سندھ کے عوام قائل ہو گئے تو وہاں بھی خوشگوار تبدیلی نظر آئے گی، وزیر خارجہ

31 جولائ 2021
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی ملتان میں پریس کانفرنس کررہے ہیں— فوٹو: ڈان نیوز
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی ملتان میں پریس کانفرنس کررہے ہیں— فوٹو: ڈان نیوز

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ سندھ کے عوام تبدیلی چاہتے ہیں اور انہیں یہ باور کرانے کی ضرورت ہے کہ ایک متبادل جماعت ہے جو ان کی داد رسی کر سکتی ہے، جس دن وہاں کے عوام قائل ہو گئے تو سندھ میں بھی خوشگوار تبدیلی نظر آئے گی۔

ملتان میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پی پی-38 سیالکوٹ عرصہ دراز سے مسلم لیگ(ن) کے کنٹرول میں تھا اور وہاں سے وہ کامیابیاں حاصل کرتے رہے لیکن عوام نے وہاں کایا پلٹی اور تحریک انصاف کے نامزد کردہ امیدوار کو منتخب کیا، یہ ایک ابھرتا ہوا ٹرینڈ ہے اور ہمیں اسی ٹرینڈ کو آگے لے کر چلنا ہے۔

مزید پڑھیں: داخلے کی اجازت نہ ملنے پر تحریک انصاف کے اراکین کا سندھ اسمبلی کے باہر دھرنا

انہوں نے کہا کہ ہم نے صوبہ سندھ میں کام شروع کردیا ہے اور وزیر اعظم کی سربراہی میں سندھ کے سیاسی رابطوں کے بارے میں حکمت عملی طے پائی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ میں خود بھی کراچی گیا تھا جہاں کچھ دوستوں سے بھی ملاقات ہوئی ہے جبکہ آئندہ آنے والے دنوں میں مزید دوستوں سے ملاقات ہو گی تاکہ ہم سندھ کے عوام سے رجوع کریں، وہاں متعلقہ مسائل کو سمجھ کر ان کا حل تلاش کریں اور وہاں کے عوام کو متبادل بھی فراہم کریں۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ ہمارا تجزیہ یہ ہے کہ سندھ کے لوگ تبدیلی چاہتے ہیں، انہیں قائل کرنے کی ضرورت ہے کہ اب ایک متبادل جماعت ہے جو ان کی داد رسی کر سکتی ہے اور جو ان کے مسائل کو حل کرنے میں دلچسپی رکھتی ہے، مجھے یقین ہے کہ جس دن وہ قائل ہو گئے تو آپ سندھ میں بھی حیرت انگیز اور خوشگوار تبدیلی دیکھیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: تحریک انصاف کا حکومت سندھ کے خلاف نیب میں جانے کا اعلان

انہوں نے ملتان کی سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی انتظامیہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ عید کے دنوں میں سالڈ ویسٹ ٹھکانے لگانا بہت بڑا چیلنج ہوتا ہے لیکن انہوں نے اس سال ماضی سے بہتر کام کیا اور ہمیں اس حوالے سے بہت اچھی رپورٹ موصول ہوئی ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ جنوبی پنجاب سیکریٹریٹ کے قیام کے حوالے سے معاملات طے پا گئے ہیں اور پیر سے ٹھییدار اس پر کام شروع کردے گا جبکہ جنوبی پنجاب سکریٹریٹ کے سیکریٹریز خود مختار اور بااختیار ہوں گے تاکہ وہ وہاں کے معاملات کو وہیں حل کردیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (1) بند ہیں

Rizwan Ali Soomro Aug 01, 2021 07:50am
PPP na Sindh m aaj tak Kuch nai kya Imran khan na Bhi 3 years m na umeed kya