ماڈل علی قریشی ٹی وی پر اداکاری کیلئے تیار

اپ ڈیٹ 27 اکتوبر 2021
علی قریشی کے مطابق یہ ڈراما ممکنہ طور پر 6 نومبر سے نشر ہوگا—فائل فوٹو: فیس بک
علی قریشی کے مطابق یہ ڈراما ممکنہ طور پر 6 نومبر سے نشر ہوگا—فائل فوٹو: فیس بک

پاکستانی ماڈل علی قریشی فلم میں اداکاری کے بعد نجی ٹی وی چینل کے ڈرامے سے چھوٹی اسکرین پر ڈیبیو کرنے جارہے ہیں۔

وہ جلد ہی ایم ڈی پروڈکشنز اور نجی چینل ہم ٹی وی کے ڈرامے ’بدنصیب‘ میں اداکاری کرتے نظر آئیں گے۔

علی قریشی نے ڈان امیجز کو ڈرامے میں اپنے کردار سے متعلق بتایا کہ ’میں ایک کاروباری شخص اور مہذب شوہر کا کردار ادا کر رہا ہوں جسے بعد میں اپنی بیوی کے ساتھ مسائل کا سامنا ہوتا ہے‘۔

مزید پڑھیں: علی قریشی کو ’زندگی تماشا‘ میں کردار کیسے ملا؟

اس ڈرامے کی کہانی جہانزیب قمر نے لکھی ہے جبکہ حسیب علی ہدایات دے رہے ہیں۔

ڈرامے کی کاسٹ میں آغا طلال، دانیہ انور، کامران جیلانی، ثمینہ احمد، فرح نادر، انوشے رانیہ، خوشی ماہین اور فلک شہزاد سمیت دیگر اداکار بھی شامل ہیں۔

علی قریشی کے مطابق یہ ڈراما ممکنہ طور پر آئندہ ماہ 6 نومبر سے نشر ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ’بدنصیب‘ ایک نوجوان لڑکی کی کہانی ہے جو مسلسل مایوسی اور تکلیف میں مبتلا ہے۔

علی قریشی نے کہا کہ وہ کراچی منتقل ہوئے اور یہ آفر ملنے سے پہلے ہی انہوں نے متعدد پروڈکشن ہاؤسز میں آڈیشن دیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ ’مجھے اب تک کا تجربہ پسند آیا ہے، میں کبھی بھی کیمرے سے نہیں ڈرتا کیونکہ میں پہلے ہی فلم کر چکا ہوں‘۔

علی قریشی نے فلم ’زندگی تماشا‘ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ’لیکن بدقسمتی سے میری فلم نے کبھی دن کی روشنی نہیں دیکھی‘۔

یہ بھی پڑھیں: ریلیز سے قبل ’زندگی تماشا‘ عالمی ایوارڈ کے لیے نامزد

خیال رہے کہ سرمد کھوسٹ کی فلم ‘زندگی تماشا‘ کو پاکستان میں ریلیز ہونے کی اجازت نہیں دی گئی۔

انہوں نے کہا کہ ’یہ سیکھنے کا عمل ہے اور میں یقینی طور پر سیکھ رہا ہوں‘۔

علی قریشی نے کہا کہ مجھے اُمید ہے کہ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کروں گا لیکن سیکھنے اور اداکاری میں دلچسپی لینے کا مطلب یہ نہیں ہے کہ میں نے اپنے ماڈلنگ کیریئر کو روک دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس کا تو سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، مجھے ماڈلنگ بہت پسند ہے اور آپ مجھے انشااللہ تمام فیشن ویکس اور شوٹس میں دیکھیں گے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں