آریان خان کی ضمانت کیلئے درخواست دائر، شاہ رخ کے ڈرائیور کو نارکوٹکس فورس کا نوٹس

09 اکتوبر 2021
ااریان خان عدالتی ریمانڈ پر جیل میں ہیں—فائل فوٹو: فیس بک
ااریان خان عدالتی ریمانڈ پر جیل میں ہیں—فائل فوٹو: فیس بک

منشیات استعمال کرنے اور رکھنے کے الزام میں گرفتار بولی وڈ اداکار شاہ رخ خان اور فیشن ڈیزائنر گوری خان کے بیٹے آریان خان کے کیس میں انسداد منشیات فورس (نارکوٹکس فورس) نے اداکار کے ذاتی ڈرائیور کو بھی بلالیا۔

دوسری جانب شاہ رخ خان کے وکلا نے ان کے بیٹے کی ضمانت کےلیے ممبئی کی سیشن کورٹ میں بھی درخواست دائر کردی۔

’ٹائمز آف انڈیا‘ کے مطابق 8 اکتوبر کو ممبئی کی مقامی عدالت کی جانب سے آریان خان کی ضمانت مسترد کیے جانے کے بعد شاہ رخ خان کی وکلا ٹیم نے سیشن کورٹ میں ضمانت درخواست دائر کی۔

وکلا کی جانب سے دائر کی گئی درخواست میں سیشن کورٹ میں 11 اکتوبر کو سماعت ہونے کا امکان ہے اور یہ بھی خبریں ہیں کہ نارکوٹکس فورس نے مذکورہ درخواست کے خلاف بھی عدالت میں درخواست دینے کا منصوبہ بنا رکھا ہے۔

نارکوٹکس فورس نے 8 اکتوبر کو بھی ممبئی کی میٹروپولیٹن عدالت میں آریان خان کی ضمانت کی مخالفت کی تھی۔

آریان خان کو 8 اکتوبر کو جیل منتقل کیا گیا تھا—فوٹو: پریس ٹرسٹ آف انڈیا
آریان خان کو 8 اکتوبر کو جیل منتقل کیا گیا تھا—فوٹو: پریس ٹرسٹ آف انڈیا

آریان خان کو میٹروپولیٹن عدالت نے 7 اکتوبر کو 14 روز کے عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیجا تھا اور انہیں 8 اکتوبر کو دیگر گرفتار افراد کے ہمراہ ممبئی کے آرتھر جیل منتقل کیا گیا تھا جب کہ ان کے ہمراہ گرفتار دو خواتین منمن دھمیچا اور نوپور سریکا کو خواتین کے جیل بھیجا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: شاہ رخ خان کا بیٹا آریان منشیات کیس میں گرفتار

آریان خان کی جیل منتقلی اور میٹروپولیٹن عدالت کی جانب سے ان کی ضمانت درخواست مسترد کیے جانے کے بعد اب ان کے وکلا نے سیشن کورٹ میں درخواست دائر کی ہے، جس پر 11 اکتوبر کو سماعت ہونے کا امکان ہے۔

دوسری جانب ’ٹائمز آف انڈیا‘ نے بتایا کہ نارکوٹکس فورس نے مذکورہ کیس میں شاہ رخ خان کے ذاتی ڈرائیور کو بھی سمن جاری کرتے ہوئے بیان ریکارڈ کے لیے طلب کرلیا۔

انسداد منشیات فورس کے مطابق آریان خان کے موبائل چیٹ ریکارڈ کے بعد شاہ رخ خان کے ڈرائیور کو سمن جاری کیا گیا۔

آریان خان کے کیس کی ماضی میں ہونے والی سماعتوں کے دوران ان کے والدین کمرہ عدالت میں موجود نہیں تھے—فائل فوٹو: انسٹاگرام
آریان خان کے کیس کی ماضی میں ہونے والی سماعتوں کے دوران ان کے والدین کمرہ عدالت میں موجود نہیں تھے—فائل فوٹو: انسٹاگرام

نارکوٹکس فورس کو شبہ ہے کہ شاہ رخ خان کے ڈرائیور نے ممکنہ طور پر منشیات کسی مقام سے وصول کرکے آریان خان کو کروز پارٹی پر پہنچائی تھی۔

آریان خان کو نارکوٹکس کنٹرول بیورو نے دوستوں ارباز مرچنٹ، منمن دھمیچا، نوپور سریکا، اسمیت سنگھ، موہک جسوال، وکرانت چوکر اور گومت چوپڑا سمیت منشیات استعمال کرنے کے الزام میں 3 اکتوبر کو گرفتار کیا تھا۔

مزید پڑھیں: آریان خان ساتھیوں سمیت ریمانڈ پر نارکوٹکس فورس کے حوالے

ان پر الزام ہے کہ مذکورہ سب لوگ کروز پارٹی میں منشیات استعمال کر رہے تھے، کروز شپ میں ان کے علاوہ بھی تقریبا ڈیڑھ ہزار لوگ موجود تھے۔

نارکوٹس فورس نے آریان خان کو ساتھیوں سمیت 4 اکتوبر کو عدالت میں پیش کرکے ابتدائی طور پر ان کا 7 اکتوبر تک جسمانی ریمانڈ حاصل کیا تھا، جس کے بعد 7 اکتوبر کو ان کا ریمانڈ ختم ہونے پرانہیں دوبارہ عدالت میں پیش کیا گیا تھا۔

نارکوٹکس فورس نے 7 اکتوبر کو بھی آریان خان کی جسمانی ریمانڈ میں توسیع کی درخواست کی تھی، جسے عدالت نے مسترد کرتے ہوئے انہیں عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیج دیا تھا، جس کے بعد 8 اکتوبر کو آریان خان کو جیل منتقل کیا گیا تھا۔

اب آریان خان اور ان کے ساتھیوں کو 21 اکتوبر کے بعد اینٹی نارکوٹکس عدالت میں پیش کیا جائے گا لیکن اس سے قبل آریان خان کے والدین کی جانب سے سیشن کورٹ میں دائر کی گئی ضمانت درخواست پر سماعت ہوگی۔

آریان خان کے ہمراہ ماڈل منمن دھمیچا بھی گرفتار ہوئی تھیں—فائل فوٹو: انسٹاگرام/ فیس بک
آریان خان کے ہمراہ ماڈل منمن دھمیچا بھی گرفتار ہوئی تھیں—فائل فوٹو: انسٹاگرام/ فیس بک

تبصرے (0) بند ہیں