ارطغرل غازی میری پسندیدہ سیریز ہے، کترینہ کیف

اپ ڈیٹ 05 ستمبر 2021
کترینہ کیف ان دنوں اداکار سلمان خان  کے ہمراہ استنبول میں  فلم ’ٹائیگر 3‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں—فائل فوٹو: فنانشل ایکسپریس
کترینہ کیف ان دنوں اداکار سلمان خان کے ہمراہ استنبول میں فلم ’ٹائیگر 3‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں—فائل فوٹو: فنانشل ایکسپریس

بولی وڈ اداکارہ کترینہ کیف ترکی کے شہرہ آفاق ڈرامے ’ارطغرل غازی‘ کی مداح ہیں اور انہوں نے کہا ہے کہ یہ ان کی پسندیدہ سیریز ہے۔

کترینہ کیف ان دنوں اداکار سلمان خان کے ہمراہ ترکی کے شہر استنبول میں فلم ’ٹائیگر 3‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں۔

ترک وزیر ثقافت و سیاحت کے ساتھ کترینہ کیف اور سلمان خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وہ ترکی میں اپنی فلم کی شوٹنگ کر رہے ہیں اور ان کا تجربہ بہت اچھا رہا ہے۔

میڈیا سے گفتگو کے دوران ایک صحافی نے دونوں سے پوچھا کہ کیا آپ نے ڈراما سیریز ’ارطغرل غازی‘ دیکھی ہے؟

جس کا جواب دیتے ہوئے کترینہ کیف نے کہا کہ ارطغرل غازی میری پسندیدہ سیریز ہے اور مجھے بہت اچھی لگتی ہے، میں نے اب تک 89 اقساط دیکھی ہیں۔

سلمان خان نے بھی بتایا کہ ان کی والدہ ارطغرل ڈراما سیریز روزانہ بہت شوق سے دیکھتی ہیں۔

ترک وزیر ثقافت محمت نوری نے بھی انسٹاگرام پر سلمان خان اور کترینہ کیف سے ملاقات کی تصاویر شیئر کیں۔

اپنی پوسٹ میں انہوں نے لکھا کہ ہماری ملاقات بولی وڈ اداکاروں، سلمان خان اور کترینہ کیف سے ہوئی جو اپنے نئے پروجیکٹس کے لیے ہمارے ملک میں ہیں۔

ترک وزیر ثقافت نے مزید کہا کہ ہم ترکی میں بین الاقوامی سینما پروجیکٹس کی منصوبہ بندی کرتے رہیں گے۔

خیال رہے کہ ارطغرل غازی کی کہانی 13ویں صدی میں ’سلطنت عثمانیہ‘ کے قیام سے قبل کی ہے اور اس ڈرامے کی مرکزی کہانی ’ارطغرل‘ نامی بہادر مسلمان سپہ سالار کے گرد گھومتی ہے، جنہیں ’ارطغرل غازی‘ بھی کہا جاتا ہے۔

ڈرامے میں دکھایا گیا ہے کہ کس طرح 13ویں صدی میں ترک سپہ سالار ارطغرل نے منگولوں، صلیبیوں اور ظالموں کا بہادری سے مقابلہ کیا اور کس طرح اپنی فتوحات کا سلسلہ برقرار رکھا۔

ارطغرل غازی میں سلطنت عثمانیہ سے قبل کی ارطغرل کی حکمرانی، بہادری اور محبت کو دکھایا گیا ہے، اس ڈرامے کی مجموعی طور 179 قسطیں ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں