ٹی 20 ورلڈ کپ: سری لنکا نے بنگلہ دیش کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی

اپ ڈیٹ 24 اکتوبر 2021
الاسکا نے ناقابل شکست 80 رنز بنائے—فوٹو: اے پی
الاسکا نے ناقابل شکست 80 رنز بنائے—فوٹو: اے پی
مشفیق الرحیم اور محمد نعیم نے تیسری وکٹ کے لیے 73 رنز کی شراکت قائم کی— فوٹو: اے ایف پی
مشفیق الرحیم اور محمد نعیم نے تیسری وکٹ کے لیے 73 رنز کی شراکت قائم کی— فوٹو: اے ایف پی

ٹی20 ورلڈ کپ 2021 میں سری لنکا کے چیرتھ اسالانکا کی ناقابل شکست 80 رنز کی شان دار کارکردگی کی بدولت ایونٹ میں اپنے پہلے میچ میں 171 رنز کا ہدف 7 گیندیں قبل حاصل کرکے بنگلہ دیش کو باآسانی 5 وکٹوں سے شکست دے دی۔

سپر 12 مرحلے کے تیسرے میچ میں سری لنکا نے بنگلہ دیش کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔

سری لنکن باؤلرز کے خلاف اچھا آغاز دیتے ہوئے بنگلہ دیش کے محمد نعیم اور لٹن داس نے پہلے پانچ اوورز میں بغیر کسی نقصان کے 37 رنز بنائے۔

بنگلہ دیش کی پہلی وکٹ چھٹے اوور کی آخری گیند پر لٹن داس کی صورت میں گری جب ٹیم کا اسکور 40 رنز تھا جبکہ لٹن داس 16 رنز بنا سکے۔

تجربہ کار آل راؤنڈر شکیب الحسن بھی جلدی آؤٹ ہوئے اور صرف 10 رنز کا اضافہ کرپائے، ان کی وکٹ کرونارتنے کے حصے میں آئی۔

بنگلہ دیش نے 100 رنز کا سنگ میل 14 ویں اوور میں مکمل کیا۔

محمد نعیم 62 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تو ٹیم کا اسکور 17 ویں اوور کی پہلی گیند پر 129 رنز تھا، جس کے بعد عفیف 7 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

مشفق الرحیم ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے نصف سنچری بنائی اور محموداللہ کے ساتھ مل مقررہ اوورز میں 171 رنز کا ہدف مقرر کردیا۔

محمود اللہ 10 اور مشفق الرحیم 57 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

سری لنکا نے ہدف کا تعاقب شروع کیا تو پہلے ہی اوور میں کوشل پریرا صرف ایک رن بنانے کے بعد نسُم احمد کی وکٹ بن گئے۔

اس کے بعد پتھُم نسانکا کا ساتھ دینے چارتھ اسالانکا آئے اور دونوں نے عمدہ بیٹنگ کرتتے ہوئے پاور پلے میں مزید کوئی وکٹ نہ گرنے دی۔

دونوں ہی ذمے دارانہ بیٹنگ کرنے کے ساتھ ساتھ جارحانہ انداز بھی اپنایا اور پاور پلے میں ٹیم کی نصف سنچری مکمل کرا دی۔

دونوں نے دوسری وکٹ کے لیے 69 رنز کی شراکت قائم کی لیکن اس سے قبل کہ یہ شراکت مزید خطرناک ثابت ہوتی، شکیب الحسن نے ایک ہی اوور میں 24 رنز بنانے والے نیسانکا اور نئے بلے باز آوشکا فرنینڈو کو چلتا کردیا۔

ابھی سری لنکن ٹیم اس نقصان سے سنبھلی بھی نہ تھی کہ اگلے ہی اوور میں ونندو ہسارنگا ڈی سلوا بھی صرف 6 رنز بنا کر چلتے۔

دوسرے اینڈ سے اسالانکا نے عمدہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور بھنوکا راجا پکسے کے ساتھ مل کر ٹیم کی سنچری مکمل کرائی۔

اسالانکا اپنی نصف سنچری مکمل کر چکے ہیں اور راجا پکسے کے ساتھ 50 رنز سے زائد جوڑے۔

دونوں بلے بازوں نے شان دار بیٹنگ کرتے ہوئے اسکور 165 تک پہنچایا تھا کہ نسم احمد نے راجاپکسے کی وکٹیں اڑادیں، وہ 53 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

اسالانکا نے ناقابل شکست اننگز کی بدولت سری لنکا کا اسکور 7 گیندیں قبل ہی 172 تک پہنچایا اور ٹیم باآسانی 5 وکٹوں سے کامیابی دلادی۔

اسالانکا نے ناقابل شکست 80 رنز بنائے اور کپتان داسن شناکا ایک رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

سری لنکا کے پہلے میچ میں کامیابی دلانے والے اسالانکا کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا تھا۔

ٹی 20 ورلڈ کپ کے سلسلے میں آج 2 مقابلے کھیلے جارہے ہیں جس میں پہلا میچ بنگلہ دیش اور سری لنکا کی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا جبکہ دوسرا پاک بھارت ٹاکرا ہوگا۔

بنگلہ دیش کی ٹیم میں تسکین احمد کی جگہ نسم احمد کو شامل کیا گیا جبکہ سری لنکا کے مہیش تھیکشانا کے زخمی ہونے کے باعث ان کی جگہ بنورا فرنینڈو کھیل رہے تھے۔

ٹی 20 ورلڈ کپ میں سپر 12 مرحلے کا آغاز گزشتہ روز ہوا تھا اور پہلا میچ آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کے درمیان کھیلا گیا تھا۔

واضح رہے کہ سپر 12 مرحلے میں 6، 6 ٹیموں کو 2 گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے جس میں سے ہر گروپ سے 2 ٹیمیں سیمی فائنل میں پہنچے گی۔

گروپ 1 میں آسٹریلیا، انگلینڈ، جنوبی افریقا، ویسٹ انڈیز، بنگلا دیش اور سری لنکا شامل ہیں۔

گروپ 2 میں پاکستان، بھارت ، نیوزی لینڈ، افغانستان، نمیبیا اور اسکاٹ لینڈ شامل ہیں۔

میچ کے لیے اسکواڈ:

بنگلہ دیش:محمد نعیم، لٹن داس(وکٹ کیپر) مہدی حسن، مشفیق الرحیم (وکٹ کیپر)، نور الحسن(وکٹ کیپر)، مستفیض الرحمٰن، نسُم احمد، محمد محموداللہ، عفیف حسین، محمد سیف الدین، شکیب الحسن۔

سری لنکا: آوشکا فرنینڈو، پاتھُم نسانکا، کوشل پریرا(وکٹ کیپر)، بھنوکا راجا پکسے، دشمانتھا چمیرا، بنورا فرنینڈو، چمیکا کرونارتنے، لہیرو کمارا، داسن شناکا(آل راؤنڈ)، ونندو ہسارنگا ڈی سلوا۔چریتھ اسالانکا

تبصرے (1) بند ہیں

انجنیئر حا مد شفیق Oct 24, 2021 11:14pm
آج کا دن بھارت اور بنگلہ دیش کے لئے ہارنے کا دن تھا