دلیپ کمار کا ٹوئٹر اکاؤنٹ بند کرنے کا فیصلہ

اپ ڈیٹ 16 ستمبر 2021
ان کے تصدیق شدہ ٹوئٹر اکاؤنٹ کے ترجمان فیصل فاروقی نے  مداحوں کو اس فیصلے سے آگاہ کیا—فائل فوٹو: فیس بک
ان کے تصدیق شدہ ٹوئٹر اکاؤنٹ کے ترجمان فیصل فاروقی نے مداحوں کو اس فیصلے سے آگاہ کیا—فائل فوٹو: فیس بک

شہنشاہ جذبات‘ کہلائے جانے والے لیجنڈری بولی وڈ اداکار یوسف خان المعروف دلیپ کمار کے انتقال کو 2 ماہ سے زائد کا عرصہ گزر جانے کے بعد ان کا ٹوئٹر اکاؤنٹ بند کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔

دلیپ کمار کے تصدیق شدہ ٹوئٹر اکاؤنٹ سے ترجمان فیصل فاروقی نے مداحوں کو اس فیصلے سے آگاہ کیا۔

بولی وڈ اداکار کے اکاؤنٹ سے ٹوئٹ کرتے ہوئے ترجمان نے بتایا کہ کافی بحث و مباحثے کے بعد اور سائرہ بانو جی کی رضامندی سے، میں نے پیارے دلیپ کمار صاحب کا یہ ٹوئٹر اکاؤنٹ بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ٹوئٹ میں مداحوں کی مسلسل محبت اور تعاون کا بھی شکریہ ادا کیا گیا۔

مزید پڑھیں: ’شہنشاہ جذبات‘ دلیپ کمار انتقال کرگئے

خیال رہے کہ دلیپ کمار رواں برس 7 جولائی کو طویل علالت کے بعد 98 برس کی عمر میں انتقال کر گئے تھے۔

دلیپ کمار کو انتقال سے ایک ہفتہ قبل 30 جون کو سانس لینے میں تکلیف کے باعث ایک ہی مہینے میں دوسری مرتبہ ہسپتال میں داخل کرایا گیا تھا، اس سے قبل وہ جون کے شروع میں بھی ہسپتال میں داخل ہوچکے تھے اور ایک ہفتے تک زیر علاج رہنے کے بعد انہیں گھر جانے کی اجازت دی گئی تھی۔

انہوں نے بہت سی فلموں میں مختلف قسم کے کردار ادا کیے لیکن 'مغل اعظم' میں ان کی رومانوی اداکاری اور 'رام اور شام' میں ان کے کردار کو آج بھی بہت پسند کیا جاتا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: دلیپ کمار ایک ماہ میں دوسری مرتبہ ہسپتال منتقل

لیجنڈری ادکار نے 6 درجن سے زائد فلموں میں کام کیا اور ان کی متعدد فلموں کو بولی وڈ کی لازوال فلمیں بھی مانا جاتا ہے، وہ ان چند شوبز شخصیات میں شمار ہوتے ہیں جنہوں نے اپنے کام سے بولی وڈ کے سنہرے دور کی داغ بیل ڈالی۔

ان کی آخری فلم ‘قلعہ’ 1998 میں ریلیز ہوئی تھی، دلیپ کمار کو 1991 میں پدمابھوشن، 1994 میں دادا صاحب پھالکے اور 2015 میں پدماوی بھوشن ایوارڈ سے نوازا جا چکا ہے۔

شہنشاہ جذبات 11 اکتوبر 1966 کو اداکارہ سائرہ بانو سے رشتہ ازدواج میں بندھے، اس وقت دلیپ کمار 44 سال جب کہ سائرہ بانو صرف 22 سال کی تھیں۔

تبصرے (0) بند ہیں