ویزے، ایئر ایمبولینس کے انتظامات ہوگئے، جلد امریکا روانہ ہوں گے، اہلیہ عمر شریف

اپ ڈیٹ 14 ستمبر 2021
عمر شریف عارضہ قلب میں مبتلا ہیں—فائل فوٹو: فیس بک
عمر شریف عارضہ قلب میں مبتلا ہیں—فائل فوٹو: فیس بک

لیجنڈری اداکار، کامیڈین و میزبان عمر شریف کی اہلیہ زرین غزل نے تصدیق کی ہے کہ وفاقی حکومت کے خصوصی اقدامات کی وجہ سے ان کے ویزے اور سندھ حکومت کی مہربانیوں سے ایئرایمبولینس کے انتظامات ہو چکے۔

عمر شریف گزشتہ ایک ماہ سے علیل ہیں اور وہ کراچی کے آغا خان ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔

کچھ دن قبل عمر شریف نے ہسپتال کے بسترے سے حکومت سے ویزا جاری کرنے اور ایئر ایمبولینس فراہم کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔

اب ان کی اہلیہ اداکارہ زرین غزل نے تصدیق کی ہے کہ وفاقی حکومت نے عمر شریف اور اہل خانہ کے دیگر افراد کے ویزے کے انتظامات مکمل کرلیے اور انہیں ایک روز کے اندر ویزے ملنے کا امکان ہے۔

زرین غزل نے ’جیو نیوز‘ سے بات کرتے ہوئے اس بات کی بھی تصدیق کی کہ عمر شریف کو علاج کے لیے امریکا منتقل کرنے کے لیے سندھ حکومت نے ایئر ایمبولینس کا بھی انتظام کرلیا۔

اداکار کی اہلیہ کے مطابق ایئر ایمبولینس کے تمام اخراجات اور انتظامات سندھ حکومت دیکھے گی جب کہ ویزے جلد جاری کرنے میں وفاقی حکومت کا کردار ہے۔

ساتھ ہی انہوں نے بتایا کہ ویزے ملنے کے بعد وہ 15 یا 16 ستمبر کو ایئر ایمبولینس کے ذریعے امریکا روانہ ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیں: عمر شریف کی علاج کیلئے وزیراعظم سے مدد کی اپیل

زرین غزل کے مطابق وہ ایئر ایمبولینس کے ذریعے جارج واشنگٹن یونیورسٹی جائیں گے، جہاں اداکارہ ریما خان کے شوہر ڈاکٹر طارق شہاب نے عمر شریف کے علاج کے تمام انتظامات پہلے ہی کرلیے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ڈاکٹر طارق شہاب نے میڈیکل ٹیم کو پہلے سے ہی تیار کر رکھا ہے اور عمر شریف کے امریکا پہنچتے ہی ان کا علاج شروع کردیا جائے گا۔

دوسری جانب ڈاکٹر طارق شہاب نے بھی جیو نیوز کو بتایا کہ عمر شریف کا علاج ایک ہفتے تک جاری رہ سکتا ہے جب کہ ان کی صحت یابی میں 4 ہفتے بھی لگ سکتے ہیں۔

ڈاکٹر طارق شہاب یا زرین غزل نے عمر شریف کی بیماری سے متعلق وضاحت نہیں کی، تاہم اداکار کی اہلیہ نے اپنی فیس بک پوسٹ میں بتایا کہ ان کے شوہر کی طبیعت پہلےسے کچھ بہتر ہے۔

زرین غزل کے مطابق ڈاکٹرز نے عمر شریف کی طبیعت بہتر کرنے کے انتظامات کیے جس وجہ سے اب وہ ایئر ایمبولینس میں سفر کرنے کے اہل بن چکے ہیں اور وہ جلد ہی علاج کے لیے امریکا روانہ ہوں گے۔

ساتھ ہی زرین غزل نے فیس بک پوسٹ میں اس بات پر بھی دکھ کا اظہار کیا کہ لوگوں نے عمر شریف کی ہسپتال کے بسترے کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر شیئر کیں۔

انہوں نے فیس بک پوسٹ میں بھی وفاقی اور سندھ حکومت کا شکریہ ادا کیا اور ساتھ ہی مداحوں سے دعا کی اپیل بھی کی۔

عمر شریف عارضہ قلب میں مبتلا ہیں اور وہ گزشتہ ایک ماہ سے ہسپتال میں ہیں۔

مزید پڑھیں: عمر شریف کے علاج کیلئے حکومت سے مالی مدد نہیں مانگی، اہل خانہ

ابتدائی طور پر گزشتہ ماہ ان کے اہل خانہ نے اداکار کے بیمار ہونے یا ہسپتال میں داخل ہونے کی اطلاعات کو مسترد کیا تھا، تاہم بعد ازاں انہوں نے تسلیم کیا کہ عمر شریف زیر علاج ہیں۔

ہسپتال میں عمر شریف کی طبیعت بگڑ جانے پر انہوں نے ایک ویڈیو پیغام کے ذریعے وزیر اعظم عمران خان سے بیرون ملک علاج کے لیے مدد طلب کی تھی۔

عمر شریف کی جانب سے مدد طلب کیے جانے کے بعد وفاقی حکومت نے ان کے علاج کے لیے میڈیکل بورڈ تشکیل دیا تھا اور اب اداکار کےاہل خانہ نے بتایا ہے کہ بیرون ملک جانے کے تمام انتظامات تقریبا مکمل ہوچکے اور وہ دو دن میں امریکا روانہ ہوں گے۔

ویزے وفاقی حکومت اور ایئر ایمبولینس سندھ حکومت فراہم کر رہی ہے، زرین غزل—فائل فوٹو: فیس بک
ویزے وفاقی حکومت اور ایئر ایمبولینس سندھ حکومت فراہم کر رہی ہے، زرین غزل—فائل فوٹو: فیس بک

تبصرے (0) بند ہیں