’صنف آہن‘: کبریٰ خان اور یمنیٰ زیدی کے کرداروں کے ٹیزر جاری

15 نومبر 2021
یمنیٰ زیدی پشتون لڑکی کے روپ میں دکھائی دیں گی—اسکرین شاٹ
یمنیٰ زیدی پشتون لڑکی کے روپ میں دکھائی دیں گی—اسکرین شاٹ

ہدایت کار ندیم بیگ کے آنے والے میگا کاسٹ تھرلر ڈرامے ’صنف آہن‘ میں اداکارہ سجل علی کے کردار کے بعد اب کبریٰ خان اور یمنیٰ زیدی کے کرداروں کے بھی ٹیزر جاری کردیے گئے۔

دونوں اداکاراؤں کے کرداروں سے قبل سجل علی کے کردار کا ٹیزر 13 نومبر کو جاری کیا گیا تھا، جس میں انہیں ایک عام لڑکی سے فوجی افسر بنتے دکھایا گیا تھا۔

اب اسی ڈرامے میں مرکزی کردار ادا کرنے والی اداکاراؤں کبریٰ خان اور یمنیٰ زیدی کے کرداروں کے ٹیزر بھی جاری کردیے گئے، جن میں انہیں فوج میں شمولیت اختیار کرکے خاندان اور ملک کا نام روشن کرتے دکھایا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ’صنف آہن‘: سجل علی کا عام لڑکی سے فوجی بننے کے سفر کا ٹیزر سامنے آگیا

کبریٰ خان کے کردار کے جاری کیے گئے ٹیزر میں ان کے گھریلو مسائل کو بھی دکھایا گیا ہے، جہاں ان کے والدین میں آئے روز جھگڑا ہوتا رہتا ہے۔

ٹیزر میں انہیں شہر کی پرآسائش زندگی گزارتے دکھایا گیا ہے، تاہم وہ گھر میں والدین کے جھگڑوں کی وجہ سے بیزار دکھائی دیتی ہیں۔

ٹیزر میں دکھایا گیا ہے کہ وہ گھریلو مسائل اور دیگر وجوہات کی بنا پر فوج میں شمولیت اختیار کرتی ہیں مگر خود انہیں ان کی والدہ صبا حمید ہی کہتی ہیں کہ وہ فوج کی نوکری نہیں کرپائیں گی۔

ٹیزر میں کبریٰ خان کو عام لڑکی سے فوجی افسر بنتے دکھانے سمیت انہیں سخت تربیت لیتے اور ہتھیار چلاتے بھی دکھایا گیا ہے۔

ٹیزر میں انہیں علی رحمٰن کے ساتھ رومانوی جذبات کے ساتھ بھی دکھایا گیا ہے، تاہم وہ محبت کے اوپر فوج کو اہمیت دیتی دکھائی دیتی ہیں۔

’صنف آہن‘ میں کبریٰ خان ’ماہجبین مستان‘ کا کردار ادا کرتی دکھائی دیں گی۔

مزید پڑھیں: سری لنکن اداکارہ 'صنف آہن' کا حصہ بننے کو تیار

اسی طرح یمنیٰ زیدی کے کردار کے ٹیزر میں بھی انہیں ایک پشتون قبیلے کی لڑکی سے فوجی افسر بنتے دکھایا گیا ہے۔

ڈرامے میں یمنیٰ زیدی ’شائستہ خانزادہ‘ کا کردار ادا کریں گی جو کہ پشتونوں کے قبائلی علاقے سے تعلق رکھتی ہیں اور ان کے قبیلے میں لڑکیوں کو ملازمت کی اجازت نہیں ہوتی۔

ٹیزر میں یمنیٰ زیدی کو گھر سے قبائلی روایات توڑ کر فرار ہوکر فوج میں شمولیت اختیار کرتے اور افسر بنتے دکھایا گیا ہے۔

ٹیزر میں وہ پشتو انداز میں اردو بولتی دکھائی دیتی ہیں اور انہیں سخت تربیت سمیت ہتھیار چلاتے ہوئے بھی دکھایا گیا ہے۔

’صنف آہن‘ میں سائرہ یوسف اور رمشا خان سمیت سری لنکن اداکارہ یحالی تاشیا بھی مرکزی کرداروں میں دکھائی دیں گی۔

ڈرامے کی کہانی عام گھرانوں سے تعلق رکھنے والی لڑکیوں کے گرد گھومتی ہے جو بعد ازاں فوجی افسر بنتی ہیں۔

مزید پڑھیں: ماڈل میرب علی بھی 'صنفِ آہن' کا حصہ بن گئیں

سائرہ یوسف، سجل علی، کبریٰ خان، یمنٰی زیدی اور رمشا خان کے علاوہ ’صنف آہن‘ کی مزید کاسٹ میں عثمان مختار، میرب علی، عاصم اظہر، علی رحمٰن، عثمان پیرزادہ، صبا حمید اور سری لنکن اداکارہ یحالی تاشیا سمیت دیگر اداکار بھی شامل ہیں۔

ڈرامے کی کہانی عمیرہ احمد نے لکھی ہے اور اسے ہمایوں سعید کی اہلیہ ثمینہ سعید ثنا شاہنواز نے پروڈیوس کیا ہے جب کہ ڈرامے کو بنانے میں پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے بھی تعاون کیا ہے۔

ڈرامے کو جلد اے آر وائے ڈیجیٹل پر نشر کیا جائے گا، تاہم اس کی ریلیز کی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا۔

ڈرامے کو جلد نشر کیا جائے گا—اسکرین شاٹ
ڈرامے کو جلد نشر کیا جائے گا—اسکرین شاٹ

تبصرے (0) بند ہیں