی گاگا ’ہاؤس آف گوچی‘ میں’قاتل بیوی‘ بن گئیں

31 جولائ 2021
فلم کو رواں برس نومبر میں ریلیز کیے جانے کا امکان ہے—اسکرین شاٹ
فلم کو رواں برس نومبر میں ریلیز کیے جانے کا امکان ہے—اسکرین شاٹ

طویل انتظار کے بعد بلآخر امریکی گلوکارہ، موسیقار و اداکارہ 35 سالہ لیڈی گاگا کی نئی فلم ’ہاؤس آف گوچی‘ کا ٹریلر جاری کردیا گیا، جسے دیکھتے ہی سوشل میڈیا پر اداکارہ کی تعریفیں کی جا رہی ہیں۔

’ہاؤس آف گوچی‘ لیڈی گاگا کی تین سال بعد پہلی فلم ہوگی، وہ آخری بار 2018 میں ’اے اسٹار از بارن‘ میں دکھائی دی تھیں، جس میں شاندار اداکاری کے عوض انہیں آسکر کے لیے بھی نامزد کیا گیا تھا۔

اور اب جلد ہی وہ اسکرین پر ’قاتل بیوی‘ کے روپ میں دکھائی دیں گی۔

لیڈی اور گاگا اور’ہاؤس آف گوچی‘ کی دیگر کاسٹ نے فلم کے ٹریلر کو سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ فلم کو رواں برس نومبر میں آن لائن اور سینما ہالز میں ریلیز کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑٖھیں: لیڈی گاگا ’قاتل بیوی‘ بننے کو تیار

ٹریلر میں فلم کے تمام مرکزی کرداروں کی جھلکیاں دکھائی گئی ہیں، تاہم لوگوں نے سب سے زیادہ لیڈی گاگا کی اداکاری کی تعریف کی اور شائقین نے ان کی اداکاری کو اب تک کی سب سے شاندار ایکٹنگ قرار دیا۔

’ہاؤس آف گوچی‘ کی کہانی اسی نام سے شائع ہونے والے 2001 کے ناول سے ماخوذ ہے جو کہ معروف اطالوی فیشن برانڈ ’گوچی‘ کے سابق سربراہ کے قتل پر لکھی گئی تھی۔

ناول کی طرح فلم کی کہانی بھی فیشن برانڈ کے سابق سربراہ موریزیو گوچی کے قتل کے گرد گھومتی ہے۔

فلم میں موریزیو گوچی کا کردار ایڈم ڈرائیور نے ادا کیا ہے جب کہ ان کی قاتل بیوی کا کردار لیڈی گاگا ادا کرتی دکھائی دیں گی۔

لیڈی گاگا فلم میں پیٹریزا رگیانی کا کردار ادا کرتی دکھائی دیں گی، جنہوں نے اپنے شوہر کو کرائے کے قاتلوں سے قتل کروایا دیا تھا۔

پیٹریزا رگیانی نے 1995 میں کرائے کے قاتل سے موریزیو گوچی کو قتل کروایا تھا اور ان کے قتل نے پوری دنیا کو ہلا کر رکھ دیا تھا۔

خاتون نے اپنے شوہر کو طلاق کے تین سال بعد قتل کروایا تھا اور قتل کے 2 سال بعد انہیں پولیس نے گرفتار کرکے ان کے خلاف قتل کا مقدمہ چلایا تھا۔

اٹلی کی عدالت نے انہیں 1997 میں ہی 29 سال قید کی سزا سنائی تھی، تاہم انہیں اچھے قیدی ہونے کے ناطے 2016 میں 18 سال بعد رہا کردیا گیا تھا۔

قاتل خاتون نے جیل میں ایک بار خودکشی کرنے کی کوشش کی تھی اور انہوں نے دوسرے قیدیوں کے ساتھ قید ہونے سے بھی انکار کیا تھا۔

لیڈی گاگا کی اداکاری کو سراہا جا رہا ہے—اسکرین شاٹ
لیڈی گاگا کی اداکاری کو سراہا جا رہا ہے—اسکرین شاٹ

تاہم عدالت نے انہیں اچھے رویے کی وجہ سے 2016 میں رہا کرنے کا حکم دیا تھا۔

فیشن کی دنیا کے سب سے خوفناک واقعے کو اب شائقین جلد ہی اسکرین پر دیکھ سکیں گے اور فلم کے ٹریلر کو کافی سراہا جا رہا ہے۔

’ہاؤس آف گوچی‘ کی کہانی رابرٹ بینٹی وگنا نے لکھی ہے جب کہ اس کی ہدایات معروف برطانوی فلم ساز ریڈلی اسکاٹ نے دی ہیں، فلم کو رواں برس نومبر میں ریلیز کیے جانے کا امکان ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں