فوٹوشوٹ کرنے والی فوٹوگرافرز کے ساتھ ملالہ کا کیا رشتہ ہے؟

10 نومبر 2021
فوٹوشوٹ کرنے والی فوٹوگرافرز ملالہ کی تنظیم کے ہمراہ کام کرتی رہی ہیں—فوٹو: انسٹاگرام
فوٹوشوٹ کرنے والی فوٹوگرافرز ملالہ کی تنظیم کے ہمراہ کام کرتی رہی ہیں—فوٹو: انسٹاگرام

نوبیل انعام یافتہ 24 سالہ ملالہ یوسف زئی نے 9 نومبر کو پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے عہدیدار عصر ملک سے نکاح کیا تھا۔

ملالہ یوسف زئی کا نکاح برطانوی ریاست انگلینڈ کے شہر برمنگہم میں ہوا تھا، جس کے بعد انہوں نے مقامی پارک میں فوٹوشوٹ بھی کروایا تھا۔

ان کے فوٹوشوٹ کی تصاویر اور مختصر ویڈیوز انٹرنیٹ پر وائرل ہوگئیں اور دنیا بھر کے لوگوں نے سادگی اور روایتی مشرقی انداز کی ان کی تصاویر کی تعریفیں کیں۔

ملالہ یوسف زئی نے شادی کی تصاویر کو شیئر کرتے ہوئے فوٹو گرافر میلن فیزہائی کو بھی مینشن کیا۔

ملالہ یوسف زئی کا فوٹوشوٹ کرنے والی خاتون فوٹوگرافر کی ویب سائٹ کے مطابق ان کا تعلق یورپی ملک سویڈن سے ہیں، تاہم وہ کیریئر کے سلسلے میں امریکی شہر نیویارک میں رہتی ہیں۔

میلن فیزہائی کو صنفی تفریق، تشدد اور مہاجرین سے متعلق فوٹوگرافی کرنے کا وسیع تجربہ ہے جب کہ ان کی خصوصیات میں مہاجرین کی شادیوں کی فوٹوگرافی کرنا بھی شامل ہے۔

میلن فیزہائی نے شاندار فوٹوگرافی کے باعث متعدد ایوارڈز بھی حاصل کر رکھے ہیں جب کہ وہ نیویارک ٹائمز، نیشنل جیوگرافک، ایپل، نائیکی، ٹائمز میگزین، واٹر ایڈ اور اقوام متحدہ (یو این) کے ساتھ بھی کام کرتی رہی ہیں۔

میلن فیزہائی مجموعی طور پر دنیا کے 30 ممالک میں کام کر چکی ہیں اور انہوں نے زیادہ تر عالمی فلاحی اداروں کے منصوبوں پر کام کیا۔

لیکن اس سے زیادہ اہم بات یہ ہے کہ میلن فیزہائی نوبیل انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی کے ساتھ چند سال سے کام کرتی آ رہی ہیں۔

خاتون فوٹوگرافر ملالہ یوسف زئی کی سماجی تنظیم ’ملالہ فنڈ‘ کے لیے فوٹوگرافی کرتی رہی ہیں۔

میلن فیزہائی ملالہ یوسف زئی کا فوٹوشوٹ کرنے والی تنہا فوٹوگرافر نہیں تھیں بلکہ انہیں ملالہ فنڈ کے ساتھ ہی کام کرنے والے دیگر فوٹوگرافرز کی معاونت بھی حاصل رہی۔

میلن فیزہائی نے اپنے انسٹاگرام پر ساتھی فوٹوگرافر ’نوئوی‘ اور دیگر افراد کا بھی شکریہ ادا کیا۔

ملالہ یوسف زئی کا فوٹوشوٹ کرنے والی دوسری خاتون فوٹوگرافر ’نوئوی‘ بھی ملالہ فنڈ کے ساتھ کام کرتی آ رہی ہیں اور انہیں بھی مہاجرین اور صنفی تفریق پر فوٹوگرافی کا وسیع تجربہ ہے۔

دونوں خواتین فوٹوگرافرز کو ملالہ کا فوٹوشوٹ کرنے کے لیے دیگر چند افراد اور فوٹوگرافی شپنگ کمپنی کی معاونت بھی رہی۔

ملالہ کا میک اپ کرنے والی خاتون کون ہیں؟

جہاں ملالہ یوسف زئی کے فوٹوشوٹ کی تعریفیں کی جا رہی ہیں، وہیں ان کا میک اپ کرنے والی خاتون آرٹسٹ کو بھی سراہا جا رہا ہے۔

ملالہ یوسف زئی کا روایتی پاکستانی انداز میں میک اپ کرنے والی آرٹسٹ برطانوی میک اپ آرٹسٹ ’اینا‘ ہیں جو کہ پاکستانی نژاد ہیں۔

’اینا‘ برطانیہ بھر میں روایتی مشرقی اور خصوصی طور پر جنوبی ایشیائی برائیڈل میک اپ کی وجہ سے شہرت رکھتی ہیں اور انہوں نے اپنے انسٹاگرام پر ملالہ کی تصویر بھی شیئر کی۔

’اینا‘ نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ ملالہ یوسف زئی نے اپنی زندگی کے سب سے اہم ترین دن کے لیے ان کا انتخاب کیا۔

فوٹوشوٹ کرنے والی فوٹوگرافرز سے ملالہ کی دیرینہ شناسائی ہے—فوٹو:ٹوئٹر
فوٹوشوٹ کرنے والی فوٹوگرافرز سے ملالہ کی دیرینہ شناسائی ہے—فوٹو:ٹوئٹر

تبصرے (0) بند ہیں