نئے کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل محمد سعید نے اپنی ذمہ داریاں سنبھال لیں

09 نومبر 2021
کمان کی تبدیلی کی تقریب کراچی کے کور ہیڈ کوارٹرز میں منعقد ہوئی—فوٹو: آئی ایس پی آر
کمان کی تبدیلی کی تقریب کراچی کے کور ہیڈ کوارٹرز میں منعقد ہوئی—فوٹو: آئی ایس پی آر

کراچی: لفٹیننٹ جنرل محمد سعید نے بحیثیت کور کمانڈر کراچی اپنی ذمہ داریاں سنبھال لیں۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری بیان میں کہا گیا کہ کراچی کے کور ہیڈ کوارٹرز میں منعقدہ تقریب میں لیفٹیننٹ جنرل ندیم احمد انجم نے کراچی کور کی کمان لیفٹیننٹ جنرل سعید کے سپرد کی۔

لیفٹیننٹ جنرل سعید کے بطور کور کمانڈر کراچی تقرر کا اعلان 6 اکتوبر کو فوج کے اعلیٰ عہدوں میں رد و بدل کے دوران کیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل ندیم انجم کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری

اسی روز کراچی کے سابق کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل ندیم احمد انجم کو انٹر انٹیلیجنس سروس (آئی ایس آئی) کا نیا ڈائریکٹر جنرل نامزد کیا گیا تھا۔

وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے آئی ایس آئی کے سربراہ کے طور پر ان کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن 26 اکتوبر کو جاری کیا گیا۔

لیفٹیننٹ جنرل ندیم احمد انجم 20 نومبر کو لیفٹیننٹ جنرل فیض حامد کے بطور کور کمانڈر پشاور نئی ذمہ داریاں سنبھالنے کے بعد آئی ایس آئی کے سربراہ کا عہدہ سنبھالیں گے۔

مزید پڑھیں: نئے ڈی جی آئی ایس آئی کے تقرر کیلئے وزیر اعظم، آرمی چیف کے درمیان مشاورت مکمل ہوگئی، فواد چوہدری

نئے کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل محمد سعید یہ عہدہ سنبھالنے سے قبل نیشنل ڈیفینس یونیورسٹی کے صدر تھے۔

انہوں پاکستان رینجرز سندھ میں ڈائریکٹر جنرل اور آئی ایس آئی میں میجر جنرل کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دی ہیں۔

لیفٹیننٹ جنرل سعید ڈپٹی اسسٹنٹ ملٹری سیکریٹری اور چیف آف آرمی اسٹاف کے پرائیویٹ سیکریٹری بھی رہ چکے ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں