ڈراما دیکھ کر لوگوں نے کہا ’لڑکی بڑی چالاک ہے مگر ہے پیاری‘، کبریٰ خان

اپ ڈیٹ 22 ستمبر 2021
مشعل کے کردار پر لوگ دلچسپ تبصرے کر رہے ہیں، اداکارہ—اسکرین شاٹ
مشعل کے کردار پر لوگ دلچسپ تبصرے کر رہے ہیں، اداکارہ—اسکرین شاٹ

لوگوں میں پسند کیے جانے والے ڈرامے ’ہم کہاں کے سچے تھے‘ میں مشعل کا کردار ادا کرنے والی کبریٰ خان نے کہا ہے کہ ان کا مذکورہ ڈراما دیکھ کر لوگوں نے ان سے متعلق کہا کہ ’لڑکی بڑی چالاک ہے مگر پیاری ہے‘۔

’فوچیا میگزین‘ سے بات کرتے ہوئے کبریٰ خان نے ’مشعل‘ کا کردار ادا کرنے پر لوگوں کے تبصروں پر کھل کر بات کی اور یہ بھی بتایا کہ وہ کچھ عرصہ اسکرین سے کیوں غائب رہیں۔

اداکارہ کے مطابق کورونا کی وجہ سے وہ کچھ عرصے تک اسکرین سے غائب تھیں کہ اس سے قبل وہ ’لندن نہیں جاؤں گی‘ فلم کی شوٹنگ میں مصروف تھیں، جس کی وجہ سے لوگوں کو ان کی غیر حاضری محسوس ہوئی۔

کبریٰ خان نے انٹرویو کے دوران ’ہم کہاں کے سچے تھے‘ میں اپنے کردار پر کھل کر بات کی اور کہا کہ اگر ایماندری سے ڈرامے کا جائزہ لیا جائے تو ان کا کردار منفی یا شیطان لڑکی کا نہیں لگے گا۔

کبریٰ خان ہم کہاں کے سچے تھے میں مشعل کا کردار ادا کیا ہے—اسکرین شاٹ/ یوٹیوب
کبریٰ خان ہم کہاں کے سچے تھے میں مشعل کا کردار ادا کیا ہے—اسکرین شاٹ/ یوٹیوب

انہوں نے ڈرامے میں مشعل نامی لڑکی کا کردار ادا کیا ہے اور انہیں قدرے منفی کردار کے طور پر پیش کیا گیا ہے۔

کبریٰ خان کا کہنا تھا کہ ڈرامے کے آغاز میں ان کا کردار اچھا ہوتا ہے مگر پھر ان کے کردار کے ساتھ ہونے والے واقعات نے انہیں قدرے شیطان بنایا۔

انہوں نے دلیل دی کہ ڈرامے کے آغاز میں ان کے کردار کی ماہرہ خان کے کردار سے دوستی ہوتی ہے جب کہ ان کا کردار ’اسود‘ یعنی عثمان مختار کے کردار کو بچپن سے ہی چاہتا ہے مگر بدقسمتی سے وہ ماہرہ خان کے کردار سے محبت کرتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ’ہم کہاں کے سچے تھے‘ کے کرداروں نے شائقین کے دل جیت لیے

ان کے مطابق ایسی ہی دوسری چھوٹی چھوٹی باتوں کی وجہ سے ان کا کردار شیطان بن جاتا ہے۔

انہوں نے ’مشعل‘ کا کردار ادا کرنے پر لوگوں اور اہل خانہ کے تبصروں پر بھی کھل کر بات کی اور بتایا کہ ان کی والدہ ان کا کردار دیکھ کر رو پڑیں۔

کبریٰ خان کے مطابق والدہ نے انہیں کہا کہ انہوں نے انہیں نہ تو ’مشعل‘ کی طرح پیدا کیا اور نہ ہی اس جیسی تربیت کی۔

اداکارہ نے بتایا کہ لوگوں نے ان کا کردار دیکھنے کے بعد سوشل میڈیا پر طرح طرح کے تبصرے کیے اور انہیں پیغامات بھی بھیجے۔

ہم کہاں کے سچے تھے میں ماہرہ خان اور عثمان مختار نے بھی مرکزی کردار ادا کیے ہیں—اسکرین شاٹ/ یوٹیوب
ہم کہاں کے سچے تھے میں ماہرہ خان اور عثمان مختار نے بھی مرکزی کردار ادا کیے ہیں—اسکرین شاٹ/ یوٹیوب

کبریٰ خان کا کہنا تھا کہ بعض لوگوں نے ان کے کردار سے متعلق کہا کہ ’مشعل‘ ہم کہاں کے سچے تھے کا ’نویان‘ ہیں جو ترک ڈرامے ارطغرل غازی کا منفی کردار ہے۔

ان کے مطابق اسی طرح کئی لڑکوں نے ان کے کردار پر کہا کہ اگر ان جیسی خوبصورت ان کی کزن ہوتیں تو وہ انہیں قتل کردیتے یا خود مرجاتے۔

اداکارہ نے بتایا کہ بعض لوگوں نے ان کا کردار دیکھ کر انہیں پیغامات بھجوائے کہ ’لڑکی بڑی چالاک ہے مگر پیاری بہت ہے‘۔

'ماہرہ خان اور میری عادتیں ایک جیسی ہیں'

اداکارہ کے مطابق ان کی عادتیں ماہرہ خان سے ملتی ہیں—پرومو فوٹو
اداکارہ کے مطابق ان کی عادتیں ماہرہ خان سے ملتی ہیں—پرومو فوٹو

اداکارہ نے انٹرویو کے دوران ماہرہ خان کے ساتھ اپنے تعلقات پر بھی کھل کر بات کی اور بتایا کہ ان دونوں کی عادتیں تقریباً ایک جیسی ہیں۔

کبریٰ خان نے انکشاف کیا کہ ڈرامے کے سیٹ پر انہیں ایک لڑکی کے طور پر نہیں بلکہ لڑکے کے طور پر دیکھا جاتا ہے اور انہیں کبریٰ کے بجائے کبیر کے نام سے پکارا جاتا ہے اور اسی طرح ماہرہ کو ماہر کے نام سے بلایا جاتا ہے۔

مزید پڑھیں: ہم کہاں کے سچے تھے کے ذریعے ماہرہ خان کی ٹی وی پر واپسی

ان کے مطابق وہ اور ماہرہ خان ایک طرح سے ’لڑکوں‘ کی طرح ہی ہیں اور وہ عام طور پر شوٹنگ کے دوران لڑکوں جیسا لباس ہی پہن کر پہنچ جاتی ہیں۔

کبریٰ خان نے یہ بھی بتایا کہ بچپن میں وہ لڑکوں کی طرح کھیلتی اور حرکتیں کرتی تھیں اور ان کی پرورش ایک طرح سے لڑکے کے طور پر ہوئی۔

’صنف آہن‘ کی شوٹنگ کے دوران حقیقی ہتھیار چلائے، کبریٰ خان

انٹرویو کے دوران کبریٰ خان نے اپنے آنے والے ڈراموں ’سنگ ماہ‘ اور ’صنف آہن‘ کے حوالے سے بھی بات کی اور بتایا کہ ’سنگ ماہ‘ مقبول ڈرامے ’سنگ مر مر‘ کا سیکوئل نہیں ہے بلکہ اس کی کہانی منفرد ہے۔

اسی دوران انہوں نے ’صنف آہن‘ کی شوٹنگ کے حوالے سے بھی بات کی اور انکشاف کیا کہ ڈرامے کی تمام کاسٹ نے اصلی ہتھیار چلائے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: یمنیٰ زیدی، سائرہ یوسف، کبریٰ خان کا ڈراما ’صنف آہن‘

اداکارہ کے مطابق ’صنف آہن‘ میں دکھائی جانے والی تمام چیزیں اصلی ہیں، اگر انہیں کوئی وزن اٹھاتے ہوئے دکھایا گیا ہے تو انہوں نے حقیقت میں وہ وزن اٹھایا تھا۔

کبریٰ خان کا کہنا تھا کہ ’صنف آہن‘ کی شوٹنگ میں استعمال کی جانے والی زیادہ تر چیزیں اصلی ہیں، اگر انہیں ہتھیار چلاتے ہوئے دکھایا گیا ہے تو انہوں نے حقیقی ہتھیار چلائے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ’صنف آہن‘ کی شوٹنگ کے دوران انہیں کچھ چوٹیں بھی لگیں اور ان کے کاندھے سمیت دیگر اعضا میں درد بھی رہا۔

تبصرے (0) بند ہیں