عثمان مختار بھی ’صنف آہن‘ میں کاسٹ

اداکار نے تصدیق کی کہ وہ بھی ڈرامے کا حصہ ہیں—فوٹو: انسٹاگرام
اداکار نے تصدیق کی کہ وہ بھی ڈرامے کا حصہ ہیں—فوٹو: انسٹاگرام

’ہم کہاں کے سچے تھے‘ جیسے ڈرامے میں شاندار اداکاری کرکے تعریفیں بٹورنے والے اداکار عثمان مختار کو آنے والے میگا کاسٹ ڈرامے ’صنف آہن‘ میں شامل کرلیا گیا۔

عثمان مختار نے انسٹاگرام اسٹوری میں ڈرامے کے منظر کی ایک تصویر شیئر کرتے ہوئے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ وہ خواتین کے مرکزی کرداروں والے ڈرامے کا حصہ بنے ہیں۔

بعد ازاں ڈان امیجز سے بات کرتے ہوئے عثمان مختار نے تصدیق کی کہ وہ بھی ڈرامے کا حصہ ہیں لیکن انہوں نے مزید معلومات فراہم کرنے سے معذرت کی۔

اداکار کے مطابق ’صنف آہن‘ کی کہانی کیڈٹ خواتین کے گرد گھومتی ہے اور وہ اس حوالے سے مزید تفصیلات فراہم نہیں کر سکتے۔

اسی ڈرامے کے حوالے سے چند دن قبل اداکارہ سائرہ یوسف نے ایک انٹرویو میں بتایا تھا کہ ’صنف آہن‘ کی کہانی 5 فوجی خواتین کے گرد گھومتی ہے جو مختلف طبقہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے خاندانوں سے تعلق رکھتی ہیں مگر آرمی کا حصہ بننے کے بعد ان کی منزل ایک ہوجاتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سجل علی، یمنیٰ زیدی، سائرہ یوسف، کبریٰ و رمشا خان کا ڈراما ’صنف آہن‘

ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ عثمان مختار کے علاوہ ’صنف آہن‘ کی دیگر کاسٹ میں کون سے مرد اداکار شامل ہیں۔

ڈرامے کی کہانی عمیرہ احمد نے لکھی ہے جب کہ اس کی ہدایات ندیم بیگ دیں گے اور اسے اے آر وائے پر نشر کیا جائے گا۔

ڈرامے کو ہمایوں سعید اور ان کی اہلیہ نے پروڈیوس کیا ہے جب کہ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ 'آئی ایس پی آر' نے بھی معاونت کی ہے۔

ڈرامے کی مرکزی کاسٹ میں سائرہ یوسف، سجل علی، کبریٰ خان، یمنٰی زیدی اور رمشا خان شامل ہیں۔

تمام اداکاراؤں نے بھی رواں برس جون میں ’صنف آہن‘ سے متعلق انسٹاگرام پوسٹس کی تھیں، یہ پہلا موقع ہوگا کہ پانچوں مرکزی اداکارائیں ایک ساتھ کام کریں گی۔

ڈرامے میں سائرہ یوسف، سجل علی، یمنٰی زیدی، کبریٰ خان اور رمشا خان مرکزی کردار ادا کریں گی—فوٹو: انسٹاگرام
ڈرامے میں سائرہ یوسف، سجل علی، یمنٰی زیدی، کبریٰ خان اور رمشا خان مرکزی کردار ادا کریں گی—فوٹو: انسٹاگرام

تبصرے (0) بند ہیں