یومِ دفاع کی مناسبت سے تینوں مسلح افواج کے نغمے ریلیز

اپ ڈیٹ 07 ستمبر 2021
آئی ایس پی آر نے اس موقع پر خصوصی ویڈیو سلسلہ اور پاک فضائیہ نے مختصر دستاویزی فلم بھی جاری کی ہے—فوٹوز: اسکرین شاٹ
آئی ایس پی آر نے اس موقع پر خصوصی ویڈیو سلسلہ اور پاک فضائیہ نے مختصر دستاویزی فلم بھی جاری کی ہے—فوٹوز: اسکرین شاٹ

یومِ دفاع پاکستان (6 ستمبر) کے موقع پر ملک کی تینوں مسلح افواج نے وطنِ عزیز کی خاطر جان کا نذرانہ دینے والے جوانوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ملی نغمے جاری کردیے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) نے اس موقع پر 'مادرِ مہربان ' ریلیز کیا ہے۔

یہ نغمہ پاکستان کے معروف گلوکار شفقت امانت علی، عابدہ پروین ، سجاد علی سمیت دیگر گلوگاروں نے گایا ہے۔

' مادر ملت' کے عنوان سے جاری کیا گیا یہ ملی نغمہ افواج اور قوم کے عزم کا عکاس ہے کہ وطن کی سرحدوں کے دفاع کے لیے قوم متحد ہے۔

علاوہ ازیں آئی ایس پی آر کی جانب سے یوم دفاع کے حوالے سے مختصر دورانیے کی ویڈیوز بھی جاری کی گئی ہیں۔

'وطن کی مٹی گواہ رہنا' کے عنوان سے جاری اس ویڈیو سلسلے میں شہدا ، غازیوں اور ان کے اہلخانہ کو خراج عقیدت پیش کیا جارہا ہے۔

دِل خوش ہوا (پاک بحریہ)

دوسری جانب پاک بحریہ نے بھی یومِ دفاع پاکستان کی مناسبت سے خصوصی نغمہ 'دِل خوش ہوا' ریلیز کیا ہے۔

ترجمان پاک بحریہ کے مطابق اس نغمے کے ذریعے جانثاروں کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا ہے۔

نغمے میں یونیفارم سے جڑے فرض اور قرض کے احساسِ ذمہ داری اور شہادت کے لازوال جذبے کی بہترین عکاسی کی گئی ہے۔

ترجمان کے مطابق یہ نغمہ تین دوستوں کی کہانی ہے جو ایسا جڑے کہ پھر شہادت بھی انہیں جدا نہ کر سکی۔

اس نغمے میں یہ پیغام دیا گیا ہے کہ فرض کی راہ میں شہادت سفر کا اختتام نہیں بلکہ پاسبانی کے نئے سفر کا آغاز ہے۔

یہ نغمہ پاکستان کے معروف گلوکار عاطف اسلم نے گایا ہے جس کی موسیقی ساحر علی بگا نے ترتیب دی ہے۔

میں اُڑا (پاک فضائیہ)

دوسری جانب پاک فضائیہ کی جانب سے بھی یومِ دفاع کی مناسبت سے ملی نغمہ ریلیز کردیا گیا۔

یہ نغمہ پاکستان کے معروف اور نامور گلوکار علی ظفر نے گایا ہے جس میں جذبہ حب الوطنی کو اجاگر کیا گیا ہے۔

ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق اس نغمے میں اس عہد کی تجدید کی گئی ہے کہ پاک فضائیہ کا ہر فرد پوری قوم کے شانہ بشانہ وطن عزیز کی ترقی اور خوشحالی میں اپنا بھرپور کردار ادا کرے گا۔

علاوہ ازیں پاک فضائیہ کی جانب سے یوم دفاع کی مناسبت سے یومیہ بنیادوں پر مختصر دستاویزی فلم کی اقساط جاری کی جارہی ہیں اور اب تک اس کی 7 اقساط جاری کی جاچکی ہیں۔

ستمبر 1965 کی جنگ کی مناسبت سے پاک فضائیہ کے سپوتوں کی جرات و بہادری پر بننے والی دستاویزی فلم انہیں خراج تحسین ہے جنہوں نے دشمن کے ساتھ 1965 میں پیش آنے والے فضائی معرکے میں بہادری کی نئی داستان رقم کی اور ملک و قوم کا وقار بلند کیا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں