اداکارہ زارا ترین اور فاران طاہر رشتہ ازدواج میں بندھ گئے

اپ ڈیٹ 08 نومبر 2021
دونوں کی شادی آخری رسومات 7 اور 8 نومبر کی درمیانی شب کو ادا کی گئیں—فوٹو: انسٹاگرام
دونوں کی شادی آخری رسومات 7 اور 8 نومبر کی درمیانی شب کو ادا کی گئیں—فوٹو: انسٹاگرام

پاکستانی نژاد امریکی ہولی وڈ اداکار فاران طاہر اور پاکستانی اداکارہ زارا ترین رشتہ ازدواج میں بندھ گئے۔

دونوں کی شادی کی تقریبات 5 نومبر کو شروع ہوئی تھیں، ان کی شادی کی اختتامی رسومات 7 اور 8 نومبر کی درمیانی شب کو مکمل ہوئیں۔

یہ بھی پڑھیں: ہولی وڈ اداکار فاران طاہر و اداکارہ زارا ترین کی شادی کی تقاریب کا آغاز

دونوں اداکاروں نے انسٹاگرام پر شادی کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے مداحوں کو آگاہ کیا۔

اداکارہ زارا ترین کی بہن حرا ترین نے بھی ان کی شادی کی تصویر شیئر کرتے ہوئے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

دونوں کی شادی کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں اور کئی شوبز شخصیات نے انہیں نئی زندگی شروع کرنے پر مبارک باد بھی پیش کی۔

شادی کی تقریبات کی وائرل ہونے والی ویڈیوز میں زارا ترین اور ان کے دولہے فاران طاہر کو بھی ڈانس کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

فاران طاہر نے بھی انسٹاگرام اسٹوری میں شادی کی تصویر شیئر کی—اسکرین شاٹ
فاران طاہر نے بھی انسٹاگرام اسٹوری میں شادی کی تصویر شیئر کی—اسکرین شاٹ

ویڈیوز میں دونوں کے اہل خانہ کو بھی مختلف گانوں پر رقص کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ شادی کے بعد زارا ترین امریکا منتقل ہوجائیں گی یا پھر یہیں پر ہی مقیم ہوں گی۔

ان کے شوہر فاران طاہر امریکی شہری ہیں، ان کی پیدائش بھی وہیں ہوئی تھی اور وہ اب تک کم از کم 25 ہولی وڈ فلموں میں مختصر اور معاون کرداروں سمیت مرکزی کردار ادا کر چکے ہیں۔

علاہ ازیں وہ اب تک 70 کے قریب تھیٹر کے کھیلوں میں اپنے ہنر کو پیش کرچکے ہیں۔ 1989 میں فاران طاہر نے امریکی ٹیلی وژن سے فنی کیرئیر کی ابتدا کی اور ڈراما سیریز ’مڈ نائٹ کالر‘ میں کام کیا۔ اس کے بعد سے دورِ حاضر تک 180 ڈراما سیریز میں کام کرچکے ہیں۔

فاران طاہرنے 70 کی دہائی میں پاکستان ٹیلی وژن پر اپنی والدہ یاسمین طاہر کے ہمراہ ایک مختصر کردار بھی ادا کیا تھا، اسے ان کی اداکاری کی ابتدا کہا جاسکتا ہے، ان کے بھائی علی طاہر بھی اداکار ہیں جو ان دنوں ’ہم کہاں کے سچے تھے‘ میں کام کرتے دکھائی دیتے ہیں۔

ان کی دلہن زارا ترین نے بھی متعدد پاکستانی ڈراموں میں کام کیا ہے، اداکاری سے قبل وہ ماڈلنگ میں جلوے بکھیر چکی ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں