باپ کا بچے کے کپڑے بدلنا کوئی کارنامہ نہیں، شرمیلا فاروقی کا اقرا عزیز کو جواب

اپ ڈیٹ 04 ستمبر 2021
شرمیلا فاروقی نے اداکارہ کی پوسٹ پر کمنٹ کیا—فائل فوٹو: انسٹاگرام/ فیس بک
شرمیلا فاروقی نے اداکارہ کی پوسٹ پر کمنٹ کیا—فائل فوٹو: انسٹاگرام/ فیس بک

سابق رکن سندھ اسمبلی و پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی رہنما شرمیلا فاروقی نے حال ہی میں ماں بننے والی اداکارہ اقرا عزیز کو پیغام دیا ہے کہ باپ کی جانب سے نوزائیدہ بچے کے کپڑے بدلنا کوئی بڑا کارنامہ نہیں ہے۔

شرمیلا فاروقی نے مذکورہ پیغام اداکارہ اقرا عزیز کی جانب سے کی گئی انسٹاگرام پوسٹ پر دیا گیا۔

اقرا عزیز نے 2 ستمبر کو شوہر یاسر حسین کی تصویر شیئر کی، جس میں وہ اپنے نوزائیدہ بیٹے ’کبیر خان‘ کے کپڑے بدلتے دکھائی دیے۔

اداکارہ نے تصویر شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ ان کے شوہر کام پر جانے سے قبل بیٹے کا پیمپر اور کپڑے بدل کے جا رہے ہیں۔

انہوں نے یاسر حسین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ان کی تعریفیں کیں اور لکھا کہ وہ ان کے آرام کے وقت بیٹے کا خیال رکھتے ہیں۔

اداکارہ نے لکھا کہ ماں بننے کے بعد یاسر حسین ان کی بہت مدد کر رہے ہیں، وہ نہ صرف نوزائیدہ بچے کا خیال رکھتے ہیں بلکہ وہ ان کا بھی خیال کرتے ہیں۔

اداکارہ کی پوسٹ پر خود یاسر حسین اور دیگر شوبز شخصیات نے بھی تعریفیں کمنٹس کیے اور وزیر اعلیٰ سندھ کی مشیر شرمیلا فاروقی نے بھی ان کی پوسٹ پر کمنٹ کیا۔

یہ بھی پڑھیں: یاسر حسین اور اقرا عزیز کے ہاں بیٹے کی پیدائش

شرمیلا فاروقی نے مختصر کمنٹ میں یاسر حسین کی جانب سے نوزائیدہ بیٹے کے کپڑے بدلنے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے ان کے لیے نیک خواہشات بھی کیں۔

شرمیلا فاروقی کے مطابق دنیا کے تمام اچھے والدین اپنے بچوں کا ہر کام کرتے ہیں—اسکرین شاٹ
شرمیلا فاروقی کے مطابق دنیا کے تمام اچھے والدین اپنے بچوں کا ہر کام کرتے ہیں—اسکرین شاٹ

تاہم ساتھ ہی انہوں نے اقرا عزیز کو یاد دلایا کہ والد کی جانب سے نوزائیدہ بچے کے کپڑے بدلنا کوئی بڑا کارنامہ نہیں ہےاور یہ کوئی ایسا مشکل کام نہیں جس پر فخر کیا جائے۔

شرمیلا فاروقی نے اداکارہ کو بتایا کہ دنیا کے تمام اچھے والدین اپنے بچوں کا خیال رکھتے ہیں، وہ نوزائیدہ بچوں کے کپڑے اور پیمپبرز بدلتے ہیں۔

پیپلز پارٹی کی رہنما نے مزید لکھا کہ ان کے شوہر بھی اپنے بچے کے لیے ایسا ہی کام کرتے ہیں۔

شرمیلا فاروقی نے لکھاکہ جب وہ گھر پر نہیں ہوتیں تو ان کے شوہر بیٹے کو دودھ پلانے سمیت ان کا ہر کام کرتے ہیں۔

کئی افراد نے شرمیلا فاروقی سے اتفاق کیا—اسکرین شاٹ
کئی افراد نے شرمیلا فاروقی سے اتفاق کیا—اسکرین شاٹ

شرمیلا فاروقی کے کمنٹس پر درجنوں خواتین نے کمنٹس کرتے ہوئے ان سے اتفاق کیا اور کہا کہ دنیا کے تمام ہی اچھے والدین اپنے بچوں کا ہر کام کرتے ہیں اور ایسے معاملات کو نارمل سمجھا جائے، یہ کوئی منفرد کام یا کارنامہ نہیں، جس کا اظہار دنیا کے سامنے کیا جائے۔

مزید پڑھیں: اقرا عزیز اور یاسر حسین شادی کے بندھن میں بندھ گئے

بعد ازاں شرمیلا فاروقی نے ٹوئٹر پر ایک پول بھی شیئر کیا کہ کیا والدین کو بچوں کی دیکھ بھال اور ذمہ داریاں ادا کرنے کے لیے کردار ادا کرنا چاہیے؟

شرمیلا فاروقی کے سوالیہ پول پر چند ہی گھنٹوں میں 80 فیصد سے زائد افراد نے رائے دی کہ ہر والد کو والدہ کی طرح ذمہ داریاں ادا کرنی چاہئیے۔

یہ بھی پڑھیں: شرمیلا فاروقی کا شادی میں پی پی کے روایتی ترانے سے استقبال

خیال رہے کہ اقرا عزیز اور یاسر حسین کے ہاں چند ہفتے قبل 23 جولائی کو پہلے بیٹے کبیر خان کی پیدائش ہوئی تھی، دونوں نے 2019 میں شادی کی تھی۔

اسی طرح شرمیلا فاروقی نے 2015 میں ریاض شیخ سے شادی کی تھی اور ان کے ہاں 2018 میں پہلے بیٹے کی پیدائش ہوئی تھی۔

تبصرے (0) بند ہیں