حکومت سندھ کا عمر شریف کا علاج کرانے کا اعلان

اپ ڈیٹ 11 ستمبر 2021
میزبان وسیم بادامی نے اپنے پروگرام میں عمر شریف کا خصوصی پیغام جاری کیا تھا—فائل فوٹو: فیس بک
میزبان وسیم بادامی نے اپنے پروگرام میں عمر شریف کا خصوصی پیغام جاری کیا تھا—فائل فوٹو: فیس بک

پاکستان کے مقبول کامیڈین، اسٹیج اداکار و میزبان عمر شریف کی جانب سے علاج کے لیے بیرونِ ملک سفر میں آسانی اور ویزا سہولیات جلد فراہم کرنے سے متعلق وزیراعظم سے مدد طلب کرنے کے بعد حکومت سندھ نے ان کا علاج کرانے کا اعلان کردیا۔

دوسری جانب وفاقی حکومت ان کے بیرونِ علاج کے لیے انتظامات کرنے میں مصروف ہے۔

عمر شریف کا علاج کرانے کا اعلان صوبہ سندھ کے محکمہ ثقافت کی جانب سے کیا گیا۔

مزید پڑھیں: عمر شریف کے علاج کیلئے حکومت سے مالی مدد نہیں مانگی، اہل خانہ

سندھ کے وزیر ثقافت سید سردار شاہ نے عمر شریف کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور کہا کہ عمر شریف ہمارا قومی اثاثہ ہیں۔

سید سردار شاہ نے کہا کہ ان کی ببماری کا سن کر افسردہ ہیں وہ جہاں چاہیں محکمہ ثقافت ان کا علاج کروائے گا۔

انہوں نے کہا کہ محکمہ ثقافت پہلے بھی عمر شریف کے ساتھ تھا اور اب بھی ہے۔

صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ عمر شریف اپنی مثال آپ ہیں اور کامیڈی میں وہ خود میں ایک ادارے کی مثل ہیں۔

سید سردار شاہ نے کہا کہ ہماری نیک خواہشات ان کے ساتھ ہیں اور امید ہے کہ وہ جلد ہی ٹھیک ہوجائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: اہلخانہ نے عمر شریف کے انتقال کی خبروں کی تردید کردی

دوسری جانب وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی روابط ڈاکٹر شہباز گل نے عمر شریف کے بیرون ملک علاج کے حوالے سے حکومتی کوششوں سے متعلق بتایا۔

ڈاکٹر شہباز گل نے ٹوئٹ میں کہا کہ عمر شریف کے علاج کے سلسلے میں وزیراعظم آفس، وزارت خارجہ اور دوسرے تمام متعلقہ اداروں سے رابطے میں ہے۔

انہوں نے بتایا کہ عمر شریف کے ویزا اور سفری کاغذات کے انتظامات پر کام کیا جارہا ہے۔

خٰیال رہے کہ ٹی وی شو میزبان وسیم بادامی نے اپنے پروگرام الیونتھ آور میں عمر شریف کا خصوصی پیغام جاری کیا تھا۔

عمر شریف کی جانب سے وزیر اعظم عمران خان سے مدد کی اپیل کرتے ہوئے کہا گیاتھا کہ 'ڈاکٹرز نے کہا ہے کہ مجھے بہتر علاج کے لیے بیرونِ ملک جانا چاہیے'۔

انہوں نے کہا تھا کہ 'میری قسمت میں تھا کہ میں نے عمران خان کے شوکت خانم کینسر ہسپتال بنانے میں مدد کی'۔ انہوں نے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ 'میں عمر شریف، وزیراعظم پاکستان عمران خان سے مخاطب ہوں، عمران خان جب بھی کوئی کام شروع کیا ہے آپ نے مجھے فون کیا، میں نے ہمیشہ آپ کی آواز پر لبیک کہا ہے اسی لیے مجھے یقین ہے کہ آپ بھی میری آواز پر لبیک کہیں گے'۔

مزید پڑھیں: عمر شریف کی بہتر علاج کیلئے وزیراعظم سے مدد کی اپیل

بعدازاں ان کی ویڈیو پر ردعمل دیتے ہوئے ڈاکٹر شہباز گل نے کہا تھا کہ میں وزیراعظم کو عمر شریف کا یہ پیغام دوں گا اور جن 3 ممالک میں ان کا علاج ہے وہاں بھی بذات خود رابطہ کروں گا اور حکومت سے جو کچھ ہوسکا کرے گی'۔

جس کے بعد گزشتہ روز عمر شریف کے آفیشل فیس بک اکاؤنٹ پر کی جانے والی مختصر وضاحتی پوسٹ میں ادکار کی اہلیہ زرین غزل اور بیٹے جواد عمر کے نام سے منسوب پیغام میں بتایا گیا تھا کہ انہوں نے حکومت سے صرف ویزا سہولیات سے متعلق مدد مانگی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: عمر شریف ہسپتال میں ہیں اور روبہ صحت ہیں، فیصل قریشی

معروف کامیڈین کی صحت کے حوالے سے گزشتہ ماہ اگست کے آخر میں اس وقت افواہیں پھیلنا شروع ہوئی تھیں جب سوشل میڈیا پر ان کے نام سے منسوب ایک اکاؤنٹ سے عمر شریف کی ویل چیئر پر بظاہر بیمار حالت کی تصویر شیئر کی گئی تھی۔

عمر شریف نے ایک ویڈیو پیغام میں علاج کی اپیل کی—فائل فوٹو: فیس بک
عمر شریف نے ایک ویڈیو پیغام میں علاج کی اپیل کی—فائل فوٹو: فیس بک

بعدازاں 4 اور 5 ستمبر کو سوشل میڈیا پر ان کی انتقال کی افواہیں گردش کررہی تھیں اور عمر شریف کے اہل خانہ نے ڈان نیوز ڈاٹ ٹی وی سے مختصر بات کرتے ہوئے اداکار سے متعلق افواہوں پر برہمی کا اظہار کیا تھا اور ان کی خیریت کی تصدیق کی تھی۔

ابتدائی طور پر تو عمر شریف کے اہلخانہ نے ان کی بیماری سے متعلق بھی تصدیق نہیں کی تھی، تاہم بعد میں اہلخانہ نے تسلیم کیا کہ کامیڈین و میزبان ہسپتال میں زیر علاج ہیں اور عارضہ قلب میں مبتلا ہیں۔

مزید پڑھیں: عمر شریف کی وائرل تصویر پر مداحوں کا اظہارِ تشویش

ماضی میں بھی عمر شریف کے بیمار ہونے کی خبریں سامنے آتی رہی ہیں اور 2017 میں بھی ان کی ہسپتال کے بسترے پر کھینچی گئی تصویر وائرل ہوئی تھی، جس کے بعد ان کے اہلخانہ نے وضاحت بھی جاری کی تھی۔

خیال رہے کہ عمر شریف ٹی وی، اسٹیج ایکٹر، فلم ڈائریکٹر کے طور پر جانے جاتے ہیں انہوں نے اسٹیج و تھیٹر نہ صرف ملک میں بلکہ بیرونِ ملک بھی بہت مقبولیت حاصل کی۔

انہوں نے تقریبا 5 دہائیوں تک شوبز میں کام کیا ہے اور درجنوں، ڈراموں، اسٹیج تھیٹرز اور لائیو پروگرامات میں پرفارمنس کی ہے۔

ماضی میں بھی عمر شریف کے بیمار ہونے کی خبریں سامنے آتی رہی ہیں — فائل فوٹو: فیس بک
ماضی میں بھی عمر شریف کے بیمار ہونے کی خبریں سامنے آتی رہی ہیں — فائل فوٹو: فیس بک

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں