گوجرانوالہ: نامعلوم افراد نے عالمی ریکارڈ کیلئے لگائے گئے سیکڑوں پودے کاٹ دیے، پی ایچ اے

اپ ڈیٹ 18 اگست 2021
پارکس اینڈ ہورٹی کلچر اتھارٹی نے مشتبہ شخص کے خلاف قانونی کارروائی کرنے کا فیصلہ کیا ہے
—فوٹو: ٹوئٹر
پارکس اینڈ ہورٹی کلچر اتھارٹی نے مشتبہ شخص کے خلاف قانونی کارروائی کرنے کا فیصلہ کیا ہے —فوٹو: ٹوئٹر

صوبہ پنجاب کے شہر گوجرانوالہ میں عالمی ریکارڈ قائم کرنے کے لیے لگائے گئے سیکڑوں پودوں کو نامعلوم افراد نے نقصان پہنچایا ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق پارکس اینڈ ہورٹی کلچر اتھارٹی (پی ایچ اے) نے مشتبہ شخص کے خلاف قانونی کارروائی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اس سے قبل پیر (16 اگست) کو پولیس نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رکنِ صوبائی اسمبلی کے خلاف پودا چھیننے کا مقدمہ درج کیا تھا۔

مزید پڑھیں: پاکستان میں ایک منٹ میں 50 ہزار پودے لگانے کا عالمی ریکارڈ قائم

چیئرمین پی ایچ اے، ایس اے حمید نے ڈان کو بتایا کہ حال ہی میں ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مل کر 40 سیکنڈز میں 52 ہزار پودے لگانے کا عالمی ریکارڈ قائم کیا گیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ کچھ بلاکس میں نامعلوم افراد نے پودوں کو کاٹ دیا ہے۔

ایس اے حمید نے کہا کہ ان عناصر کی شناخت ہوگئی ہے اور اب ان پودوں کی جگہ نئے پودے لگائے جارہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پودے کو نقصان پہنچانا ایک جرم ہے جس کی سزا پہلی مرتبہ اس جرم کا ارتکاب کرنے والے کے لیے 5 لاکھ روپے جرمانہ اور 6 ماہ قید ہے جبکہ اسے دہرانے والے کے لیے 10 لاکھ روپے جرمانہ اور ایک سال قید کی سزا ہے۔

چیئرمین پی ایچ اے نے کہا کہ ان تمام پودوں کو دن میں 2 مرتبہ پانی دیا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی ایچ اے کا عملہ عالمی ریکارڈ کے لیے لگائے گئے پودوں کی دیکھ بھال کے لیے دن رات کام کررہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: شجرکاری مہم: آنے والی نسلوں کیلئے ضروری ہے ہم اپنا طرز زندگی تبدیل کریں، وزیراعظم

ایس اے حمید نے بتایا کہ اس ضمن میں عملے کی چھٹیاں بھی منسوخ کردی گئی ہیں تاکہ لگائے گئے پھلدار پودے بڑھ کر درخت بن سکیں۔

خیال رہے کہ یہ پودے 12 اگست کو جی ٹی روڈ پر قائم گرین بیلٹ پر منعقد کی گئی شجرکاری مہم کے تحت لگائے گئے جس میں 12 ہزار طلبہ اور 5 ہزار اساتذہ نے حصہ لیا تھا۔

یہ ریکارڈ صوبہ پنجاب کے شہر گوجرانوالہ میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے 10 بلین ٹری سونامی منصوبے کے تحت قائم کیا گیا تھا میں سرکاری اسکولوں کے طلبہ نے حصہ لیا تھا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں