افغانستان میں پائیدار امن کیلئے عالمی برادری کی امداد ضروری ہے، آرمی چیف

اپ ڈیٹ 10 ستمبر 2021
آرمی چیف کی زیر صدارت کور کمانڈرز کانفرنس میں عالمی، علاقائی اور ملکی سلامتی کی صورتحال کا جامع جائزہ لیا گیا— فوٹو: ڈان نیوز
آرمی چیف کی زیر صدارت کور کمانڈرز کانفرنس میں عالمی، علاقائی اور ملکی سلامتی کی صورتحال کا جامع جائزہ لیا گیا— فوٹو: ڈان نیوز

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ جنگ زدہ افغانستان میں پائیدار امن اور استحکام کے حصول کے لیے بین الاقوامی برادری کی جانب سے تعمیری روابط اور اور انسانی امداد کی ضروری ہے۔

انہوں نے اس بات کا اظہار راولپنڈی میں جنرل ہیڈ کوارٹرز میں کور کمانڈرز کانفرنس کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

مزید پڑھیں: توقع ہے، طالبان خواتین اور انسانی حقوق سے متعلق اپنے وعدے پورے کریں گے، آرمی چیف

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ 'آئی ایس پی آر' کے ڈائریکٹر جنرل کی جانب سے جاری سلسلہ وار ٹوئٹس میں کہا گیا کہ اجلاس میں عالمی، علاقائی اور ملکی سلامتی کی صورتحال کا جامع جائزہ لیا گیا۔

کانفرنس میں افغانستان کی موجودہ صورتحال خصوصاً پاک افغان سرحد پر سیکیورٹی اور مختلف خطرات کے خلاف مؤثر حفاظتی اقدامات سے آگاہ کیا گیا۔

آرمی چیف نے جامع بارڈر مینجمنٹ کے نظام کی افادیت پر اطمینان کا اظہار کیا جس کی بدولت خطے میں بحرانی صورتحال کے دوران پاکستان کی سرحدوں اور داخلی سلامتی کی صورتحال برقرار رکھنے میں مدد ملی۔

انہوں نے افغانستان سے غیر ملکیوں اور افغان باشندوں کے انخلا اور ٹرانزٹ سے متعلقہ کوششوں میں پاک فوج کے تعاون اور کردار کو سراہا اور امن کے لیے پاکستان کے پختہ عزم کا اعادہ کیا۔

یہ بھی پڑھیں: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے امریکی سی آئی اے ڈائریکٹر کی ملاقات

ان کا کہنا تھا کہ عالمی برادری کی جانب سے افغانستان کے لیے تعمیری روابط اور پائیدار انسانی امداد دیرپا امن اور استحکام کے لیے ضروری ہیں۔

جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ خوشحال اور پرامن خطے کے لیے تمام علاقائی اسٹیک ہولڈرز کے درمیان قریبی تعاون ضروری ہے۔

کور کمانڈرز کانفرنس نے مقبوضہ جموں وکشمیر میں سید علی گیلانی کی تحریک آزادی کے رہنما کی حیثیت سے زندگی بھر کی جدوجہد اور قربانیوں پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا اور بھارتی ریاستی جبر اور تشدد کا سامنا کرنے والے کشمیریوں سے یکجہتی کا اظہار کیا۔

آرمی چیف نے محرم کے پرامن طریقے سے انعقاد کے لیے فارمیشنز کی کوششوں کو سراہا اور روایتی اور غیر روایتی خطرات سے نمٹنے کے لیے مکمل تیاری کی ہدایت کی۔

مزید پڑھیں: افغان رہنماؤں کے سیاسی وفد کی وزیراعظم اور آرمی چیف سے ملاقات

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں امن اور استحکام کی دشمن بیرونی اور اندرونی قوتوں کے ناپاک عزائم کو ہر قیمت پر ناکام بنایا جائے گا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں