مشہور فلم دی میٹرکس کی اس 'سبز بارش' کا اصل راز جانتے ہیں؟

15 اکتوبر 2021
میٹرکس کا مشہور زمانہ سبز کوڈ — فوٹو بشکریہ وارنر برادرز اسٹوڈیو
میٹرکس کا مشہور زمانہ سبز کوڈ — فوٹو بشکریہ وارنر برادرز اسٹوڈیو

اگر تو آپ سائنس فکشن کو دیکھنے کے شوقین ہیں تو فلم دی میٹرکس کو دیکھے بغیر ایسا دعویٰ کیا ہی نہیں جاسکتا۔

اس فلم کا چوتھا حصہ دسمبر 2021 میں ریلیز ہورہا ہے اور لوگوں کو اس کا انتظار بھی ہے۔

1999 کی اس فلم میں جو انوکھا سائنسی تصور پیش کیا گیا وہ اکثر افراد کے لیے ہضم کرنا مشکل ہے یعنی حقیقت کیا ہے، کیا ہمارے ارگرد کی دنیا حقیقی ہے یا واہمہ؟

مگر کیا آپ کو معلوم ہے کہ اس فلم میں کمپیوٹر اسکرین میں بارش کی طرح چلنے والے سبز کوڈ کا مطلب کیا تھا؟

اگر نہیں تو یہ راز کچھ عرصے پہلے اس فلم کے لیے یہ کوڈ تیار کرنے والے سائمن وائٹیلے نے بتاتے ہوئے دلچسپ انکشاف کیا تھا کہ یہ درحقیقت ان کی بیوی سے منسوب ہے جن کا تعلق جاپان سے تھا۔

انہوں نے یہ بتا کر حیران کردیا کہ درحقیقت میٹرکس کا یہ مشہور زمانہ کوڈ درحقیقت جاپان کے مشہور کھانے sushi پکانے کی متعدد تراکیب ہیں۔

درحقیقت انہوں نے اپنی بیوی کی جاپانی کک بک کے تمام الفاظ کو اسکین کیا اور اسے میٹرکس کے لیے کوڈ کی شکل دے دی۔

اسکرین شاٹ
اسکرین شاٹ

ان کے بقول ' اس کوڈ کے بغیر کوئی میٹرکس نہیں بنتی'۔

سائمن وائٹیلے آسٹریلیا میں انیمل لاجک کے پروڈکشن ڈیزائنر ہیں مگر وہ میٹرکس کوڈ کی وجہ سے زیادہ جانے جاتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ڈائریکٹرز للی اور لینا واچوفسکی‌ کو میرا پہلا ڈیزائن پسند نہیں آیا وہ کچھ ایسا چاہتی تھیں جو کچھ زیادہ جاپانی اور زیادہ manga ہو، انہوں نے مجھ سے اس لیے کوڈ پر کام کرنے کا کہا کیونکہ میری بیوی جاپان سے ہیں ۔

تو سائمن اپنے گھر گئے اور اپنی بیوی کے پاس موجود جاپانی کھانا پکانے والی کتابوں کی جانچ پڑتال شروع کردی، ایک کتاب ان کے دل کو بھا گئی اور اس میں موجود ریسیپیز نے میٹرکس کے مشہور و معروف کوڈ کو ترتیب دیا۔

انہوں نے ہفتوں تک اپنے ہاتھ سے ہر جاپانی حرف کو پینٹ کیا اور جسٹن مارشل کو پہنچایا جنہوں نے اس کوڈ کو اسکرین کے لیے ڈیجیٹائز کیا۔

یہ کوڈ پہلے اسکرین پر بائیں سے دائیں جانب چلنا تھا مگر سائمن کو وہ کچھ زیادہ پسند نہیں آیا اور کتاب کو دیکھنے کے بعد انہوں نے محسوس کیا کہ وہاں الفاظ اوپر سے نیچے کی جانب جارہے ہیں۔

جب سائمن نے اپنے ساتھی کو یہ کوڈ بارش کی طرح اوپر سے نیچے لے جانے کا کہا تو میٹرکس کوڈ تیار ہوگیا۔

تبصرے (0) بند ہیں