شاہین کا بھارت کیخلاف اسپیل ’پلے آف دی ٹورنامنٹ‘ قرار

اپ ڈیٹ 18 نومبر 2021
شاہین شاہ آفریدی نے بھارت کے خلاف شاندار اسپیل سے میچ کا پانسہ پاکستان کے حق میں پلٹ دیا تھا— فوٹو: اے ایف پی
شاہین شاہ آفریدی نے بھارت کے خلاف شاندار اسپیل سے میچ کا پانسہ پاکستان کے حق میں پلٹ دیا تھا— فوٹو: اے ایف پی

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے بھارت کے خلاف ٹی20 ورلڈ کپ کے میچ میں شاہین آفریدی کی جانب سے کرائے گئے تباہ کن اسپیل کو ’پلے آف دی ٹورنامنٹ‘ قرار دیا ہے۔

متحدہ عرب امارات میں بھارت کی میزبانی میں کھیلے گئے ٹی20 ورلڈ کپ میں پاکستان نے اپنا پہلا میچ روایتی حریف کے خلاف کھیلا تھا۔

مزید پڑھیں: ورلڈ کپ میں پہلی مرتبہ بھارت کو پاکستان سے شکست

پاکستان نے بھارت کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا اور شاہین شاہ آفریدی نے شاندار اسپیل سے میچ کا پانسہ پاکستان کے حق میں پلٹ دیا تھا۔

شاہین نے پہلے ہی اوور میں روہت شرما کو کھاتا کھولنے کا موقع دیے بغیر ہی ایل بی ڈبلیو کردیا تھا اور پھر اپنے اگلے اوور میں دوسرے اوپنر لوکیش راہل کی وکٹیں بکھیر کر بھارت کو چھ رنز پر دوسرا نقصان پہنچایا تھا۔

اس نقصان سے بھارتی ٹیم سنبھل نہ سکی تھی اور مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 151 رنز بنائے تھے۔

شاہین شاہ آفریدی نے عمدہ باؤلنگ کرتے ہوئے میچ میں تین وکٹیں لی تھیں جس میں بھارتی کپتان ویرات کوہلی کی وکٹ بھی شامل تھی اور انہیں میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا تھا۔

پاکستان نے اوپنرز کے عمدہ کھیل کی بدولت میچ میں بغیر کسی نقصان کے ہدف حاصل کر کے 10 وکٹوں سے فتح حاصل کی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: ٹی20 ورلڈکپ: پاکستان نے بھارت کے خلاف نئے ریکارڈز بنا دیے

پاکستان کی ٹیم نے پورے ٹورنامنٹ میں بہترین کھیل پیش کرتے ہوئے پانچوں میں فتوحات حاصل کی تھی اور ناقابل شکست رہتے ہوئے سیمی فائنل میں جگہ بنائی تھی۔

البتہ سیمی فائنل آسٹریلیا نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستان کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر ٹورنامنٹ سے باہر کردیا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں