رمیز راجا پی سی بی کے بلامقابلہ چیئرمین منتخب

اپ ڈیٹ 13 ستمبر 2021
نومنتخب چیئرمین کی جانب سے آج پریس کانفرنس کیے جانے کا امکان ہے — فوٹو: بشکریہ پی سی بی
نومنتخب چیئرمین کی جانب سے آج پریس کانفرنس کیے جانے کا امکان ہے — فوٹو: بشکریہ پی سی بی

پاکستان کے سابق کپتان رمیز راجا پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے بلامقابلہ نئے چیئرمین منتخب ہوگئے۔

پی سی بی کے مطابق رمیز راجا کا انتخاب متفقہ طور پر اور بلامقابلہ کیا گیا۔

وہ کرکٹ بورڈ کے 36ویں چیئرمین ہیں جن کا انتخاب تین سال کے لیے کیا گیا ہے۔

بورڈ کے نئے چیئرمین کے انتخاب کے لیے بورڈ آف گورنرز کا خصوصی اجلاس نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر لاہور میں منعقد ہوا۔

پی سی بی کے الیکشن کمشنر جسٹس ریٹائرڈ شیخ عظمت سعید نے انتخاب کرایا اور خصوصی اجلاس کی صدارت کی۔

نومنتخب چیئرمین کی جانب سے آج پریس کانفرنس کیے جانے کا امکان ہے۔

یہ بھی پڑھیں: رمیز راجا کی پسند سے اسکواڈ کے انتخاب کا تاثر غلط ہے، چیف سلیکٹر

انہوں نے چیئرمین منتخب ہونے کے بعد اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 'میں آپ سب کا مشکور ہوں کہ آپ نے مجھے پی سی بی کا چیئرمین منتخب کیا اور میں آپ کے ساتھ مل کر کام کرنے کا منتظر ہوں تاکہ ہم پاکستان کرکٹ کو میدان کے اندر اور باہر دونوں مقامات پر مضبوط کریں اور پرواز چڑھائیں'۔

انہوں نے کہا کہ 'میری پہلی ترجیح قومی کرکٹ ٹیم میں اس سوچ، ثقافت اور نظریے کو متعارف کروانا ہے جس نے کبھی پاکستان کو کرکٹ کی سب سے خطرناک ٹیم بنا دیا تھا، ہم سب کو قومی کرکٹ ٹیم کے شانہ بشانہ کھڑے ہونے اور ان کی مطلوبہ ضروریات کو پورا کرنے کی ضرورت ہے تاکہ وہ اسی برانڈ کی کرکٹ کھیلیں جس کی ان سے شائقین کرکٹ توقع کرتے ہیں'۔

رمیز راجا، احسان مانی کی جگہ لیں گے جن کی گزشتہ ماہ تین سالہ مدت پوری ہوگئی تھی۔

رمیز راجا اور اسد علی خان کو پی سی بی کے پیٹرن اِن چیف وزیر اعظم عمران خان نے نامزد کیا تھا۔

عمران خان جب اپوزیشن میں تھے جب وہ اس پالیسی کے مخالف تھے کہ پی سی بی چیئرمین کے لیے وزیر اعظم کی جانب سے نامزدگی کی جائے۔

تاہم انہوں نے احسان مانی کو نامزد کیا اور اس مرتبہ بھی اسی پالیسی پر عمل کرتے ہوئے رمیز راجا اور اسد علی خان کی نامزدگیاں کیں۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ اسد علی خان کو احسان مانی کے ساتھ بھی نامزد کیا گیا تھا۔

مزید پڑھیں: رمیز راجا کو چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ بنانے کا فیصلہ

اس وقت بورڈ آف گورنرز کے مجموعی 10 اراکین میں سے 7 موجود ہیں جن میں عاصم واجد جاوید، عالیہ ظفر، اسد علی خان، عارف سعید، جاوید قریشی، رمیز راجا اور پی سی بی کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان شامل ہیں۔

صوبائی کرکٹ ایسوسی ایشنز کے بقیہ 3 اراکین کا انتخاب ہونا باقی ہے جو احسان مانی کے دور کے دوران سامنے آنے والی بڑی خامی ہے۔

خیال رہے کہ رمیز راجا ٹیسٹ کرکٹ میں پاکستان کے 18ویں اور ایک روزہ کرکٹ میں 12ویں کپتان رہے ہیں۔

انہوں نے 1984 سے 1997 تک اپنے بین الاقوامی کرکٹ کریئر میں مجموعی طور پر 255 ایک روزہ میچز میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے 8 ہزار 674 رنز بنائے۔

وہ 2003 سے 2004 تک پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو بھی رہ چکے ہیں اور آئی سی سی چیف ایگزیکٹو کمیٹی میں پاکستان کی نمائندگی کر چکے ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں