• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:04pm
  • LHR: Maghrib 4:59pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 4:59pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:04pm
  • LHR: Maghrib 4:59pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 4:59pm Isha 6:28pm

’ماہرہ خان پاکستان کا شاہ رخ خان‘

شائع November 18, 2021
حرا ترین نے ماہرہ خان کی تعریفیں کیں—فائل فوٹو: انسٹاگرام/ ٹوئٹر
حرا ترین نے ماہرہ خان کی تعریفیں کیں—فائل فوٹو: انسٹاگرام/ ٹوئٹر

’منجلی، خدا میرا بھی ہے، محبت صبح کا ستارہ ہے اور پیا نام کا دیا‘ جیسے ڈراموں میں اداکاری کرنے والی حرا ترین کا کہنا ہے کہ ماہرہ خان پاکستان کا شاہ رخ خان ہیں۔

حرا ترین حال ہی میں شوہر علی سفینا کے ہمراہ احسن خان کے شو ’ٹائم آؤٹ ود احسن‘ میں شریک ہوئیں، جہاں دونوں نے ازدواجی زندگی سمیت شوبز پر بھی کھل کر باتیں کیں۔

حرا ترین نے بتایا کہ جب وہ امید سے تھیں تو دیگر خواتین کی طرح وہ بھی ذہنی مسائل کا شکار بن گئی تھیں، تاہم اب وہ بہت پر سکون ہیں۔

ان کے مطابق شادی شدہ اور شادی سے پہلے کی زندگی کے مقابلے والدہ بن جانے کی زندگی بہترین اور پرسکون ہے۔

انہوں نے جہاں بیٹی کی پیدائش کے وقت ذہنی مسائل کا شکار ہونے کا انکشاف کیا، وہیں انہوں نے اعتراف کیا کہ دوران حمل ہی انہیں زیادہ تخلیقی خیالات آئے اور انہوں نے یوٹیوب پر چینل کھول کر نئے سفر کا آغاز بھی کیا۔

انہوں نے شوہر علی سفینا کی تعریف کرتے ہوئے انہیں اچھا شوہر قرار دیا۔

اداکارہ حال ہی میں شوہر کے ہمراہ پروگرام میں شریک ہوئی تھیں—فوٹو: انسٹاگرام
اداکارہ حال ہی میں شوہر کے ہمراہ پروگرام میں شریک ہوئی تھیں—فوٹو: انسٹاگرام

حرا ترین نے پروگرام میں شوبز کے حوالے سے بھی بات کی اور بتایا کہ انہیں تقریبا ایک جیسے ہی کردار دیے جاتے ہیں، جن میں انہیں بیرون ملک سے آنے والی لڑکی کے طور پر دکھانے سمیت انہیں گھر میں مسائل پیدا کرنے یا شوہر کو خاندان سے الگ کرنے والی خاتون کے طور پر دکھایا جاتا ہے۔

پروگرام میں بات کرتے ہوئے علی سفینا نے انکشاف کیا کہ ان کی اہلیہ میک اپ زیادہ کرتی ہیں اور ہر روز ایسے تیار ہوتی ہیں، جیسے انہیں کسی تقریب میں جانا ہو۔

یہ بھی پڑھیں: حرا ترین اور علی سفینا کے گھر بیٹی کی پیدائش

علی سفینا کے مطابق ان کی اہلیہ ہر روز اٹھ کر دیدہ زیب لباس پہننے کے بعد میک اپ کے ساتھ تیار ہوکر بیٹھتی ہیں، جیسے وہ کسی شوٹنگ یا پارٹی میں جانے والی ہیں، حالانکہ انہیں کہیں نہیں جانا ہوتا۔

ایک سوال کے جواب میں علی سفینا نے کہا کہ کئی سالوں کے بعد اب جاکر شوبز کی دنیا کو بطور انڈسٹری مانا جانے لگا ہے اور اب جاکر اداکاروں کو بعض سہولیات ملنے لگی ہیں۔

پروگرام کے ایک سیگمنٹ میں اہلیہ اور شوہر کے درمیان ماہرہ خان کی اداکاری پر بحث ہوگئی اور علی سفینا نے دعویٰ کیا کہ ان کی بیوی کو ماہرہ خان کی اداکاری اچھی نہیں لگتی۔

اداکارہ کے مطابق ماہرہ خان پاکستان کا شاہ رخ خان ہیں—اسکرین شاٹ
اداکارہ کے مطابق ماہرہ خان پاکستان کا شاہ رخ خان ہیں—اسکرین شاٹ

حرا ترین نے شوہر کے دعوے کو جھوٹا قرار دیتے ہوئے ماہرہ خان کی تعریف کی اور کہا کہ انہیں سب سے زیادہ ماہرہ کی ہی اداکاری اچھی لگتی ہے۔

حرا ترین نے ماہرہ خان کی تعریف جاری رکھتے ہوئے انہیں پاکستان کا شاہ رخ خان قرار دیا۔

اہلیہ کی جانب سے ماہرہ خان کی تعریف کرنے کے بعد علی سفینا نے کہا کہ ان کا ذاتی خیال ہے کہ ماہرہ خان کو اداکاری پر مزید توجہ دینے کی ضرورت ہے اور یہ کہ لوگ شاہ رخ خان کے حوالے سے بھی ایسا ہی کہتے ہیں۔

شوہر کی بات کو کاٹتے ہوئے حرا ترین نے کہا کہ ماہرہ خان نہ صرف بہترین اداکارہ ہیں بلکہ وہ اسٹائلش بھی ہیں اور انہیں شاہ رخ خان کی طرح سپورٹ کی ضرورت نہیں۔

اسی بحث کے دوران علی سفینا نے یاسر حسین کی اداکاری پر بھی کمنٹ کیے اور کہا کہ انہیں بھی اس پر توجہ دینی چاہیے۔

خیال رہے کہ حرا ترین اور علی سفینا نے 2013 میں شادی کی تھی اور دونوں کے ہاں چار سال بعد دسمبر 2017 میں پہلی بیٹی کی پیدائش ہوئی تھی۔

دونوں کا شمار معروف اداکاروں میں ہوتا ہے اور دونوں کی جوڑی کو سراہا جاتا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 8 دسمبر 2024
کارٹون : 7 دسمبر 2024