• KHI: Maghrib 6:12pm Isha 7:27pm
  • LHR: Maghrib 5:39pm Isha 6:59pm
  • ISB: Maghrib 5:43pm Isha 7:05pm
  • KHI: Maghrib 6:12pm Isha 7:27pm
  • LHR: Maghrib 5:39pm Isha 6:59pm
  • ISB: Maghrib 5:43pm Isha 7:05pm

ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ میں 15 اکتوبر تک توسیع

شائع September 30, 2021 اپ ڈیٹ October 1, 2021
فائل/فوٹو: اے ایف پی
فائل/فوٹو: اے ایف پی

فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے آن لائن پورٹل میں تیکنیکی خرابیوں کی وجہ سے انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ میں 15 اکتوبر تک توسیع کردی۔

ایف بی آر کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ 'انکم ٹیکس آرڈیننس 2001 کے سیکشن 214 اے کے تحت انکم ٹیکس جمع کرانے کے لیے 15 دن کی مہلت دی گئی ہے'۔

مزید پڑھیں: انکم ٹیکس ریٹرنز جمع کرانے کی تاریخ میں 31 دسمبر تک توسیع کا مطالبہ

نوٹیفکیشن کے مطابق 'آن لائن ریٹرن فائلنگ سسٹم (آئی آر آئی ایس) میں انتہائی تیکنیکی خرابی کی وجہ سے 15 اکتوبر 2021 تک توسیع کردی گئی ہے'۔

ایف بی آر نے اس سے قبل کئی مرتبہ زور دے کر کہا تھا کہ انکم ٹیکس جمع کرانے کی تاریخ میں توسیع نہیں کی جائے گی تاہم ان لینڈ ریونیو چیف کمشنرز کو ٹیکس گوشوارے جمع کرنے کے لیے عوام کو مہلت دینے کی ہدایت کی گئی تھی تاکہ مشکلات کے شکار نادہندگان کو موقع دیا جاسکے۔

گزشتہ روز جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ سسٹم بغیر رکاوٹ کے کام کر رہا ہے اور 28 ستمبر کو تقریباً ایک لاکھ 50 ہزار نادہندگان نے گوشوارے جمع کرادیے جو اب تک ایک دن میں جمع ہونے والے گوشواروں کی سب سے بڑی تعداد ہے۔

بیان کے مطابق ایف بی آر کو 28 ستمبر کو ٹیکس کی مد میں تقریباً 14 لاکھ روپے وصول ہوئے۔

ریکارڈ گوشوارے جمع ہونے کے باوجود سوشل میڈیا پر صارفین نے جمعرات کو آن لائن پورٹل میں خرابیوں کی شکایت کی اور اس کے نتیجے میں ایف بی آر نے 15 روزہ توسیع کا اعلان کیا۔

90 دن کی توسیع کا مطالبہ

اس سے قبل کراچی ٹیکس بار ایسوسی ایشن (کے ٹی بی) نے وزیراعظم عمران خان سے ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کے لیے تین ماہ کی مہلت دیتے ہوئے 31 دسمبر تک توسیع کا مطالبہ کیا تھا۔

کے ٹی بی نے انکم ٹیکس آرڈیننس 2001 کے سیکشن 118 کا حوالہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ ٹیکس گوشوارے جمع کرنے کے لیے 90 روز کی مہلت دی جائے اور مزید بتایا تھا کہ ایف بی آر کا پورٹل 15 روز کے لیے دستیاب نہیں تھا۔

مزید پڑھیں: ایف بی آر اور تاجروں کے صدارتی آرڈیننس پر مذاکرات بےنتیجہ ثابت

ایسوسی ایشن نے اپنے مطالبے میں کہا تھا کہ 90 روز کی مدت اس وقت شروع کی جائے جب گوشوارے جمع کرنے کے لیے بلاتعطل آئی آر آئی ایس پوٹل نظام دستیاب ہو۔

کے ٹی بی کا کہنا تھا کہ ایف بی آر کا پورٹل ای ایف بی آر اور آئی آر آئی ایس دونوں 14 اگست 2021 سے بدستور ہیکڈ رہا تھا اور اگست 2021 کے خاتمے تک معمول کے مطابق کام نہیں کر رہا تھا، جس کے باوجود 90 روز کی مہلت دینے سے انکار کردیا گیا۔

ایف بی آر نے دو روز قبل ٹیکس دہندگان کو گوشوارے جمع کرنے کے لیے سہولت کی خاطر سرکیولر جاری کیا تھا کہ آخری دو دنوں میں وقت بڑھادیا جائے۔

ایف بی آر نے رواں برس جولائی سے ٹیکس گوشوارے جمع کرنے کے لیے 90 روز کی قانونی ضرورت پوری کرنے کی اجازت دی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 8 اکتوبر 2024
کارٹون : 7 اکتوبر 2024