ٹی20 ورلڈ کپ میں نمیبیا 96 رنز پر ڈھیر، سری لنکا 7 وکٹوں سے کامیاب

18 اکتوبر 2021
سری لنکن باؤلر مہیش تھکشانا کی گیند پر نمیبیا کے بلے باز جان فرائی لنک کے بولڈ ہونے کا منظر— فوٹو: اے ایف پی
سری لنکن باؤلر مہیش تھکشانا کی گیند پر نمیبیا کے بلے باز جان فرائی لنک کے بولڈ ہونے کا منظر— فوٹو: اے ایف پی

ٹی20 ورلڈ کپ 2021 کے پہلے راؤنڈ کے میچ میں سری لنکا نے نمیبیا کو باآسانی 7 وکٹوں سے شکست دے دی۔

ابوظبی کے زید کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا۔

نمیبیا نے اننگز کا آغاز کیا تو 10 کے مجموعی اسکور پر اسٹیفن بارڈ پویلین لوٹ گئے جبکہ دوسرے اوپنر زین گرین بھی 29 کے مجموعے پر چلتے بنے۔

کریگ ولیمز اور کپتان جیرہارڈ ایراسمس نے اسکور کو 68 تک پہنچایا ہی تھا کہ لہیرو کمارا نے ایراسمس کی 20 رنز کی اننگز کا خاتمہ کردیا جبکہ کریگ ولیمز نے بھی 29 رنز بنا کر پویلین کی راہ لی۔

اس کے بعد نمیبیا کا کوئی بھی کھلاڑی سری لنکن باؤلرز کے سامنے ٹک نہ سکا اور پوری ٹیم 96 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔

سری لنکا کی جانب سے مہیش تھکشانا تین وکٹیں لے کر سب سے کامیاب باؤلر رہے جبکہ لہیرو کمارا اور ونندو ہسارنگا ڈی سلوا نے دو، دو وکٹیں لیں۔

ہدف کے تعاقب میں سری لنکا کی اننگز کا آغاز بھی اچھا نہ تھا اور 26 رنز پر تین کھلاڑی سرفہرست بلے باز پویلین لوٹ چکے تھے۔

اس مرحلے پر ایک ایسا لگتا تھا کہ گزشتہ روز کی طرح ایک مرتبہ پھر کوئی اپ سیٹ ہو جائے گا لیکن آوشکا فرنینڈو اور بھنوکا راجاپکسے نے نمیبیا کے ارمانوں پر پانی پھیر دیا۔

فرنینڈو اور راجاپکسے نے تیسری وکٹ کے لیے 74 رنز کی شراکت قائم کر کے اپنی ٹیم کو 14ویں اوور میں ہی فتح سے ہمکنار کرا دیا۔

سری لنکا نے میچ میں 7 وکٹ سے فتح حاصل کر کے دو قیمتی پوائنٹس بھی حاصل کر لیے۔

مہیش تھکشانا کو عمدہ باؤلنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں