’صنف آہن‘ میں سری لنکن اداکارہ یحالی تاشیا کے کردار کا ٹیزر جاری

18 نومبر 2021
سری لنکن اداکارہ فوجی کیڈٹ کے روپ میں دکھائی دیں گی—اسکرین شاٹ
سری لنکن اداکارہ فوجی کیڈٹ کے روپ میں دکھائی دیں گی—اسکرین شاٹ

ہدایت کار ندیم بیگ کے آنے والے میگا کاسٹ ڈرامے ’صنف آہن‘ میں پانچ پاکستانی اداکاراؤں کے کرداروں کے بعد اب سری لنکن اداکارہ یحالی تاشیا کے کردار کا ٹیزر بھی جاری کردیا گیا۔

’صنف آہن‘ میں یحالی تاشیا پاکستانی اداکاراؤں سجل علی، یمنیٰ زیدی، کبریٰ خان، رمشا خان اور سائرہ یوسف کے ہمراہ فوجی روپ میں دکھائی دیں گی۔

یحالی تاشیا ’صنف آہن‘ میں سری لنکن فوجی کیڈٹ ’نتھمی پریرا‘ کا کردار ادا کرتی دکھائی دیں گی جو تربیت حاصل کرنے پاکستان آتی ہیں۔

جاری کیے گئے ٹیزر میں انہیں سجل علی سمیت دیگر اداکاراؤں کے ہمراہ پاکستان میں سخت ملٹری ٹریننگ لیتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔

ٹیزر میں دکھایا گیا ہے کہ سری لنکن فوجی کیڈٹ دوران تربیت نہ صرف پیشہ ورانہ مہارت حاصل کرتی ہیں بلکہ وہ اردو زبان بھی بولنا سیکھ جاتی ہیں۔

ٹیزر میں وہ سجل علی کو بتاتی ہیں کہ ان کے ہمسفر سری لنکا میں ہونے والے ایک خودکش حملے میں ہلاک ہوئے تھے۔

ٹیزر میں سری لنکن اداکارہ کے یونیفارم پر نہ صرف اپنے ملک بلکہ پاکستان کا بیج بھی آویزاں دکھایا گیا ہے اور انہیں بتایا جاتا ہے کہ ان پر دو ملکوں کی ذمہ داری ہے، اس وجہ سے وہ ہر کام احتیاط کے ساتھ سر انجام دیں۔

یہ بھی پڑھیں: ’صنف آہن‘ کے ٹیزر نے شائقین کے دل جیت لیے

یحالی تاشیا سے قبل 17 نومبر کو سائرہ یوسف اور رمشا خان کے کرداروں کے ٹیزر جاری کیے گئے تھے۔

’صنف آہن‘ میں سائرہ یوسف مسیحی فوجی لڑکی ’آرزو ڈینیئل‘ جب کہ رمشا خان بلوچ فوجی افسر ’پرویش جمال‘ کا کردار ادا کرتی دکھائی دیں گی۔

ان سے قبل 15 نومبر کو یمنیٰ زیدی اور کبریٰ خان کے کرداروں کے ٹیزر جاری کیے گئے تھے۔

ڈرامے میں یمنیٰ زیدی پشتون فوجی افسر ’شائستہ خانزادہ‘ جب کہ کبریٰ خان شہری فوجی افسر ’ماہجبین مستان‘ کا کردار ادا کریں گی۔

ان سے قبل 13 نومبر کو سجل علی کے کردار کا ٹیزر جاری کیا گیا تھا جو کہ ڈرامے میں ’کیپٹن دانیال‘ کا کردار ادا کرتی دکھائی دیں گی۔

تاحال ڈرامے کے مرد کرداروں کے ٹیزر جاری نہیں کیے گئے، تاہم خیال کیا جا رہا ہے کہ مرد کرداروں کو ٹریلر میں دکھایا جائے گا۔

مزید پڑھیں: سجل علی، یمنیٰ زیدی، سائرہ یوسف، کبریٰ و رمشا خان کا ڈراما ’صنف آہن‘

’صنف آہن‘ کی کہانی خواتین پر مبنی ہے اور ڈرامے کی مرکزی کہانی پانچ لڑکیوں کے فوجی افسر بننے کے گرد گھومتی ہے۔

ڈرامے کی دیگر کاسٹ میں عثمان مختار، میرب علی، عاصم اظہر، علی رحمٰن، عثمان پیرزادہ اور صبا حمید بھی شامل ہیں۔

ڈرامے کی ہدایات ندیم بیگ نے دی ہیں جب کہ اسے ہمایوں سعید کی اہلیہ ثمینہ سعید اور ثنا شاہنواز نے پروڈیوس کیا ہے جب کہ ڈرامے کو بنانے میں پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے بھی تعاون کیا ہے۔

ڈرامے کو جلد اے آر وائے ڈیجیٹل پر نشر کیا جائے گا، تاہم اس کی ریلیز کی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا۔

ڈرامے کو جلد ٹی وی پر نشر کیا جائے گا—اسکرین شاٹ
ڈرامے کو جلد ٹی وی پر نشر کیا جائے گا—اسکرین شاٹ

تبصرے (0) بند ہیں