پنجاب کے شہر کمالیہ میں 80 سالہ ضعیف خاتون کا ریپ

اپ ڈیٹ 13 نومبر 2021
پولیس نے ملزم کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے—فائل فوٹو: رائٹرز
پولیس نے ملزم کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے—فائل فوٹو: رائٹرز

صوبہ پنجاب کے ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ کے شہر کمالیہ میں ایک 80 سالہ ضعیف خاتون کو ریپ کرنے کے الزام میں ایک شخص کو گرفتار کرلیا گیا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق واقعے کا مقدمہ کمالیہ صدر پولیس تھانے میں گاؤں کھوکھراں والی کی رہائشی بیوہ خاتون کی مدعیت میں درج کرلیا گیا۔

ایف آئی آر میں مدعیہ نے بتایا کہ وہ رات کو اپنے گھر میں سو رہی تھیں کہ جب گاؤں چھا راجے والی کا رہائشی ملزم آدھی رات کو ان کے گھر میں گھس آیا۔

یہ بھی پڑھیں: پنجاب: خاتون، دو بیٹیوں اور بہو کا 'گینگ ریپ'

ایف آئی آر کے مطابق ملزم نے ان پر قابو پا کر ان کی گردن میں رسی ڈال کر انہیں باندھا اور اس کے بعد مبینہ طور پر ریپ کردیا۔

بعدازاں پولیس نے معمر خاتون کو طبی معائنے کے لیے کمالیہ کے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کردیا۔

پولیس نے اس گھناؤنے جرم میں ملوث ملزم کو گرفتار کرنے کا دعویٰ بھی کیا ہے۔

زیر حراست ملزم انتقال کر گیا

دوسری جانب ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں ایک قیدی انتقال کر گیا جس کا مقدمہ عدالت میں زیر التوا تھا۔

اس ضمن میں ایک عہدیدار نے بتایا کہ بھلوال کے رہائشی متوفی محمد ظہیر گجر اور ان کے بھائی کو چٹیانہ پولیس نے دو ماہ قبل اغوا کے کیس میں گرفتار کیا تھا اور وہ 14 روزہ عدالتی ریمانڈ پر ڈسٹرک جیل میں تھے۔

مزید پڑھیں: پنجاب: 9 سالہ بچی کے ریپ، قتل کے 2 مجرمان کو سزائے موت کا حکم

ان کا کہنا تھا کہ 9 نومبر کو ملز ظہیر گجر کی اچانک طبیعت خراب ہوئی جس پر اسے جیل ہسپتال کے ڈاکٹر نے ڈسٹرک ہیڈ کوارٹر ہسپتال بھیج دیا جہاں پہنچ کر وہ دم توڑ گیا۔

ساتھ ہی عہدیدار کا یہ بھی کہنا تھا کہ متوفی کی لاش پوسٹ مارٹم کے بعد اس کے اہلِ خانہ کے حوالے کردی جائے گی۔

تبصرے (0) بند ہیں