این سی او سی کی ویکسینیٹڈ افراد کیلئے سینما اور مزار کھولنے کی اجازت

اپ ڈیٹ 15 اکتوبر 2021
این سی او سی نے سینما اور مزارات کو بھی مکمل ویکسین شدہ افراد کے لیے کھول دیا ہے— فائل فوٹو: اے ایف پی
این سی او سی نے سینما اور مزارات کو بھی مکمل ویکسین شدہ افراد کے لیے کھول دیا ہے— فائل فوٹو: اے ایف پی

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے ملک میں وائرس کے پھیلاؤ کی شرح میں کمی کو مدنظر رکھتے ہوئے ہفتہ وار ایک دن کی لازمی بندش کو ختم کر دیا اور ویکسین لگوانے والے افراد کے لیے سینما اور مزارات کھولنے کی اجازت دے دی۔

این سی او سی سے جاری بیان کے مطابق فورم کے اجلاس میں اضلاع کی مکمل ویکسینیشن کی سطح کے تناسب اور ملک میں بیماری کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور وبا کے پھیلاؤ میں نمایاں کمی کو دیکھتے ہوئے پابندیوں میں مزید نرمی کی گئی۔

مزید پڑھیں: خیبر پختونخوا: ایک ماہ میں 10 سال سے کم عمر کے 120 بچے کورونا کاشکار

اس حوالے سے بتایا گیا کہ کم بیماری کے پھیلاؤ اور جاری ویکسینیشن مہم کے تناظر میں فورم نے ملک بھر میں ہفتہ وار ایک دن کی لازمی بندش کو بھی ختم کر دیا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ این پی آئیز کا نفاذ 16 سے 31 اکتوبر تک جاری رہے گا اور 28 اکتوبر کو این سی او سی کے اجلاس میں موجودہ این پی آئیز پر نظر ثانی کی جائے گی۔

اس حوالے سے ان ڈور شادی کی تقریبات میں شرکا کی تعداد بڑھا کر 200 سے 300 کردی گئی ہے جبکہ آؤٹ ڈور شادی کی تقریبات میں شرکا کی تعداد 400 سے بڑھا کر 500 کردی گئی ہے۔

این سی او سی نے سینما اور مزارات کو بھی مکمل ویکسین شدہ افراد کے لیے کھول دیا ہے۔

فورم نے اس امر پہ زور دیا کہ عوام کو ویکسینیشن کے عمل کو قومی فریضے کے طور پر اپنانا ہو گا۔

یہ بھی پڑھیں: کووڈ-19 ایس او پیز: محفل میلاد میں شریک علما، نعت خوانوں کیلئے مکمل ویکسینیشن لازمی قرار

دریں اثنا وفاقی منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات اسد عمر نے شہریوں پر ویکسین لگوانے پر زور دیا ہے۔

گیلپ پاکستان کی جانب سے کئے گئے ایک سروے کے نتائج شیئر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سروے کے مطابق 86 فیصد لوگوں کا خیال ہے کہ ملک جلد ہی وائرس پر قابو پا سکتا ہے، ہم قوم کے تہہ دل سے مشکور ہیں کہ انہوں نے ہم پر اعتماد کیا لیکن یہ صرف اس صورت میں ممکن ہوگا جب لوگوں کو جلد سے جلد ویکسین لگائی جائے بصورت دیگر موسم سرما میں وائرس کے پھیلاؤ کا خطرہ موجود ہے۔

این سی او سی نے ملک میں مثبت کیسز میں کمی کے پیش نظر نئے نظرثانی شدہ رہنما اصول مرتب کیے ہیں کیونکہ جمعہ کو مثبت کیسز کی شرح دو فیصد رپورٹ کی گئی۔

این سی او سی کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پاکستان بھر سے مجموعی طور پر کورونا کے ایک ہزار 86 کیسز رپورٹ کیے گئے جبکہ 27 افراد ہلاک ہوئے۔

مزید پڑھیں: '31 اکتوبر سے جزوی ویکسین کے بغیر طلبا کو کلاس میں بیٹھنے کی اجازت نہیں دی جائے گی'

پچھلے ہفتے وائرس میں کمی کو دیکھتے ہوئے این سی او سی نے 11 اکتوبر سے اسکولوں کے لیے آن کیمپس کلاسیں دوبارہ شروع کرنے کی اجازت دی تھی۔

اس موقع پر اسد عمر نے اپنی ٹویٹ میں کہا تھا کہ بیماری کے پھیلاؤ کی کم سطح اور اسکول ویکسینیشن پروگرام کے آغاز پر آج این سی او سی اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ تمام تعلیمی اداروں کو 11 اکتوبر سے معمول کی کلاسیں شروع کرنے کی اجازت دی جائے۔

تبصرے (0) بند ہیں