کرسٹینا ایپلگیٹ میں 'ملٹی پل اسکلروسیس' کی تشخیص

اپ ڈیٹ 11 اگست 2021
اداکارہ کے مطابق وہ بیماری پر قابو پالیں گی—فائل فوٹو: رائٹرز
اداکارہ کے مطابق وہ بیماری پر قابو پالیں گی—فائل فوٹو: رائٹرز

متعدد ایوارڈ جیتنے والی ہولی وڈ اداکارہ 49 سالہ کرسٹینا ایپلگیٹ نے انکشاف کیا ہے کہ ان میں چند ماہ قبل اعصابی بیماری ملٹی پل اسکلروسیس (ایم ایس) کی تشخیص ہوئی تھی۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق کرسٹینا ایپلگیٹ نے 10 اگست کو اپنی مختصر ٹوئٹ میں بتایا کہ ان میں چند ماہ قبل ملٹی پل اسکلروسیس کی تشخیص ہوئی تھی۔

اداکارہ نے اپنی بیماری اور حالت کو سنگین قرار دیا اور ساتھ ہی اس امید کا اظہار کیا کہ وہ دوستوں اور مداحوں کے تعاون سے بیماری پر قابو پالیں گی۔

ملٹی پل اسکلروسیس ایک اعصابی بیماری ہے، جس میں انسانی جسم کے کئی حصے متاثر ہو سکتے ہیں۔

عام طور پر یہ بیماری کچھ وٹائمنز اور فائبر سمیت دیگر چیزوں کی کمی کی وجہ سے ہوتی ہے اور ابتدائی طور پر یہ انسانی دماغ اور ریڑھ کی ہڈی کو متاثر کرتی ہے، جس کی وجہ سے جسم کے دیگر حصے بھی متاثر ہوتے ہیں۔

ملٹی پل اسکلروسیس کا کوئی مستند علاج نہیں، البتہ ماہرین صحت اس مرض میں مبتلا افراد کی حالت کے مطابق مختلف ادویات کے ذریعے اس کا علاج کرتے ہیں۔

اس مرض میں مبتلا افراد کے بعض جسمانی اعضا سکڑ جانے سمیت ان میں سوجن بھی ہوجاتی ہے جب کہ بینائی اور یادداشت تک بھی متاثر ہوتی ہے۔

ملٹی پل اسکلروسس ڈپریشن کا باعث بننے سمیت زبان کی لڑ کھڑاہٹ اور جنسی کمزوری کا باعث بھی بنتی ہے لیکن اس کی علامات ہر کسی میں مختلف بھی ہو سکتی ہیں۔

اداکارہ کرسٹینا ایپلگیٹ نے یہ واضح نہیں کیا کہ انہیں ملٹی پل اسکلروسیس کے بعد کیا کیا مسائل درپیش ہیں؟

اس بیماری سے قبل اداکارہ میں 2008 میں بریسٹ کینسر کی تشخیص بھی ہوئی تھی اور انہیں اپنے دونوں بریسٹ جزوی یا مکمل طور پر ہٹوانے پڑے تھے۔

انہوں نے 4 درجن سے زائد فلموں اور 5 درجن کے قریب امریکی ٹی وی ڈراموں میں بھی اداکاری کی ہے اور متعدد ایوارڈز بھی جیت رکھے ہیں۔

کرسٹینا ایپلگیٹ نے دو شادیاں کیں، انہوں نے پہلی شادی اداکار جوناتھن شیچ (Johnathon Schaech) سے 2001 میں کی جو 2007 میں طلاق پر ختم ہوئی۔

اداکارہ نے دوسری شادی ڈچ موسیقار مارٹن لنوبل (Martyn LeNoble) سے کی، جن سے انہیں ایک بیٹی بھی ہے۔

اداکارہ میں 2008 میں بریسٹ کینسر کی بھی تشخیص ہوئی تھی—فائل فوٹو: رائٹرز
اداکارہ میں 2008 میں بریسٹ کینسر کی بھی تشخیص ہوئی تھی—فائل فوٹو: رائٹرز

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں