اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کیلئے حلقہ بندیوں کا نوٹی فکیشن جاری

اپ ڈیٹ 20 نومبر 2021
نوٹی فکیشن میں کہا گیا کہ 28 دسمبر سے 11 جنوری تک ووٹرز حد بندی اتھارٹی کے سامنے اعتراضات دائر کر سکتے ہیں — فائل فوٹو: ریڈیو پاکستان
نوٹی فکیشن میں کہا گیا کہ 28 دسمبر سے 11 جنوری تک ووٹرز حد بندی اتھارٹی کے سامنے اعتراضات دائر کر سکتے ہیں — فائل فوٹو: ریڈیو پاکستان

اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کے لیے حلقہ بندیوں کا شیڈول جاری کردیا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق ای سی پی کے جاری کردہ نوٹی فکیشن کے مطابق یونین کونسلز/وارڈز کی ابتدائی فہرست 25 نومبر سے 24 دسمبر تک 30 دنوں میں تیار کی جائے گی اور 27 دسمبر کو آویزاں کی جائے گی۔

مزید پڑھیں: ای سی پی کی پنجاب کو بلدیاتی انتخابات بروقت کرانے کیلئے اقدامات کی ہدایات

نوٹی فکیشن میں کہا گیا کہ 28 دسمبر سے 11 جنوری تک ووٹرز حد بندی اتھارٹی کے سامنے اعتراضات دائر کر سکتے ہیں، مختلف مراحل کی تکمیل کے بعد حلقوں کی حتمی فہرست 3 فروری 2022 کو شائع کی جائے گی۔

واضح رہے کہ اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد میں وفاقی حکومت کے غیر سنجیدہ رویے کی نشاندہی کے بعد ای سی پی نے کہا تھا کہ اگر نئی کونسلز کی حد بندی کے 10 دن کے اندر مطلوبہ ڈیٹا اور نوٹی فکیشن، کمیشن کو فراہم نہ کیے گئے تو کمیشن پہلے سے مطلع شدہ یو سیز پر حد بندی کا عمل شروع کرے گا۔

دارالحکومت میں بلدیاتی حکومت کی مدت رواں سال فروری میں ختم ہو گئی تھی اور ای سی پی کو 120 دن کے اندر نئے انتخابات کروانے تھے، لیکن وقت پر انتخابات نہ ہو سکے۔

حد بندی کا عمل شروع ہوا لیکن جولائی میں اس وقت روک دیا گیا جب وزارت داخلہ نے یو سیز کے حوالے سے اپنا نوٹی فکیشن واپس لے لیا۔

یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی حکومت بلدیاتی انتخابات کے انعقاد سے گریزاں

اگست میں وزارت نے کہا کہ مردم شماری کے نتائج کے بعد آبادی میں اضافے کے پیش نظر حکومت نے دارالحکومت کے علاقے میں یو سیز کی تعداد میں اضافہ کرنے کا ارادہ کیا اور نئے لوکل گورنمنٹ ایکٹ کو نافذ کرنے کے لیے تیزی سے کام جاری ہے۔

حکومت نے ابھی تک یہ ایکٹ پارلیمنٹ سے منظور نہیں کرایا ہے۔

گزشتہ انتخابات میں اسلام آباد میں 50 یو سیز تھیں اور اب حکومت ان کی تعداد بڑھا کر 100 کرنا چاہتی ہے۔

ایک سرکاری اہلکار نے بتایا کہ ایک بل کے مسودے کو حتمی شکل دے دی گئی ہے اور جلد ہی اسے منظوری کے لیے پارلیمنٹ کے سامنے پیش کیا جائے گا۔

اسلام آباد میں پہلے بلدیاتی انتخابات نومبر 2015 میں ہوئے تھے جنہیں اس وقت کی حکمراں جماعت مسلم لیگ (ن) نے بھاری اکثریت سے جیتا تھا۔

سندھ اور بلوچستان سے متعلق نوٹی فکیشن

ای سی پی نے سندھ کے ہر ضلع میں یو سیز، یونین کمیٹیوں/وارڈز کی حد بندی کرنے کے لیے ایک شیڈول کے بارے میں آگاہ کیا۔

ای سی پی کے مطابق 16 دسمبر سے 14 جنوری تک ابتدائی فہرست تیار کی جائے گی جو 15 جنوری کو نمائندگی اور اعتراضات کے لیے شائع کی جائے گی جبکہ دیگر مراحل مکمل کرنے کے بعد حتمی فہرست 23 فروری 2022 کو شائع کی جائے گی۔

مزیدپڑھیں: بلدیاتی انتخابات میں تاخیر: الیکشن کمیشن نے سندھ کے اعلیٰ حکام کو طلب کر لیا

ایک اور نوٹی فکیشن کے ذریعے ای سی پی نے بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے لیے سندھ کے حوالے سے حد بندی کمیٹیوں کے تقرر کے حوالے سے یکم جون 2021 کو جاری کردہ نوٹی فکیشن کو واپس لے لیا۔

دریں اثنا کمیشن نے بلوچستان میں یونین کونسلز/وارڈز کی حد بندی کرنے کا شیڈول بھی جاری کیا۔

نوٹی فکیشن کے مطابق 21 دسمبر سے 19 جنوری تک حلقوں/وارڈز کی ابتدائی فہرست تیار کی جائے گی اور دیگر طریقہ کار مکمل کرنے کے بعد حتمی فہرست 28 فروری کو شائع کی جائے گی۔

تبصرے (0) بند ہیں