ٹی20 ورلڈ کپ کیلئے بھارتی اسکواڈ کا اعلان، ایشون سمیت پانچ اسپنرز شامل

اپ ڈیٹ 09 ستمبر 2021
بھارت کے اسکواڈ میں پانچ اسپنرز کو شامل کیا گیا ہے— فائل فوٹو: اے ایف پی
بھارت کے اسکواڈ میں پانچ اسپنرز کو شامل کیا گیا ہے— فائل فوٹو: اے ایف پی

بھارت نے ٹی20 ورلڈ کپ کے لیے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا ہے جس میں روی چندرن ایشون کی واپسی ہوئی ہے اور سابق کپتان مہندرا سنگھ دھونی کو ٹیم کا مینٹور مقرر کردیا گیا ہے۔

بھارت کے ورلڈ کپ اسکواڈ میں چند اہم اور بڑے نام شامل نہیں کیے گئے جن میں اوپننگ بلے باز شیکھر دھاون کے ساتھ ساتھ اسپنرز کلدیپ یادیو اور یزویندر چاہل کے نام قابل ذکر ہیں۔

مزید پڑھیں: ٹی 20 ورلڈ کپ کا شیڈول جاری، پاکستان اور بھارت کا ٹاکرا 24 اکتوبر کو ہوگا

ان دو اسپنرز کی جگہ بھارتی ٹیم کی سلیکشن کمیٹی نے وارُن چکراورتھی اور راہل چاہر کو اسکواڈ میں منتخب کیا ہے۔

انڈین پریمیئر لیگ میں ممبئی انڈینز کی نمائندگی کرنے والے نوجوان بلے باز سوریاکمار یادیو اور ایشان کشن بھی عالمی کپ کے لیے ٹیم میں جگہ بنانے میں کامیاب رہے۔

ویرات کوہلی کی زیر قیادت ٹیم میں اسپن کے شعبے پر خاص توجہ دی گئی ہے اور ایونٹ متحدہ عرب امارات میں ہونے کے پیش نظر پانچ اسپنرز کو اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔

اہم ایونٹ کے لیے تجربہ کار روی چندرن ایشون کی اسکواڈ میں واپسی ہوئی ہے جبکہ اس کے علاوہ اکشر پٹیل اور رویندرا جدیجا بھی موجود ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: آئی سی سی نے ٹی20 ورلڈ کپ کی متحدہ عرب امارت منتقلی کی تصدیق کردی

فاسٹ باؤلنگ میں جسپریت بمراہ، محمد شامی اور بھوونیشور کمار کا ساتھ دینے کے لیے آل راؤنڈر ہردک پانڈیا بھی موجود ہوں گے۔

کندھے کی انجری سے صحتیاب ہونے والے شریاس آئیر کو شردل ٹھاکر اور دیپک چاہر کے ہمراہ ریزرو کھلاڑیوں میں رکھا گیا ہے۔

ورلڈ کپ کی اہمیت کو مدنظر رکھتے ہوئے سابق بھارتی کپتان مہندرا سنگھ دھونی کو ٹیم کے ساتھ بطور مینٹور منسلک کیا گیا ہے جو ہیڈ کوچ روی شاستری اور دیگر اسٹاف کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔

بھارتی ٹیم کے پاس ورلڈ کپ سے قبل ٹیم میں تبدیلیوں کا اس لیے بھی نادر موقع میسر ہے کہ انڈین پریمیئر لیگ عالمی ایونٹ سے چند دن قبل اختتام پذیر ہو گی اور اس کی فارم کی بنیاد پر بھارتی ٹیم 10 اکتوبر تک ٹیم میں تبدیلیاں کر سکتی ہے۔

عالمی ایونٹ کے لیے بھارتی ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔

ویرات کوہلی(کپتان)، لوکیش راہُل، روہت شرما، سوریا کمار یادیو، ریشابھ پنت، ایشان کشن، ہردک پانڈیا، رویندرا جدیجا، راہل چاہر، روی چندرن ایشون، اکشر پٹیل، ورُن چکراورتھی، جسپریت بمراہ، بھوونیشور کمار، محمد شامی۔

ریزرو کھلاڑی

شریاس آئیر، شردل ٹھاکر اور دیپک چاہر

تبصرے (0) بند ہیں