• KHI: Zuhr 12:16pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 11:46am Asr 3:31pm
  • ISB: Zuhr 11:52am Asr 3:32pm
  • KHI: Zuhr 12:16pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 11:46am Asr 3:31pm
  • ISB: Zuhr 11:52am Asr 3:32pm

ٹی20 ورلڈ کپ میں ناقابل شکست پاکستانی ٹیم کے کئی ریکارڈز

شائع November 7, 2021
میچ میں فتح کے بعد پاکستان کے کپتان بابراعظم اور وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان مصافحہ کررہے ہیں— فوٹو: اے ایف پی
میچ میں فتح کے بعد پاکستان کے کپتان بابراعظم اور وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان مصافحہ کررہے ہیں— فوٹو: اے ایف پی

پاکستان نے ٹی20 ورلڈ کپ 2021 میں عمدہ کارکردگی کی بدولت شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے لگاتار پانچ فتوحات حاصل کر کے ایک نئی تاریخ رقم کردی اور ساتھ بلے بازوں نے بھی کئی ریکارڈز اپنے نام کیے۔

شارجہ میں اسکاٹ لینڈ کے خلاف میچ میں پاکستان نے 72 رنز سے کامیابی حاصل کر کے ایونٹ کے راؤنڈ مرحلے میں پانچویں فتح حاصل کر لی اور ناقابل شکست رہنے کا اعزاز برقرار رکھا۔

مزید پڑھیں: ٹی20 ورلڈ کپ میں پاکستان کی لگاتار پانچویں فتح، اسکاٹ لینڈ ناکام

یہ پاکستان کرکٹ کی تاریخ میں پہلا موقع ہے کہ پاکستان کی ٹیم کسی بھی ورلڈ کپ میں کوئی راؤنڈ میچ ہارے بغیر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرنے میں کامیاب رہی ہے۔

اس سے قبل 1975 کے ون ڈے ورلڈ کپ اور ٹی20 ورلڈ کپ سمیت کسی بھی عالمی ایونٹ میں پاکستان کی ٹیم راؤنڈ مرحلے میں ناقابل شکست نہیں رہی۔

دوسری جانب تجربہ کار پاکستانی آل راؤنڈر شعیب ملک ٹی20 ورلڈ کپ میں پاکستان کی جانب سے تیز ترین نصف سنچری بنانے والے کھلاڑی بن گئے۔

شارجہ کھیلے گئے میچ میں شعیب ملک نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان کو 189 رنز کے مجموعے تک رسائی دلائی۔

یہ بھی پڑھیں: رضوان نے ٹی20 کرکٹ میں نیا عالمی ریکارڈ قائم کردیا

شعیب ملک نے صرف 18 گیندوں پر 6 چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے ناقابل شکست 54 رنز کی اننگز کھیلی۔

یہ پاکستان کی جانب سے ٹی20 ورلڈ کپ میں بنائی گئی تیز ترین نصف سنچری جہاں اس سے قبل یہ ریکارڈ عمر اکمل کے پاس تھا جنہوں نے 2010 میں آسٹریلیا کے خلاف 21 گیندوں پر ففٹی بنائی تھی۔

شعیب ملک نے رواں ورلڈ کپ میں 18 گیندوں میں تیزترین نصف سنچری کا ریکارڈ بھی برابر کردیا جو بھارت کے کے ایل راہل نے اسکاٹ لینڈ کے خلاف بنایا تھا۔

بابراعظم کی ریکارڈ نصف سنچریاں

قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم نے ورلڈ کپ کے پاکستان کے آخری گروپ میچ میں اسکاٹ لینڈ کے خلاف 66 رنز کی زبردست اننگز کھیلی جو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں ان کی چوتھی نصف سنچری ہے جو ایک ریکارڈ ہے۔

بابراعظم نے اس نصف سنچری کے ساتھ ہی آئی سی سی کے کسی ایونٹ میں 4 نصف سنچریاں بنانے کا آسٹریلیا کے سابق اوپنر اور موجودہ پاکستانی بیٹنگ کوچ میتھیوہیڈن اور بھارتی کپتان ویرات کوہلی کا ریکارڈ برابر کردیا۔

میتھیو ہیڈن نے 2007 کے ورلڈ کپ میں 4 نصف سنچریاں بنائی تھیں جبکہ کوہلی نے 2014 میں سری لنکا میں یہ کارنامہ انجام دیا تھا تاہم بابر اعظم کے پاس یہ ریکارڈ توڑنے کا موقع ہے کیونکہ سیمی فائنل میں آسٹریلیا کے ساتھ 11 نومبر کو میچ ہوگا۔

بابراعظم نے اس کے ساتھ ہی ایک سال میں ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں سب سے زیادہ نصف سنچریاں بنانے کا ویرات کوہلی کا ریکارڈ بھی توڑ ڈالا ہے۔

بابراعظم نےرواں برس اب تک ٹی ٹونٹی کرکٹ میں 19 نصف سنچریاں بنائی ہیں اور ان کی نصف سنچریوں کی مجموعی تعداد 17 ہوگئی ہے اور ان کے کیریئر میں ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں دو سنچریاں بھی شامل ہیں۔

ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں اس سے قبل ایک سال میں ویرات کوہلی نے 2016 میں 18 مرتبہ نصف سنچری یا اس سے لمبی اننگز کھیلی تھی، جس میں ان کی 4 سنچریاں بھی شامل تھیں۔

ویسٹ انڈیز کے کرس گیل نے 2012 میں 16 نصف سنچریاں بنائی تھیں جبکہ قومی ٹیم کے اوپنر محمد رضوان بھی رواں برس اب تک 15 نصف سنچریاں بنا کر چوتھے نمبر پر آگئے ہیں۔

بابر اعظم نے بحیثیت کپتان ٹی ٹوئنٹی میں سب سے زیادہ نصف سنچریاں بنانے کا ریکارڈ بھی اپنے نام کرلیا ہے جہاں انہوں نے ویرات کوہلی کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔

بابراعظم نے اب تک بحیثیت کپتان 15 نصف سنچریاں بنائی ہیں، ویرات کوہلی 13 نصف سنچریاں بنا چکے ہیں، آسٹریلیا کے ایرون فنچ اور نیوزی لینڈ کے کین ولیمسن نے 11،11 نصف سنچریاں بنا کر اس فہرست میں نمایاں ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 8 نومبر 2024
کارٹون : 7 نومبر 2024