خیبر پختونخوا: ہزارہ اور مالاکنڈ ڈویژنز میں تیز بارش، حادثات میں 14 افراد جاں بحق

اپ ڈیٹ 12 ستمبر 2021
انہوں نے کہا کہ آسمانی بجلی گرنے کے باعث مکانات منہدم ہونے سے 13 افراد ان کے ملبے تلے دب گئے — فوٹو: بشکریہ اسسٹنٹ کمشنر تورغر اظہر ظہور
انہوں نے کہا کہ آسمانی بجلی گرنے کے باعث مکانات منہدم ہونے سے 13 افراد ان کے ملبے تلے دب گئے — فوٹو: بشکریہ اسسٹنٹ کمشنر تورغر اظہر ظہور

خیبر پختونخوا کے ہزارہ اور مالاکنڈ ڈویژنز میں کلاؤڈ برسٹ کے باعث تیز بارشوں کی وجہ سے حادثات میں خواتین و بچوں سمیت 14 افراد جاں بحق ہوگئے۔

ریجن کے اسسٹنٹ کمشنر اظہر ظہور کے مطابق زیادہ تر ہلاکتیں تورغر کی تحصیل جودبا کے دور دراز علاقے جھٹکا میں ہوئیں، جہاں آسمانی بجلی گرنے کے باعث تین مکانات کو نقصان پہنچا۔

انہوں نے کہا کہ آسمانی بجلی گرنے کے باعث مکانات منہدم ہونے سے 13 افراد ان کے ملبے تلے دب گئے۔

— فوٹو: بشکریہ اسسٹنٹ کمشنر تورغر اظہر ظہور
— فوٹو: بشکریہ اسسٹنٹ کمشنر تورغر اظہر ظہور

ملبے سے اب تک 12 افراد کی لاشیں نکالی جاچکی ہیں جبکہ ریسکیو کا کام جاری ہے۔

اسسٹنٹ کمشنر نے کہا کہ 'میں ذاتی طور پر ریسکیو آپریشن کی نگرانی کر رہا ہوں، زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے جبکہ سڑکوں کو ٹریفک کے لیے کلیئر کردیا گیا ہے'۔

ان کا کہنا تھا کہ متاثرہ خاندانوں کو سہولیات، خیمے اور خوراک فراہم کی جائیں گی۔

یہ بھی پڑھیں: خیبر پختونخوا میں بارشیں، سیلاب سے 15 افراد جاں بحق

اظہر ظہور نے کہا کہ تیز بارش کے باعث مویشیوں کے باڑے کو بھی نقصان پہنچا جبکہ ٹریکٹر سلپ ہونے سے اس کا ڈرائیور جاں بحق ہوگیا۔

اس کے علاوہ بارش کے باعث لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات بھی پیش آئے جبکہ سڑکیں بند ہوگئیں۔

دوسری جانب ایبٹ آباد کے علاقے کاکول میں مکان کی چھت گرنے سے ایک ہی خاندان کے 7 افراد اس کے ملبے تلے دب گئے۔

ملبے سے 3 افراد کی لاشیں اور 2 زخمیوں کو نکالا جاچکا ہے جبکہ ریسکیو آپریشن جاری ہے۔

مزید پڑھیں: خیبر پختونخوا میں شدید بارشوں سے 2 بچے جاں بحق، متعدد گھروں کو نقصان

ریسکیو 1122 کے مطابق مکان کی چھت تیز بارش کے باعث گری، لاشوں اور زخمیوں کو ایبٹ آباد کے ایوب میڈیکل کمپلیکس منتقل کردیا گیا ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں