ڈراما سیریل ’موڑ مہاراں’ کے ٹیزر ریلیز

اپ ڈیٹ 31 اکتوبر 2021
مذکورہ ڈرامے کی کہانی علی معین نے لکھی ہے اور اس کی ہدایات اویس خان نے دی ہیں—فوٹوز: انسٹاگرام
مذکورہ ڈرامے کی کہانی علی معین نے لکھی ہے اور اس کی ہدایات اویس خان نے دی ہیں—فوٹوز: انسٹاگرام

اداکارہ سونیا حسین اور معروف اداکار زاہد کے جلد نشر ہونے والے ڈرامے ’موڑ مہاراں‘ کے ٹیزر ریلیز کردیے گئے۔

اس ڈرامے کی کاسٹ میں اداکارہ سونیا حسین، زاہد احمد، بابر علی، مصطفیٰ، سامعہ ممتاز، عدنان جعفر اور فردوس جمال شامل ہیں۔

مذکورہ ڈرامے کی کہانی علی معین نے لکھی ہے اور اس کی ہدایات اویس خان نے دی ہیں۔

حال ہی میں اس ڈرامے کے 3 ٹیزر ریلیز کیے گئے ہیں جن میں ’موڑ مہاراں‘ کی کہانی کی جھلک پیش کی گئی ہے۔

ڈرامے میں مرکزی کردار ادا کرنے والے اداکار زاہد احمد نے انسٹاگرام پر ایک پوسٹ میں ٹیزر شیئر کیے۔

انہوں نے ٹیزر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’بنجر زمین پر پانی کی لڑائی، صحرا کے بیٹوں اور بیٹیوں کی لڑائی پر مبنی ڈراما موڑ مہاراں جلد ٹی ون پر نشر ہوگا‘۔

ڈرامے کے ٹیزرز سے واضح ہوتا ہے کہ اس میں سونیا حسین ’روحی‘ نامی زندہ دل لڑکی کا کردار ادا کررہی ہیں جسے قدرت، زمین اور فطرت سے حد سے زیادہ محبت ہے۔

دوسری جانب اداکار زاہد احمد ’احمد خان گردیزی‘ نامی شخص کے سخت گیر انداز میں دکھائی دیں گے۔

ٹیزر سے ظاہر ہوتا ہے کہ زاہد احمد ممکنہ طور پر بااثر جاگیردار کے کردار میں اس ڈرامے میں نظر آئیں گے۔

ڈرامے کے ٹیزرز میں بہاولپور کا ریلوے اسٹیشن بھی دکھایا گیا ہے جبکہ اس کے ٹیزر میں شامل گانے میں ریگستان، ریت اور صحرا کے بولوں کو نمایاں کیا گیا ہے۔

علاوہ ازیں اس ڈرامے کو عنوان کے ساتھ ’زمین کے مدہم پڑتے رنگوں میں تازگی جگاتی محبت کی داستان‘ بھی قرار دیا گیا ہے۔

ڈرامے کا عنوان ’موڑ مہاراں‘ میں موڑ کے معنی رخ بدلنا اور مہار کے معنی اونٹ کی نکیل کے ہیں۔

یہ عنوان سسی پنوں لوک داستاں کے پس منظر میں لکھی گئی شاعری کے حصے (سانول موڑ مہاراں، یعنی سسی کہتی ہے کہ اے چلے جانے والے محبوب (پنوں) اپنے اونٹ کا رخ ہماری طرف موڑو) سے لیا گیا ہے۔

تاہم یہ ڈراما کب تک نشر ہوگا اس حوالے سے اب تک کوئی حتمی تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔

یہ ڈراما عام پاکستانی ڈراموں سے قدرے مختلف ہے اور ’موڑ مہاراں‘ کی کہانی ماحولیاتی آلودگی کے گرد گھومتی ہے۔

ڈرامے کے حوالے سے سونیا حسین نے ڈان امیجز کو بتایا تھا کہ وہ ڈرامے میں چولستان کے ایک چھوٹے سے قصبے میں رہنے والی لڑکی کا کردار ادا کریں گی، جہاں کی خواتین ماحولیاتی مسائل اور خاص طور پر پینے کے پانی کے بحران سے لڑ رہی ہیں اور کئی گھنٹوں کا سفر کرکے کنووں اور دیگر جگہوں سے پینے کے پانی لانے کا انتظام کرتی ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں