ہولی وڈ اداکار فاران طاہر و اداکارہ زارا ترین کی شادی کی تقاریب کا آغاز

اپ ڈیٹ 08 نومبر 2021
زارا ترین نے بھی مہندی کی تقریبات کی ویڈیوز و تصاویر شیئر کیں—اسکرین شاٹ
زارا ترین نے بھی مہندی کی تقریبات کی ویڈیوز و تصاویر شیئر کیں—اسکرین شاٹ

پاکستانی نژاد امریکی ہولی وڈ اداکار فاران طاہر اور پاکستانی اداکارہ زارا ترین کی شادی کی تقریبات کا آغاز ہوگیا اور سوشل میڈیا پر ان کی مہندی کی تقریب کی ویڈیوز اور تصاویر خوب وائرل ہو رہی ہیں۔

اداکارہ زارا ترین اور ان کی بہن اداکارہ حرا ترین نے مہنگی کی تقریب کی ویڈیوز اور تصاویر انسٹاگرام اسٹوریز میں شیئر کیں، جن میں دلہن اور دولہا کو دیکھا جا سکتا ہے۔

دونوں کی شادی کی تصاویر اور ویڈیوز وائرل ہونے کے بعد جوڑے کے خاندان نے ڈان امیجز سے بات کرتے ہوئے تصدیق کی کہ زارا ترین کی شادی کی تقریبات شروع ہوگئیں۔

دونوں کی شادی کی تقریبات روایتی پاکستانی انداز میں ہو رہیں اور ویڈیوز میں دیگر مہمانوں کوبھی دیکھا جا سکتا ہے۔

فاران طاہر پاکستانی نژاد ہولی وڈ اداکار ہیں، ان کی پیدائش لاس اینجلس میں ہی ہوئی تھی اور وہ اب تک کم از کم 25 فلموں میں مختصر اور معاون کرداروں سمیت مرکزی کردار ادا کر چکے ہیں۔

علاہ ازیں وہ اب تک 70 کے قریب تھیٹر کے کھیلوں میں اپنے ہنر کو پیش کرچکے ہیں۔ 1989 میں فاران طاہر نے امریکی ٹیلی وژن سے فنی کیرئیر کی ابتدا کی اور ڈراما سیریز ’مڈ نائٹ کالر‘ میں کام کیا۔ اس کے بعد سے دورِ حاضر تک 180 ڈراما سیریز میں کام کرچکے ہیں۔

فاران طاہرنے 70 کی دہائی میں پاکستان ٹیلی وژن پر اپنی والدہ یاسمین طاہر کے ہمراہ ایک مختصر کردار بھی ادا کیا تھا، اسے ان کی اداکاری کی ابتدا کہا جاسکتا ہے۔

ان کی دلہن زارا ترین اداکارہ حرا ترین کی بہن ہیں اور انہوں نے بھی متعدد پاکستانی ڈراموں میں کام کیا ہے، اداکاری سے قبل وہ ماڈلنگ میں جلوے بکھیر چکی ہیں۔

یاد رہے کہ 1995 میں پاکستان کے کامیڈی ڈرامے "تین بٹا تین" سے اداکاری کا آغاز کرنیوالے علی طاہر ہولی وڈ ہیرو فاران طاہر کے بھائی ہیں جو ان دنوں پاکستان کے مقبول ڈرامے "ہم کہاں کے سچے تھے" میں ماہرہ خان (مہرین) کے ماموں کا کردار ادا کر رہے ہین۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں