عمر شریف کے علاج کیلئے حکومت سے مالی مدد نہیں مانگی، اہل خانہ

11 ستمبر 2021
اداکار عارضہ قلب میں مبتلا ہیں—فائل فوٹو: زرین غزل، انسٹاگرام
اداکار عارضہ قلب میں مبتلا ہیں—فائل فوٹو: زرین غزل، انسٹاگرام

پاکستان کے نامور کامیڈین، اسٹیج اداکار و میزبان عمر شریف کے اہل خانہ نے واضح کیا ہے کہ انہوں نے اداکار کے علاج کے لیے حکومت یا کسی اور سے مالی مدد نہیں مانگی۔

عمر شریف کے آفیشل فیس بک اکاؤنٹ پر کی جانے والی مختصر وضاحتی پوسٹ میں ادکار کی اہلیہ زرین غزل اور بیٹے جواد عمر کے نام سے منسوب پیغام میں بتایا گیا کہ انہوں نے حکومت سے صرف ویزا سہولیات سے متعلق مدد مانگی ہے۔

پوسٹ میں لکھا گیا کہ عمر شریف یا ان کے اہل خانہ نے حکومت یا کسی اور ادارے سے مالی مدد نہیں مانگی بلکہ جلد سے جلد علاج کے لیے بیرون ملک منتقل ہونے سے متعلق ویزا سہولیات کی مدد طلب کی تھی۔

پوسٹ میں میزبان وسیم بادامی, وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور شہباز گِل، حکومتی ترجمان شاہد آفریدی اور امریکا کے ماہر امراض قلب ڈاکٹر طارق شہاب اور سفیر بٹ کا بھی شکریہ ادا کیا گیا۔

مختصر پوسٹ میں بتایا گیا کہ حکومتی نمائندے اور دیگر لوگ عمر شریف کے اہل خانہ سے رابطے میں ہیں اور انہوں نے اداکار کی علاج کے لیے بیرون ملک جلد سے جلد منتقلی کے حوالے سے تمام اقدامات اٹھانے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

دس ستمبر کو کی گئی پوسٹ میں عمر شریف کی صحت کے حوالے سے کوئی وضاحت جاری نہیں کی گئی، تاہم اس سے قبل کی گئی پوسٹ میں بتایا گیا تھا کہ اداکار کے لیے اگلے 24 گھنٹے انتہائی اہم ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: عمر شریف کی علاج کیلئے وزیراعظم سے مدد کی اپیل

عمر شریف کی صحت کے حوالے سے 10 ستمبر کو ہی فیس بک پر کی جانے والی ان کی اہلیہ زرین غزل سے منسوب پوسٹ میں مداحوں سے دعا کی اپیل بھی کی گئی تھی اور بتایا گیا تھا کہ اداکار کی صحت کے لیے اگلے 24 گھنٹے اہم ہیں۔

عمر شریف کے فیس بک پر کی گئی مذکورہ پوسٹس سے قبل وسیم بادامی کے شو میں اداکار کا وزیر اعظم عمران خان سے مدد کی اپیل سے متعلق ویڈیو پیغام نشر کیا گیا تھا۔

ٹی وی شو میزبان وسیم بادامی نے اپنے پروگرام الیونتھ آور میں عمر شریف کا خصوصی پیغام جاری کیا۔

عمر شریف کی جانب سے وزیر اعظم عمران خان سے مدد کی اپیل کرتے ہوئے کہا گیا کہ 'ڈاکٹرز نے کہا ہے کہ مجھے بہتر علاج کے لیے بیرونِ ملک جانا چاہیے'۔

انہوں نے کہا کہ 'میری قسمت میں تھا کہ میں نے عمران خان کے شوکت خانم کینسر ہسپتال بنانے میں مدد کی'۔ انہوں نے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ 'میں عمر شریف، وزیراعظم پاکستان عمران خان سے مخاطب ہوں، عمران خان جب بھی کوئی کام شروع کیا ہے آپ نے مجھے فون کیا، میں نے ہمیشہ آپ کی آواز پر لبیک کہا ہے اسی لیے مجھے یقین ہے کہ آپ بھی میری آواز پر لبیک کہیں گے'۔

مزید پڑھیں: عمر شریف ہسپتال میں ہیں اور روبہ صحت ہیں، فیصل قریشی

انہوں نے واضح طور پر وزیر اعظم یا حکومت سے مالی مدد نہیں مانگی تھی اور اب ان کے اہل خانہ کی جانب سے واضح کیا گیا ہے کہ انہوں نے صرف ویزا سہولیات سے متعلق حکومت سے مدد طلب کی ہے۔

معروف کامیڈین کی صحت کے حوالے سے گزشتہ ماہ اگست کے آخر میں اس وقت افواہیں پھیلنا شروع ہوئی تھیں جب سوشل میڈیا پر ان کے نام سے منسوب ایک اکاؤنٹ سے عمر شریف کی ویل چیئر پر بظاہر بیمار حالت کی تصویر شیئر کی گئی تھی۔

ابتدائی طور پر اداکار کے اہل خانہ نے ان کی بیماری کی بھی تصدیق نہیں کی تھی—فائل فوٹو: انسٹاگرام
ابتدائی طور پر اداکار کے اہل خانہ نے ان کی بیماری کی بھی تصدیق نہیں کی تھی—فائل فوٹو: انسٹاگرام

بعدازاں 4 اور 5 ستمبر کو سوشل میڈیا پر ان کی انتقال کی افواہیں گردش کررہی تھیں اور عمر شریف کے اہل خانہ نے ڈان نیوز ڈاٹ ٹی وی سے مختصر بات کرتے ہوئے اداکار سے متعلق افواہوں پر برہمی کا اظہار کیا تھا اور ان کی خیریت کی تصدیق کی تھی۔

5 ستمبر کو ہی اداکار فیصل قریشی نے بھی تصدیق کی تھی کہ عمر شریف روبہ صحت ہیں اور یہ بھی بتایا تھا کہ اداکار ہسپتال میں ہیں۔

ابتدائی طور پر تو عمر شریف کے اہل خانہ نے ان کی بیماری سے متعلق بھی تصدیق نہیں کی تھی، تاہم فیصل قریشی کی جانب سے اداکار کے ہسپتال میں داخل ہونے کی بات کہے جانے کے بعد اہل خانہ نے تسلیم کیا کہ کامیڈین و میزبان ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔

ابھی عمر شریف کے اہل خانہ نے تصدیق کی ہے کہ اداکار عارضہ قلب میں مبتلا ہیں، تاہم اس ضمن میں واضح تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔

ماضی میں بھی عمر شریف کے بیمار ہونے کی خبریں سامنے آتی رہی ہیں اور 2017 میں بھی ان کی ہسپتال کے بسترے پر کھینچی گئی تصویر وائرل ہوئی تھی، جس کے بعد ان کے اہلخانہ نے وضاحت بھی جاری کی تھی۔

ان کے اہلخانہ نے 2017 میں بتایا تھا کہ اداکار کو سینے میں معمولی انفیکشن ہوگیا تھا جب کہ ان سے متعلق خبریں پھیلائی گئی تھیں کہ وہ کینسر کا شکار ہوگئے جب کہ بعض سوشل میڈیا پیجز پر ان کے انتقال کی افواہیں پھیلائی تھیں۔

عمر شریف ٹی وی، اسٹیج ایکٹر، فلم ڈائریکٹر کے طور پر جانے جاتے ہیں انہوں نے اسٹیج و تھیٹر نہ صرف ملک میں بلکہ بیرونِ ملک بھی بہت مقبولیت حاصل کی۔

انہوں نے تقریبا 5 دہائیوں تک شوبز میں کام کیا ہے اور درجنوں، ڈراموں، اسٹیج تھیٹرز اور لائیو پروگرامات میں پرفارمنس کی ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں